ایشیا کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ٹیم میں کم بیک کے لیے پُرامید ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاسٹ محمد عامر نے کہا کہ کیرئر میں کئی بار ایسے مواقع آتے ہیں جب کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہتی۔ کارکردگی میں اتار چڑھاؤ کریئر کا حصہ ہے اور ہر کھلاڑی پر ایسا وقت آتا ہے اس لیے مداح افسردہ نہ ہوں۔ انشااللہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا لوں گا۔
قومی ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ قائد اعظم ٹرافی میں سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کریں گے جہاں ان کا پہلا سامنا سلمان بٹ کی کپتانی میں کھیلنے والی واپڈا کی مضبوط ٹیم سے ہوگا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر قائد اعظم ٹرافی سے قبل مزید چند روز یواے ی میں ہی اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے اور 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے جس کے بعد 8 اکتوبر کو سوئی سدرن ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کی ٹیم انتظامیہ نے محمد عامر کی دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محمد عامر 11 اکتوبر سے شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی کے راؤنڈ میں کھیلیں گے۔ یہ میچ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں واپڈا کے خلاف کھیلا جائے گا۔
کوچ کبیر خان نے میڈیا زرائع کو بتایا کہ عامر اسلام آباد میں ٹیم کو جوائِن کریں گے، اور واپڈا کے خلاف چار روزہ میچ کھیل سکیں گے۔ ان کی واپسی سے ہماری ٹیم کا بولنگ کمبی نیشن مضبوط ہوگا جب کہ ڈومیسٹک میچز کھیلنے سے عامر کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔