ایمزٹی وی(کھیل)ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں مشہور فٹبالر لیونل میسی کا مجسمہ بنادیا گیا۔ یہ مجسمہ ان کے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ارجنٹینی عوام نے لیونل میسی سے ایک بار پھر ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر بیونس آئرس میں ان کا مجسمہ بنا دیا۔ لگاتار 3 فائنلز ہارنے کے بعد میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ ارجنٹینا کے صدر نے بھی فون پر میسی سے بات کرتے ہوئے ان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق پیر تک میسی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ بیونس آئرس میں شہر کے میئر نے شہر میں مجسمے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میسی ناقدین پر کان نہ دھریں۔ ٹیم کو ان کی ضرورت ہے اس لیے 2018 ورلڈ کپ تک ریٹائرمنٹ واپس لے لیں۔ واضح رہے کہ کوپا امریکہ کے فائنل میں چلی سے شکست کے بعد میسی نے نم آنکھوں کے ساتھ انٹرنیشنل فٹبال کو الوداع کہہ دیا تھا۔ میسی نے کوپا امریکا کپ کے فائنل میں پینلٹی کک ضائع کر دی تھی، جس کے بعد انہیں مداحوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجنٹینا کے 29 سالہ میسی نے 5 دفعہ دنیا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کی۔ اپنے کلب بارسلونا کو حال ہی میں لالیگا چمپیئن بنوانے میں بھی میسی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔