ھفتہ, 23 نومبر 2024


معروف فٹبالر کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)مصر میں حکام کی جانب سے ماضی کے معروف فٹبال کھلاڑی محمد ابو تریکہ کو کالعدم تنظیم اخوان المسلمون کے ساتھ ان کے مبینہ روابط کے الزام میں دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ سابق فٹبال سٹار کے وکیل کے مطابق ابوتریکہ پر اخوان المسلمون کو مالی امداد فراہم کرنے کا الزام ہے۔ مصر میں اخوان المسلمون کو دہشت گرد جماعت قرار دیا گيا ہے۔ خیال رہے کہ سنہ 2012 میں یہ جماعت کامیابی کے ساتھ اپنے رکن محمد مرسی کو کرسی صدارت پر بٹھانے میں کامیاب ہوئی تھی۔ محمد ابوتریکہ کو سنہ 2008 کا بی بی سی ’افریقی فٹبالر آف دا ايئر‘ منتخب کیا گیا تھا۔ مصر کے اس اعلان سے ان کے بعض مداحوں نے ان سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ دہشت گردی کی اس فہرست میں جس کا بھی نام ہے اس کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی جاتی ہے، ان کے پاسپورٹ ضبط کرلیے جاتے ہیں اور ان کی املاک منجمد کر دی جاتی ہے۔ محمد ابوتریکہ کے وکیل محمد عثمان نے کہا کہ حکومت کا یہ قدم قانون کے منافی ہے کیونکہ ان کے مؤکل کو نہ تو قصور وار ٹھہرایا گیا اور نہ ہی باضابطہ ان کے خلاف کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment