ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے۔
انیل کمبلے کا ایک سالہ کنٹریکٹ چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا تھا لیکن یہ بات یقینی تھی کہ میگا ایونٹ کے فوراً بعد دورہ ویسٹ انڈیز میں بھی وہی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے لیکن اب کریبیئن جزائر کے دورہ سے 4 روز قبل ہی انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ کپتان ویرات کوہلی سے اختلافات قرار دی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز لندن میں بی سی سی آئی کی میٹنگ ہوئی جس میں ویرات کوہلی، انیل کمبلے، سیکرٹری امیتابھ چودھری، سی ای او راہول جوہری اور جی ایم کرکٹ آپریشنز ایم وی سریدھر نے شرکت کی۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق میٹنگ خوشگوار موڈ میں نہیں ہوئی اور کوہلی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کیلیے تیار نہیں ہوئے، میٹنگ کے بعد ہی کمبلے نے خود عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پلیئرز کی جانب سے کوچ کے لیے منفی تاثرات ملنے کے بعد بورڈ یہ اقدام اٹھانے پرمجبور ہوا۔ کپتان ویرات کوہلی سمیت دیگر پلیئرز نے ان کے رویے کو حاکمانہ قرار دیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے نئے کوچ کیلیے کمبلے سمیت 6 امیدوار سامنے آ چکے ہیں۔