ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپرلیگ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ کرس گیل نے لاہور قلندرز کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔
کرس گیل کا بلا بالآخر چل ہی گیا۔ پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں ایسے چوکے چھکے لگائے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں کےطوطے ہی اڑگئے۔ کرس گیل کے چھکوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست ہوئی اور لاہور قلندرز کا پتہ پلے آف مرحلے سے کٹ گیا۔
بارش کےسبب میچ پندرہ اوورز تک محدود کردیاگیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نےسات وکٹوں پر ایک سوتینیس رنزبنائے جس میں ڈیوائن اسمتھ کی اننچاس رنزکی اننگز بھی شامل ہے جو ٹیم کے کام نہ آ سکی۔
کراچی کنگز کےاوپنر کرس گیل میدان میں اترے تو کسی کو نہ بخشا۔ پانچ چھکوں اور چارچوکوں سے جڑی چوالیس رنزکی اننگز نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔کراچی کنگز نے نےایک سو چوبیس رنز کا ہدف آخری اوورمیں حاصل کر کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان سپرلیگ کے اس اہم ترین میچ نے کراچی کنگز اور لاہورقلندرزکی ایونٹ میں مزید پیش قدمی کا فیصلہ کرنا تھا۔ پاکستان سپر لیگ کے دبئی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کو انتہائی دلچسپی صورتحال کا سامنا تھا کیونکہ ہار یا جیت دونوں صورتوں میں ٹیم پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتی تھی۔
پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف راونڈ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔بہتر اوسط کے سبب کراچی کنگز کی ٹیم چوتھے نمبر پر تھی لیکن پھربھی پلے آف راونڈ تک رسائی نہیں ہوئی تھی۔
لاہور قلندرز کی تمام تر امیدیں اس میچ سے وابستہ تھیں کیونکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بہتر مارجن سے فتح حاصل کرتا تو کراچی کنگز کی ٹیم ایونٹ سے باہرہو جاتی۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے تین تین میچ جیت رکھے تھے۔