مسقط: اومان میں کھیلے جانے والے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ملائشیا کو 0-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
اومان کے سلطان قبوس اسپورٹس کمپلیکس میں جمعرات کے روز ایشین ہاکی ٹورنامنٹ 2018 کے میچ میں پاکستان اور ملائشیا کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ پہلے ہاف سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملے کر کے گیند کو گول میں پھینکنے کی کوشش کی مگر دوسرے ہاف تک کسی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی۔ آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑی محمد عرفان نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، قومی ٹیم نے ملائشیا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
محمد عرفان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے اب تک پانچ میچز کھیلے جن میں سے قومی ٹیم کو تین میں فتح جبکہ بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جاپان کے خلاف میچ برابر ہوا تھا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، ملائشیا، جاپان ، جنوبی کوریا اور مہمان ملک اومان کی ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں، ایونٹ کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوا جبکہ فائنل 28 اکتوبر کو ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان دو بار ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔