ھفتہ, 23 نومبر 2024


پی سی بی نےمحمدحفیظ اور شعیب ملک کو فارغ کردیا

 لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم شعیب ملک اور حفیظ فارغ کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20-2019 کے کرکٹ سیزن کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذ العمل ہوگا۔

گزشتہ سال سینٹرل کنٹریکٹ 33 کھلاڑیوں کو دئیے گئے تھے جب کہ رواں برس پی سی بی نے19 کھلاڑیوں کو نیا سنٹرل کنٹریکٹ جاری کیا ہے۔ گزشتہ 12 ماہ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور آئندہ سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سنٹرل کنٹریکٹ جاری کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو 3 کٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے، اے کٹیگری میں سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں، بی کٹیگری میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں جب کہ سی کٹیگری میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی نے آئندہ سیزن کے لیے بلند اہداف رکھے ہیں، ہم نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، ہم پراعتماد ہیں کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment