ھفتہ, 23 نومبر 2024


سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کرکٹرز مالامال

کراچی: ٹیسٹ میں دلچسپی بڑھانے کیلیے ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زائد رقم بطور میچ فیس دی جائے گی، اے کیٹیگری کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300، ون ڈے میں4 لاکھ 68ہزار815جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں3لاکھ 38ہزار250 روپے بطور فیس ملیں گے، دیگر بونسز اور لوگو فیس الگ ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میںکھلاڑیوں کی دلچسپی تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے، بیشتر کم وقت میں زیادہ رقم کمانے کیلیے محدود اوورز کے مقابلوں کو ترجیح دے رہے ہیں، حال ہی میں محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت کیلیے ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی، اس صورتحال سے نمٹنے کیلیے پی سی بی نے ٹیسٹ میچ فیس ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ کر دی ہے۔
 
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملیں گے، ون ڈے میچ فیس4 لاکھ 68ہزار815جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس3لاکھ 38ہزار250ہے۔ بی کیٹیگری کو 6لاکھ65 ہزار 280 (ٹیسٹ)،3لاکھ 90ہزار33 (ون ڈے) اور2 لاکھ 70ہزار600(ٹی ٹوئنٹی) فیس ملے گی۔ سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ میں بطور فیس5لاکھ68ہزار260 روپے دیے جائیں گے، ون ڈے میچ فیس3 لاکھ12 ہزار543روپے ہوگی۔
 
ٹی 20میں2 لاکھ2ہزار950 روپے حصے میں آئیں گے۔ پلیئنگ الیون سے باہر اسکواڈ کے رکن کو 50فیصد میچ فیس ملے گی، ہوم اور اوے سیریز کے اگر کسی میچ میں کپتان شرکت نہ کرے تو بھی اسے 250ڈالر ہفتہ تفریحی الاؤنس دیا جائے گا، نائب کپتان کو اس مد میں ہر ہفتے100ڈالر ملیں گے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کیلیے بونس بھی برقرار رکھے گئے ہیں، رینکنگ کی ٹاپ تھری ٹیموں اور بھارت کو ہرانے پر پلیئنگ الیون میں شامل ہر پلیئرکو میچ فیس کا 100فیصد حصہ (ٹیسٹ) 75فیصد (ون ڈے ) اور50فیصد (ٹی ٹوئنٹی) میں بطور بونس دیا جائے گا۔ اسی طرح ٹاپ 3رینک یا بھارت کیخلاف سیریز جیتنے پر اسکواڈ کا ہر رکن میچ فیس کا200 فیصد بطور بونس پائے گا۔
 
4سے7رینک ٹیم پر فتح کی صورت میں150 فیصد جبکہ دیگر ٹیموں کو ہرانے پر 100 فیصد بونس دیا جائے گا، آئی سی سی یا اے سی سی کے ایونٹس میں کامیابی پر300 فیصد رقم کھلاڑیوں کی منتظر ہوگی۔ اے کیٹیگری سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک چار روزہ میچ کھیلنے پر3 لاکھ 30 ہزار، ون ڈے میں 2 لاکھ 10 ہزار جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ روپے بطور میچ فیس دیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو2 لاکھ90 ہزار (چار روزہ) ایک لاکھ 75ہزار (ون ڈے) اورایک لاکھ 20 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) میں ملیںگے۔ سی کیٹیگری کیلیے فیس 2 لاکھ48 ہزار (چار روزہ)ایک لاکھ40 ہزار (ون ڈے ) اور90 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) ہے۔ غیر ملکی دوروں میں یومیہ الاؤنس 114 ڈالر جبکہ ہوم میچز میں5 ہزار روپے ہوگا۔
 
دورئہ برطانیہ میں یومیہ ڈیڑھ سو ڈالر دیے جائیں گے۔ فتح پر ملنے والی رقم مساوی طور پر تمام کھلاڑیوں میں تقسیم جبکہ ایک پلیئر کے مساوی رقم ٹیم مینجمنٹ کو ملے گی، مین آف دی سیریز ایوارڈ پانے والا کھلاڑی25 فیصد رقم وصول کرے گا باقی 75 فیصد دیگر پلیئرز میں تقسیم ہوگی، ایک پلیئر کے مساوی حصہ مینجمنٹ کا ہوگا۔ پی سی بی کی جانب سے مین آف دی میچ کو ٹیسٹ اور ون ڈے میں 3،3 لاکھ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے، مین آف دی سیریز کو ٹیسٹ میں 6لاکھ، ون ڈے میں5 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میں ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹیم لوگو اسپانسر شپ کے تحت تینوں کیٹیگریز کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میں ساڑھے چار لاکھ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں 2لاکھ25 ہزار روپے ملا کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment