قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا اگلا کپتان آپ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کو بناسکتے ہیں۔
کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ اگر بابر اعظم افغانستان سے شکست کے بعد کپتانی چھوڑ دیتے تو فخر زمان کپتان بن سکتے تھے اگر اس سے اچھا کرنا تھا تو شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی کروا سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی لاہور قلندرز سے بھی کپتانی کرچکے ہیں وہ اچھے کپتان ہوسکتے ہیں۔
عبدالرزاق نے کہا کہ جب ملک کی بات ہوتی ہے تو مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ٹیمیں وہ جیتتی ہیں جن کی نیت اچھی ہوتی ہے اگر بابر وہاں پر کپتانی چھوڑ دیتے تو میں سمجھتا ہوں تو پاکستان کے لیے اچھا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں نائب کپتان کا اتنا اثر و رسوخ نہیں ہوتا ہے، کپتان کا مطلب ایک ٹیم ہوتا ہے۔
عبدالرزاق نے کہا کہ مینجمنٹ میں بھی ایسے لوگ آنے چاہیئں جنہوں نے کرکٹ کھیلی ہو اور اسے سمجھتے ہوں، کپتان جس کو مرضی بنادیں جب وہ اس کو ساتھ لے کر چلیں گے مسئلے حل ہوجائیں گے۔
ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 93 رنز سے شکست دی اور پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر پانچویں پوزیشن پر ختم ہوا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے تعاقب میں 244 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف چار میچ جیت سکی، قومی ٹیم نے بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ کو ہرایا، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، افغانستان، انگلینڈ کیخلاف ٹیم ناکام رہی۔
پاکستان کا اگلا کپتان کون ہونا چاہیے؟ عبدالرزاق نے بتا دیا
Leave a comment