جمعہ, 22 نومبر 2024


عالمی اسکواش کا میلہ آج سے سجے گا,میدان میں کون کون اترےگا؟

لاہور: اسلام آباد میں عالمی اسکواش کا میلہ آج سے سجے گا،اس میں مردوں کے ساتھ غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی ایکشن میں ہوگی۔
 
مصحف علی میر اسپورٹس کمپلیکس میں شیڈول 5روزہ اسکواش میلے میں عالمی رینکنگ میں 43ویں پوزیشن پر موجود مصر کے ابراہیم یوسف ٹاپ سیڈ ہوں گے۔20 ہزار امریکی ڈالر کے اس ایونٹ میں پاکستان کوطیب اسلم اور فرحان محبوب سے امیدیں وابستہ ہیں، 20 سے زائد دیگر نوجوان بھی ایونٹ کا حصہ ہیں، 19 دسمبر تک شیڈول اس ٹورنامنٹ میں خواتین کے مقابلے بھی ہوں گے،12 ہزار ڈالر انعامی رقم کے لیڈیزایونٹ میں ہانگ کانگ کی ونگ ٹونگ ٹاپ سیڈ ہیں ، ان کے ساتھ امریکا، مصر، اسپین، ملائیشیا اور سوئٹزر لینڈ کی کھلاڑی مین راؤنڈ میں صلاحیتوں کا اظہارکریں گی۔
 
پاکستان کو آمنہ فیاض سے بہترکارکردگی کی توقعات ہیں۔ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں یوسف ابراہیم،مذین گامال ، محمد السربینی، خالد لبیب ،یحییٰ الہنواسانی ، احمد الہوسنی (مصر)، محمد السراج (اردن)، کیریتیس ملک (انگلینڈ)،ڈیرن راہیل پرگاسن، اونگ سائی ہونگ (ملائیشیا)،عقیل رحمان (آسٹریا)، ٹینگ منگ ہونگ، تسزکینلے (ہانگ کانگ)،ریسوریز (پرتگال)اور ییانکے (جرمنی) شامل ہیں، پاکستان کے اسرار احمد،عاصم خان،فرحان محبوب،فرحان زمان، عماد فرید،طیب اسلم اورنورزمان بھی ایکشن میں ہوں گے۔
 
ویمنز ایونٹ میں پاکستانی ماریہ حسین،روشنا محبوب،فرح مومن،نمرہ عقیل،مقدس اشرف ، صائمہ شوکت،کومل خان،زینب خان،فائقہ ظفر، انعم مصطفیٰ عزیز،نورینہ شمس،عیسا عمران، آمنہ فیاض،مدینہ ظفر اور نور الہدی کو غیرملکی خواتین کے ساتھ مقابلوں کا موقع ملے گا۔آصف خان ٹورنامنٹ ریفری پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، ہانگ کانگ سے محمد فیاض اور ملائیشا کے کاشف خان بھی مقابلوں کو کنڈکٹ کریں گے۔
 
پاکستان اسکواش فیڈریشن حکام کو یقین ہے کہ غیر ملکیوں کے ساتھ ملکی کھلاڑیوں کو بھی اس ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ سینئرز کے ساتھ نوجوان کھلاڑی بھی ان میچز سے بہت کچھ سیکھیں گے۔
 
دوسری جانب ساؤتھ ایشن گیمز کے گولڈمیڈلسٹ طیب اسلم اور فرحان محبوب کا کہنا ہے کہ نیپال میں بہترین پرفارمنس سے اعتماد میں اضافے کے ساتھ اس ایونٹ کی تیاری کا بھی زبردست موقع ملا،ہم کوشش کریں گے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے خلاف بہترین کھیل پیش کرکے پاکستان کا نام عالمی اسکواش میں روشن کرتے ہوئے سال کا اختتام شاندار انداز میں کریں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment