ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ میں مصباح الحق کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا۔14 ویں مقابلے میں لاہور قلندرز کیخلاف شاداب خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور قدرے بہتر بنادیا، عامر یامین نے 3 وکٹیں لیکر حریف قدموں کو قابو میں رکھا، ٹاس ہارنے کی وجہ سے پہلے بیٹنگ پر مجبور ہونے والی اسلام آباد کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں ہوا، تین وکٹیں صرف 41 رنز تک گرگئیں۔
بلے باز رفعت اللہ مہمند نے 2 چھکوں سے ماحول کو گرمایا مگر عامر یامین نے انھیں زیادہ خطرناک بننے کی مہلت ہی نہیں دی، رفعت نے باہر نکل کر گیند کو بولر کے سرپر باؤنڈری کے باہر اچھالنے کا ارادہ کیا مگر ٹاپ ایج کی وجہ سے محمد رضوان کا کیچ بن گئے، وکٹ کیپر نے انتہائی مہارت سے گیند کو اپنے ہاتھوں میں محفوظ کیا۔ بریڈ ہیڈن، عمر یامین کے دوسرے شکار ثابت ہوئے، انھوں نے مڈ وکٹ کی جانب گیند کو اچھالنے کیلیے تیزی سے بیٹ گھمایا مگر ان سائیڈ ایج نے اسٹمپس کی لائٹس جلادیں، وہ صرف ایک ہی رن بنا پائے۔ ڈیوائن اسمتھ کو 20 کے انفرادی اسکور پر یاسر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
کپتان مصباح اور بین ڈکیٹ نے مجموعے کو 73 تک پہنچایا ہی تھا کہ یہ جوڑی بھی ٹوٹ گئی اور وجہ عامر یامین ہی بنے، ان سائیڈ ایج پر انھیں کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا گیا، یہ الگ بات کہ مصباح اس فیصلے سے خوش دکھائی نہیں دیے تاہم انھیں 16 رنز پر میدان چھوڑنا ہی پڑا۔آخر میں شاداب خان نے رن آؤٹ ہونے سے پہلے 24 بالز پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، اس طرح اسلام آباد کی ٹیم 8 وکٹ پر 145 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہی، عامر نے 3 اور یاسر نے2وکٹیں لیں۔