اتوار, 24 نومبر 2024


پی ایس ایل فائنل کراچی میں ہوگا

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے سیزن کا فائنل کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹیڈیم میں جاری پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا جبکہ اس دوران انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے ٹکٹس 15 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے نیشنل اسٹیڈیم میں 18، 18 گھنٹے کام کیا اور اسٹیڈیم میں زیادہ تر کام مکمل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سب نے مل کر بہت کم وقت میں زیادہ کام کیا ہے اور تمام اداروں کی اس کاوش پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں‘۔
نجم سیٹھی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل مقابلہ کراچی میں ہی منعقد ہوگا، فائنل کراچی میں نہ ہوسکا تو کہیں بھی نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ 15 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے، تاہم میڈیا اس حوالے سے صبر کرے فائنل کراچی میں ہی ہوگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کا کراچی میں انعقاد کرنا قومی مفاد کا مسئلہ تھا تب ہی اتنی تیزی سے یہاں کام ہوا، اگر یہ ایسا نہ ہوتا تو پھر انتظامی خط و کتابت میں ہی 2، 3 سال گزر جاتے۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کے لیے دیگر غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاٹی پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں اور وہ پاکستان آنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے حالیہ پی ایس ایل فائنل کے لیے ہونے والی سیکیورٹی ریہرسل کی بہت ہی مثبت رپورٹ لکھی گئی ہے جس کی روشنی میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ماہرین کی یہ رپورٹ دنیا کے تمام بورڈز کو ارسال کی گئی ہے، جس کے تحت کراچی اور لاہور میں میچز کے لیے گرین سگنلز مل گیا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دو پلے آف مقابلے 20 اور 21 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment