Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن سے دنیا کے بہترین بولرز کے حوالے سے رائے لی گئی۔

ای ایس پی این کرک انفو کی جانب سے کین ولیمسن کی ایک مختصر ویڈیو جاری کی گئی جس میں میزبان نے ان سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور آسٹریلیا کے ورلڈ کلاس بولر مچل اسٹارک میں سے کسی ایک کے یارکرز کو منتخب کرنے کا کہا۔

میزبان نے کین سے پوچھا کہ دونوں میں سے کس کی یارکر گیند خطرناک اور زیادہ اچھی ہوتی ہے۔

جواب میں کیوی کپتان نے کچھ سیکنڈز سوچا اور پھر کہا کہ دونوں بولرز کی یارکرز کافی حد تک ایک جیسی ہیں۔

پھر کین ولیمسن اپنے جواب کے آخر میں شاہین شاہ آفریدی کا نام لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور مچل اسٹارک اپنی تیز اور سوئنگ بولنگ کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں مشہور ہیں۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹرمیڈیٹ سال دوم کے سائنس پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے اسکروٹنی فارم جمع کروانےکااعلان کردیا۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے سائنس پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے اسکروٹنی فارم بروز جمعرات 24نومبر سے بروز پیر 26 دسمبر 2022ء تک وصول کیے جائیں گے۔

اسکروٹنی کروانے کے خواہشمند طلباء اپنے اسکروٹنی فارم درج بالا تاریخوں میں انٹربورڈ میں واقع یونائیڈ بینک لمیٹڈ کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ انٹربورڈ کراچی نے طلباء کی مشکلات کے پیش نظر کراچی میں UBLکی تمام برانچوں میں فیس جمع کروانے کی سہولت بھی متعارف کروائی ہوئی ہے، طلباء اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk  سے ڈاؤن لوڈ کر کے UBL کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں فی پرچہ 400 روپے اور ڈاؤن لوڈ فارم کی 100روپے فیس جمع کرواسکتے ہیں ۔

جبکہ جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا فارم بورڈ کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروانا ہوگا۔علاوہ ازیں پری انجینئرنگ گروپ کی مارکس شیٹس متعلقہ کالجوں کو بھیج دی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارکس شیٹ ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر روانہ کردی گئی ہیں۔

کراچی : جامعہ کراچی نےڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹرآف فزیکل تھراپی، بی اے / ایل ایل بی اور بی ای،بی ایس اور بی ایڈ میں داخلوں کا آغازکردیاہے

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(مارننگ پروگرام)،بی اے/ ایل ایل بی(پانچ سالہ پروگرام) اور بی ای،بی ایس اوربی ایڈ(آنرز)(مارننگ پروگرام)میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں برائے سال 2023 ء کا آغاز ہوگیا ہے۔ خواہشمند طلبہ 29 نومبر2022 ء تک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔

طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk  پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔

بیچلرز پروگرام میں اپلائیڈ کیمسٹری اینڈ کیمیکل ٹیکنالوجی،اپلائیڈ فزکس،بائیوٹیکنالوجی،بزنس ایڈمنسٹریشن،کیمیکل انجینئرنگ،بی ایس چائنیز،کامرس،کمپیوٹر سائنس،کرمنالوجی، ایجوکیشن، انوائرمینٹل اسٹڈیز،فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس،انٹرنیشنل ریلیشنز،ماس کمیونیکشن،پیٹرولیم ٹیکنالوجی،پبلک ایڈمنسٹریشن،اسپیشل ایجوکیشن(بی ایس) اورٹیچرز ایجوکیشن(بی ایڈآنرز)شامل ہیں جبکہ ماسٹرز پروگرام میں بزنس ایڈمنسٹریشن،کمپیوٹرسائنس اورپبلک ایڈمنسٹریشن شامل ہیں۔

ان تمام شعبہ جات میں داخلے ٹیسٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ مخصوص نشستوں اور سیلف فائنانس پر داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کاداخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلہ ٹیسٹ میں لازماً شرکت کریں بصورت دیگر انہیں داخلے کے لئے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔

کراچی: جامعہ کراچی شعبہ ویژول اسٹڈیزمیں داخلوں کاآغازہوچکاہے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق شعبہ ویژول اسٹڈیز میں بیچلرز آف ڈیزائن(چارسالہ پروگرام)،بیچلرز آف فائن آرٹس(چارسالہ پروگرام) اور بیچلرز آف آرکیٹیکچرز (پانچ سالہ پروگرام)میں داخلے برائے سال2023 کا اعلان کردیا گیا ہے،جس کے مطابق خواہشمند طلبہ29 نومبر2022 ء تک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔

طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے  www.uokadmission.edu.pk  پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔

واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ (HSC) یا مساوی امتحان میں کم ازکم سیکنڈڈویژن 50% فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلباوطالبات داخلہ فارم جمع کرانے کے اہل ہیں جبکہ ڈپلومہ کرنے والے کم ازکم 60% فیصد مارکس کے حامل طلبہ اہل ہوں گے۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کی مارکس شیٹس تیار ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے نمائندے پرنسپل کے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بروز منگل 22نومبر 2022ء سے بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے مارکس شیٹس حاصل کرسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارکس شیٹس ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر روانہ کردی گئی ہیں۔

دورہ پاکستان کیخلاف انگلش ٹیم نے تین میچوں پرمشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ میں ایک شیف کو بھی شامل کرلیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ سے قبل انگلش ٹیم نے سات ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے کھانے سے متعلق رائے دی تھی کہ زیادہ اچھا نہیں تھا جبکہ بعض کھلاڑیوں کو پیٹ کی خرابی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمر میزان انگلینڈ ٹیم کے شیف ہوں گے، انہوں نے 2018 کے فیفا ورلڈکپ اور یورو 2020 کے دوران انگلینڈ کی مینز ٹیم کے ساتھ کام کیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ بیرون ملک دورے کے لیے خاص طور پر ملازم شیف کو لارہا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ بقیہ دو میچز ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

کراچی: فیفا ورلڈ کپ میں ٹکٹوں کی فروخت کےبھی ریکارڈ ٹوٹ گئے

فیفا ورلڈ کپ کا اتوار کو قطر میں آغاز ہوچکا، میزبان ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سمیت مختلف معاملات پر مغربی میڈیا میں بھرپور پروپیگنڈہ مہم چلائی گئی، اس کے باوجود شائقین کی بہت بڑی تعداد دنیا بھر سے قطر کا رخ کررہی ہے، پہلے میچ کے آغاز سے قبل تک تقریباً 30 لاکھ ٹکٹیں فروخت ہوچکی تھیں

فیفا کے مطابق اس ورلڈکپ سے حاصل ہونے والی ریکارڈ 7.5 بلین ڈالر آمدن میں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا بھی اہم حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اتوار تک مجموعی طور پر 2.95ملین ٹکٹ فروخت ہوگئے تھے، 29 دنوں کے دوران شیڈول 64 میچز میں شائقین بہت زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں، دوحا میں فیفا کے ٹکٹ سینٹر کے سامنے شائقین کی لمبی قطاریں موجود رہیں، آن لائن ٹکٹوں کے حصول کیلیے بھی شائقین کو بہت زیادہ انتظار کرنا پڑا۔

قطر ورلڈ کپ پہلے ہی ٹکٹوں کی فروخت کے معاملے میں 2018 میں روس میں کھیلے گئے ایونٹ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے جہاں پورے ٹورنامنٹ کے دوران 24 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔

فیفا ترجمان نے بتایا کہ قطر، سعودی عرب، امریکا، میکسیکو، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، ارجنٹائن، فرانس،بھارت اور برازیل ٹکٹوں کے خریداروں کے حوالے سے نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔

دوحا: قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 میں امریکااورویلزکےدرمیان میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔

الریان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے آغاز سے ہی ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے تاہم امریکا کی جانب سے ٹموتھی ویا نے 36ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کو سبقت دلادی۔

ویلز کے کپتان گریتھ بیل نے 82 ویں منٹ میں میچ ختم ہونے سے محض 8 منٹ پہلے پنالٹی کک گول کرکے میچ ایک ایک سے برابرا کردیا۔

اس سے قبل فیفا ورلڈکپ 2022 کے تیسرے میچ میں نیدرلینڈز نے سینیگال کو دو صفر سے ہرا یا جبکہ ایک اور میچ میں انگلینڈ نے ایران کو 2 کے مقابلے 6 گول سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ می میزبان ملک قطر کو ایکواڈور نے 0-2 سے شکست دی تھی۔

کراچی: بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کے ایکسپو سینٹر کراچی میں انعقاد کے دوران ٹریفک پولیس نےمتبادل راستوں کا اعلان کردیا۔

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف راستے بند رکھے جائیں گے۔

اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کی جانب سے متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہیوی ٹریفک شارع فیصل نرسری سے کار ساز روڈ پر آنے والی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈرائیورز کارساز سے ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم سے نیپا کا راستہ اختیار کریں اور اسی طرح ائیرپورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ملینئیم راشد منہاس روڈ سے ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیپا ، عسکری فور، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم ، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

ویب ڈیسک: 11 سالہ بچے نے عظیم سائنسدانوں آئن اسٹائن اوراسٹیفن ہاکنگ کو آئی کیو ٹیسٹ میں شکست دے دی ہے۔

مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں 11 سالہ یوسف شاہ نے 162 اسکور حاصل کیا۔

اسٹیفن ہاکنگ نے مینسا ٹیسٹ میں 160 اسکور حاصل کیا تھا اور آئن اسٹائن کبھی اس ٹیسٹ کا حصہ نہیں بنے مگر مانا جاتا ہے کہ ان کا اسکور بھی 160 ہوگا۔

برطانوی شہر لیڈز سے تعلق رکھنے والے یوسف شاہ کے مطابق اسکول کے دوست اسے کہتے تھے کہ وہ بہت ذہین ہے اور اسی وجہ سے اس نے آئی کیو ٹیسٹ کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔

یوسف شاہ کے مطابق میں ہمیشہ سے یہ جاننا چاہتا تھا کہ کیا میں اس ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے والے 2 فیصد افراد میں شامل ہوں یا نہیں۔

چھٹی کلاس میں زیرتعلیم یوسف شاہ کو توقع ہے کہ وہ مستقبل میں کیمبرج یا آکسفورڈ میں ریاضی کی تعلیم حاصل کرے گا۔تعلیم سے ہٹ کر یوسف شاہ کو ریوبیک کیوب سے کھیلنا یا دماغی گیمز پسند ہیں۔

یوسف کی والدہ ثنا نے بتایا کہ 'مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے، وہ مینسا ٹیسٹ کو مکمل کرنے والا خاندان کا پہلا فرد ہے، درحقیقت میں تو کچھ فکرمند تھی کہ ٹیسٹ سینٹر پر بڑوں کی جانب سے اسے تنگ کیا جاسکتا ہے مگر اس نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یوسف کا 8 سالہ بھائی خالد بھی کچھ سال بعد مینسا ٹیسٹ کو مکمل کرنے کا خواہشمند ہے۔یوسف کے والد عرفان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کی تیاری کافی مشکل تھی۔