لاہور: پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں اپنے ساتھیوں سے چھکے چوکے کھائے تو پورا سال باتیں سننا پڑیں۔
شاداب خان نے پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کروں گا اس پی ایس ایل میں انجری کا شکار نہ ہوں،گزشتہ سال انجری کی وجہ سے ٹیم کو نقصان ہوا۔
قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ پہلے پی ایس ایل کے بعد مجھے اعتماد ملا، پہلے صرف بولنگ کرتا تھا لیکن پھر میں نے خود پر اعتماد کیا اور جب مجھے کپتان بنایا گیا تو میں نے کپتانی کا فائدہ اٹھایا اور اوپر جاکر بیٹنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اسکِل گیمز ہوتا ہے، اس میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کی خوبی اور خامی کو جانتے ہیں جب کہ پاکستان سپر لیگ کا بولنگ اسٹینڈرڈ دنیا میں مقبول ہے۔
شاداب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اپنے ٹیم میٹ سے مار کھائی تو پورا سال سننا پڑتی ہے، بیٹنگ میں بابر اور فخر سے بچنا پڑتا ہے اگر انہوں نے چھکے چوکے لگائے تو خوب ریکارڈ لگے گا اور باتیں بھی سننا پڑیں گی، بولنگ میں حارث رؤف سے بچنا ہوتا ہے کیونکہ اس نے آؤٹ کردیا تو بڑی باتیں سننا پڑیں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آٹھواں سیزن 13 فروری سے شروع ہورہا ہے۔