جمعرات, 25 اپریل 2024


فخرزمان363 رنز بناکر ٹاپ اسکورر بن گئے

کراچی: فخر زمان نے نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں میلہ لوٹ لیا۔ فخرزمان 363 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔

انھوں نے 5 مواقع ملنے پر ایک بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 90.75 کی اوسط پائی،180 ناٹ آؤٹ ان کی بہترین کاوش شمار ہوئے، انھوں نے سیریز میں لگاتار دو سنچریاں جڑیں۔

کپتان بابراعظم سیریز کے آخری اور کیریئر کے سنچری ون ڈے میچ میں صرف ایک رن بناکر میدان بدر ہوئے، انھوں نے مجموعی طور پر 276 رنز بنائے، ان کی بہترین کاوش 107 رنز رہی۔ امام الحق نے 3 میچز میں 174 رنز اپنے نام درج کرائے۔

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 161 رنز جوڑے، آغا سلمان نے 5 میچز میں 4 بار بیٹنگ ملنے پر 153 رنز اپنے نام کیے، افتخار احمد 101 رنز بناکر نمایاں رہے۔

شاداب خان نے 35 رنز جوڑے، عبداللہ شفیق 26، شاہین شاہ آفریدی 23 ، اسامہ میر 20، محمد نواز 19اور محمد حارث 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب بولنگ میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے سب سے زیادہ 9 وکٹیں اڑائیں، شاہین شاہ آفریدی نے 8 شکار کیے، محمد وسیم اور اسامہ میر نے 6، 6 پلیئرز کو میدان بدر کیا، نسیم شاہ اور ایڈم ملن نے 5،5 وکٹیں اڑائیں، شپلے نے 4 جبکہ شاداب خان نے 3 وکٹیں لیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment