ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث محمد نواز کو ایک ماہ پابندی اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے جس کا اطلاق 16 مئی سے ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد نواز کو سزا سناتے ہوئے ان پر ایک ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ دو لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ محمد نواز اگلے چھ ماہ تک پی سی بی کے زیر اہتمام اینٹی کرپشن لیکچرز میں بھی حصہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد نواز نے اپنی غلطی تسلیم کی جس کے باعث ان کیساتھ نرمی برتی گئی ہے تاہم شائقین کرکٹ پی سی بی کے اس فیصلے پر حیران ہیں کیونکہ قومی کرکٹر محمد عرفان پر بھی بورڈ کو آگاہ نہ کرنے کا مقدمہ چلایا گیا تھا اور انہوں نے بھی اپنی غلطی تسلیم کی تھی۔
محمد عرفان نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں دو مرتبہ اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی، جنہیں انہوں نے ٹھکرا دیا اور کوئی بدعنوانی نہیں کی۔ لیکن، اس کی اطلاع وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہیں دے سکے، جس کے لئے وہ قوم سے معافی کے طلب گار ہیں۔
پی سی بی نے ان پر ایک سال پابندی عائد کرنے کیساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور اگر وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں گے اور جرمانہ ادا کرنے سمیت پی سی بی کے اینٹی کرپشن لیکچر کا حصہ بنیں گے تو ان پر 6 ماہ کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔