کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کام 28 فروری تک مکمل ہونے کا عندیہ دے دیا گیا۔
سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ کے تحت سندھ سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ ا جلاس میں بتایا گیا کہ تزئین وآرائش کے دوسرے مرحلے سے گزرنے والے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کام 28 فروری تک مکمل ہوگا، اس کے اگلے روز اسٹیڈیم یکم مارچ کوقانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا جائیگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 3 کے میچز کی طرزپربھرپورسیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ فول پروف سیکیورٹی کا اہتمام کیا جائے گا، غیرملکیوں سمیت تمام کھلاڑیوں، آفیشلزاورتماشائیوں کوبھرپورسیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔
اجلاس میں رینجرز، پولیس، ٹریفک پولیس،اے ایس ایف حساس اداروں کے نمائندوں، کمشنر کراچی ، سیکیورٹی کنسلٹنٹ پی سی بی کرنل (ر) آصف اور نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان نے شرکت کی۔