ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت 25 فروری کو شروع ہونے کا امکان ہے ۔ ساتھ ہی نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں پبلک پارکنگ نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کی ترجیحات میں فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت سر فہرست ہے جس کا آغاز 25 فروری سے ہوگا ۔ شائقین کے لیے ٹکٹ کی آن لائن بکنگ کی سہولت کے ساتھ ٹکٹ بوتھ پر بھی دستیاب ہوں گے۔
ایک بینک کو بھی فروخت کےلیے ٹکٹ مہیا کیے جائیں گے۔ ٹکٹ کی قیمت پانچ سو سے ساڑھے بارہ ہزار روپے مقرر کی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم کی گنجائش 25 ہزار ہے ۔
سب سے مہنگے ٹکٹ عمران خان اور فضل محمود انکلوژر کے ہوں گے ۔ خصوصی بچوں کے لیے نشستیں مخصوص کی جائیں گی ۔
انتظامیہ کے مطابق نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل طور پر سیل کیا جا ئے گا ۔ شائقین گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے لبرٹی مارکیٹ اور پارکنگ پلازہ استعمال کریں گے ۔