ورلڈ کپ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ناکامی کے ساتھ ختم ہوتے ہی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی کے ساتھ اپنا سفر ختم کر دیا۔
مورنی مورکل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کواپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ قومی ٹیم کی ذمے داریوں سے علیحدہ ہو کر اپنے ملک جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں مصروف ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنی مورکل کا پی سی بی کے ساتھ رواں سال جون میں 6 ماہ کا کوچنگ معاہدہ ہوا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے سابق پاکستانی پیسر عمر گل مضبوط امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ مورنی مورکل کی کوچنگ کے دوران پاکستانی بولرز کی کارکردگی عروج سے زوال کی جانب گامزن ہوئی اور گزشتہ دو ماہ کے دوران ایشیا کپ کے بعد کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کا پول کھل گیا۔