ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ ان کا نہیں بلکہ بابر اعظم کا موازنہ کیا جائے جو تیسرے نمبر پر بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ان کا موازنہ ویرات کوہلی کے ساتھ کیا جانا غلط ہے کیونکہ وہ مختلف نمبروں پر بلے بازی کرتے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 42 گیندوں پر 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ”جب لوگ ویرات کوہلی کے ساتھ میرا موازنہ کرتے ہیں، تو یہ صرف نمبر کی بات ہے، کوہلی شروع سے ہی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کر رہا ہے اور میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کر رہا ہوں۔ مجھے تیسرے نمبر پر کھیلنے دو اور اسے چھٹے نمبر پر، پھر ہم دونوں کا موازنہ کریں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی کے ساتھ موازنے کیلئے صحیح کھلاڑی بابر اعظم ہیں جنہوں نے گزشتہ چند مہینوں میں بین الاقوامی کرکٹ کی دنیا میں خوب دھوم مچائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ویرات کا موازنہ بابر اعظم سے کریں، جو تیسرے نمبر پر بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے، وہ بہترین فارم میں ہے اس لئے آپ اس کا ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کر سکتے ہیں، میرا نہیں۔“
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے 179 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 7,755 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ عمر اکمل نے 116 میچ کھیل کر 3,044 رنز بنائے ہیں۔ اسی طرح ویرات کوہلی نے 48 میچ کھیل کر 1,709 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ عمر اکمل نے 82 میچوں میں 1,690 رنز بنائے ہیں