نئی دہلی: بھارت کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن بھی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا نے دبئی میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
وی وی ایس لکمشن
سابق بھارتی بیٹسمین وی وی ایس لکمشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد رضوان کی ہمت کی داد دیتے ہوئے کہا ’’محمد رضوان جرات،عزم اور قوت کی شاندار مثال ہیں، میچ کا اختتام پاکستان کی جیت پر تو نہیں ہوا البتہ محمد رضوان کا دو دن تک آئی سی یو میں رہنے کے بعد اس طرح کی فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا بہت متاثر کن ہے۔
وی وی ایس لکمشن نے کہا کہ کھیل ایک بہترین استاد ہے اور اس میں سب سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
ہربھجن سنگھ
بھارتی ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔سیمی فائنل میچز پر تبصرہ کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بہت اچھا اسکور کیا تھا
قومی ٹیم کے اوپنرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف بابر اعظم اور محمد رضوان نے بڑا تگڑا اسٹارٹ فراہم کیا، دونوں بہت ہی شاندار ہیں لیکن بدقسمتی سے بابر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تاہم رضوان نے پورے ٹورنامنٹ میں آؤٹ اسٹینڈنگ بلے بازی کی۔
محمد رضوان کو کریڈٹ دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس کلینڈر ائیر میں 1000 رنز بنا لیے ہیں، وہ خود کو کمال کے اوپنر کے طور پر سامنے لائے ہیں اور اتنے رنز بنانا قابل تعریف ہے، ویلڈن رضوان۔
تاہم بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں محمد رضوان میچ سے پہلے دو دن تک آئی سی یو میں رہے اور ان کی میچ میں شمولیت بھی مشکل دکھائی دے رہی تھی تاہم انہوں نے بیماری کے باوجود انہوں نے بیٹنگ اور فیلڈنگ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔