ھفتہ, 23 نومبر 2024


پی ایس ایل5 میں نئےکھلاڑیوں کی انٹری

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کے متبادل ڈرافٹ کے دوران 8 نئے کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا۔
 
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) سے جاری بیان کے مطابق کراچی کنگر نے دونوں کھلاڑیوں کو پورے ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا جبکہ پشاور زلمی نے ایک کھلاڑی کو مکمل ایڈیشن اور دوسرے کو جزوقتی طور پر منتخب کیا۔
 
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے مکمل ایڈیشن کے لیے ایک، ایک جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطان نے مقررہ وقت کے لیے ایک، ایک متبادل کھلاڑی منتخب کیا۔
 
پی ایس ایل 2020 کے لیے ری پلیسمنٹ ڈارفٹ کے طریقہ کار کا تعین منتخب کیے گئے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کیا گیا۔
 
کراچی کنگز کے لیام پلنکٹ ( گولڈ، سپلیمینٹری) انجری کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر مچل میکلینگن (گولڈ) پورے ایڈیشن کے لیے شامل ہوں گے، مچل میکلینگن ماضی میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ان کے علاوہ کراچی کنگز میں ڈین لارنس (سلور) کی جگہ پورے ایڈیشن میں چیڈوک والٹن (سلور) شامل کرلیا گیا انہوں نے 2018 اور 2019 کے ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی۔
 
پشاور زلمی نے اپنے اسکواڈ میں پورے ایڈیشن کے جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس(سلور) کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری (سلور) کو شامل کیا ہے کیونکہ ڈوائن پریٹوریئس نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پی ایس ایل میں شرکت نہیں کریں گے۔ اسی طرح 7 مارچ تک ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کی وجہ سے کیرون پولارڈ (پلاٹینم) بھی دستیاب نہیں ہوں گے لہذا جزوی طور پر ان کی جگہ ٹیم میں کارلوس بریتھ ویٹ (ڈائمنڈ) کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرزز کے لیے کھیلا تھا۔
 
ویسٹ انڈیز کے فابیئن ایلن (سلور) بھی اسی وجہ سے ٹورنامنٹ کے وسط میں ملتان سلطانز کے ساتھ کھیلیں گے اس وقت تک ان کی جگہ وائن مڈسن (سلور) ملتان سلطانز کا حصہ ہوں گے۔
 
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز نجی وجوہات کے باعث پی ایس ایل میں شرکت نہیں کریں گے اور اب ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے ڈین ولاز (گولڈ ) پورے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کا حصہ ہوں گے۔
 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے وان دیر دوسن (گولڈ، سپلیمنٹری)نیشنل ڈیوٹی کے باعث پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ان کی جگہ انگلینڈ کے بلے باز ڈیوڈ ملان (سلور) کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے گزشتہ 4 ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔
 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیمو پاؤل (سلور، سپلیمنٹری) کی جگہ 7 مارچ تک جنوبی پنجاب کے لیگ اسپنر زاہد محمود (سلور ) کو جزوی طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
 
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment