ھفتہ, 23 نومبر 2024


قومی ٹیم کو سمجھانے کے لیے ماہرنفسیات کی ضرورت آن پڑی

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیرعباس نے آسٹریلیا کے خلاف جیت کے لیے بڑے حوصلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو سمجھانے کے لیے ماہرنفسیات کی ضرورت ہے۔
قومی خبررساں ادارے اے پی پی کو ایک انٹرویو میں ظہیرعباس نے کہا کہ 'ٹیم کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک جیت کی اشد ضرورت ہے اور پاکستانی ٹیم کو دورے کا اختتام جیت کے ساتھ کرنے کے لیے جارحانہ کھیل کا مظاہر کرنا چاہیے'۔
ظہیرعباس نے کہا کہ مضبوط آسٹریلیا کے خلاف جیت کے لیے اجتماعی کوششیں اور بڑے اعتماد کی ضرورت پڑتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ٹیم متحد ہو کر کھیلے تو آسٹریلیا کے خلاف جیت سکتے ہیں اور اسی طرح ناقص کارکردگی کسی صورت بھی کارآمد نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کے سابق صدر نے کہا کہ 'فتح اور شکست ساتھ ساتھ چلتی ہیں' اور اگر کوئی ٹیم اچھے کھیل کے باوجود ہارجاتی ہے تو اگلے میچ میں وہ اپنی بہترین کارکردگی سے کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی ٹیم کو ماہرنفسیات کی خدمات کی ضرورت ہے جو کھلاڑیوں کو فتح اور شکست سے سیکھنے اور اسی طرح اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح پر اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے مدد کرے'۔
انھوں نے پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی عدم موجودگی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ 'یہ بہت بڑا خلا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی جارہی ہے جس کے باعث ہماری کرکٹ میں مجموعی طورپر منفی اثرات پڑے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس چیز کی اشد ضرورت ہے کہ جتنا جلدی ممکن ہوسکے بین الاقوامی کرکٹ کو پاکستان میں واپس لانا چاہیے'۔
ظہیرعباس نے آئی سی سی کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'یہ ہماری کرکٹ کے وسیع مفاد میں شامل ہے کہ غیرملکی ٹیمیں یہاں آ کرکٹ کھیلنے کا آغاز کریں کیونکہ ہمارے ہاں مختلف قسم کی وکٹیں ہیں اور ہمارے کھلاڑی ان وکٹوں اور مضبوظ ٹیموں کے خلاف کھیل کر سیکھیں گے'۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا تھا جس کے بعد ایک روزہ سیریز میں اب تک کھیلے گئے چارمیں سے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد اگلے دومیچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان رواں سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جارہا ہے جہاں میزبان ٹیم سیریز کو پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے جبکہ پاکستان کو ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں بھی بدترین شکست سے بچنے اور درجہ بندی میں بہتری کے لیے آخری میچ میں فتح ضروری ہے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment