اسلام آباد : فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی ) ایف آئی ایچ( نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو انٹر نیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کے ملک میں انعقاد کیلیے گرین سگنل دے دیا ۔ ایف آئی ایچ کے ایونٹ ڈائر یکٹر مارٹن نے پی ایچ ایف کے جنرل سیکریٹری سابق اولمپئن شہبازاحمدکوتحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ لاہور میں 20سے 30 نومبرتک شیڈول انٹرنیشنل ایونٹ کے لیے ایف آئی ایچ اورایشین ہاکی کے ساتھ الحاق شدہ ممبر ممالک اس ایونٹ میں شرکت کرسکتے ہیں اس حوالے سے ایف آئی ایچ مکمل تعاون کویقینی بنائے گی۔ پی ایچ ایف کے جنرل سیکریٹری سابق اولمپئن شہباز احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اورموجودہ حکومت کی موثرکاوشوں سے ملک میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے حوالے سے ماحول ساز گار ہوگیا ہے۔ لاہور میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل ہاکی کے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہاکی ملک کا قومی کھیل ہے ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان اور ٹاسک فورس کے سربراہ احسان مانی ہاکی کے مسائل کو حل کرنے میں معاونت کریں گے۔