انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی۔
ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان اوربھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ٹی ایف نے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر سیکیورٹی ماہرین کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیوس کپ ٹائی کو نیوٹرل مقام پر منتقل کیا ہے۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اسے کھلاڑیوں اورآفیشلزکی سیکیورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے، فیڈریشن کی جانب سے ڈیوس کپ کے مقابلے کے لیے غیر جانبدار مقام کا فیصلہ کرنے کے لیے پاکستان کو 5 روز دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ مقابلہ 14 اور 15ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم آئی ٹی ایف نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث اس کی تاریخ آگے بڑھا دی تھی۔
بھارت کی جانب سے رواں سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
اس کے بعد آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے ٹینس کے عالمی ادارے سے درخواست کی تھی کہ یہ مقابلے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیے جائیں تاہم آئی ٹی ایف نے بھارتی مطالبہ مسترد کردیا تھا۔