Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے فلیٹ کی ہر چیز اور سیلز ڈیٹ الیکشن کمیشن کے پاس ہے اور میں نے فلیٹ کی منی ٹریل بھی دے رکھی ہے مگر شریف خاندان نے اب تک خریداری کی تاریخ نہیں دکھائی ۔ اٹارنی جنر ل شریف خاندان کے وکیل بنے ہوئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ موٹو گینگ کے حالات بڑے برے نظر آرہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عدالت میں کہنے کی باتیں ختم ہو چکی ہیں۔اٹارنی جنر ل نے آج سپریم کورٹ میں جو کہا مجھے شرم آئی ۔ ایف بی آر کو بھی کرپشن کی تحقیقات میں دلچسپی نہیں ہے ۔ایف بی آر پیسے جمع کرنے کی بجائے سودے بازی کرتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزیعد کہنا ہے کہ نیب صرف کرپٹ شریف فیملی کی حفاظت کررہا ہے ، کل عدالت میں نیب کا جنازہ نکلے گا ۔ نیب پر کسی کو اعتماد نہیں تاہم دعا ہے کہ کل تک پاناما کیس کا فیصلہ آجائے گا ۔ انہیں 6باریاں اور دے دیں ادارے ٹھیک نہیں ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کے پی پولیس کو غیر سیاسی کردیا کوئی نہیں کہتا کہ وہاں رینجرز کی ضرورت ہے۔ادارے ایسے ہی تباہ نہیں ہوئے بلکہ انہیں تباہ کیا گیا ۔ہم نے خیبر پختونخوا کی پولیس کو غیر سیاسی کیا ۔زبیر محمود کو برا بھلا کہنے کا فائدہ مل گیا مگر دوسرے لوگوں کے نصیب میں شیروانی نہیں ہو گی ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اجلاس کیا گیا جس میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرناصر جنجوعہ، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔اجلاس میں رینجرز کو پنجاب میں اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت60 دن کیلئے دیئے جا رہے ہیں۔
پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش اپیکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشتگرد اورسہولت کار جہاں بھی ہوں تعاقب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، رینجرزدہشتگردوں کیخلاف پولیس،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی معاونت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے، صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہیں۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اورقومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پانامہ کیس میں ہلکے پھلکے جملوں سے ماحول خوشگوار رہا۔ سوال تھا کہ جھوٹ بولنے والا رکن اسمبلی نہیں بن سکتا تو پھر کیا سارے شوہروں کی رکنیت خطرے میں پڑ گئی؟ جسٹس کھوسہ نے کنوارے لوگوں کو سچا کہہ ڈالا تو شیخ رشید مسکرا دیئے۔
پاناما کیس میں سوال اٹھ گیا بے ایمانی کا مطلب آخر ہے کیا؟ جسٹس شیخ عظمت کہنے لگے کہ جواب کسی فریق نے نہیں دیا۔ جسٹس عظمت نے یہ بھی پوچھ لیا کہ کیا جھوٹ بولنے والا رکن اسمبلی نہیں بن سکتا؟ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ بیوی سے تو ہر شخص جھوٹ بولتا ہے ، دفتر میں بیٹھ کر کہا جاتا ہے راستے میں ہوں۔ اس پر جسٹس کھوسہ کہنے لگے کہ جو شادی شدہ نہیں وہ جھوٹ بھی نہیں بولتا۔
ریمارکس سن کر کنوارے شیخ رشید زیر لب مسکرا دیئے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر گمراہ کرنے لگے۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل کی ٹانگ دکھنے لگی تو جسٹس اعجاز افضل نے بیٹھ کر دلائل دینے کو کہہ دیاتو نعیم بخاری نے اپنی نشست پیش کر دی ۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی )اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی طرف سے نشانہ بنانے کیلئے الرٹ جاری کردیا گیا ہےمیڈیا ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے الرٹ کے بعد اڈیالہ جیل کی سکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی ہے اور جیل کے اندر دہشتگردوں کیلئے الگ بیرک بنا لیا گیا ہے
اڈیالہ جیل کی حفاظت کیلئے 200 جوانوں پر مشتمل اسکواڈ بنا دیا گیا ہے جبکہ پولیس ،رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے جیل میں کنٹرول روم قائم کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز چارسدہ تنگی کچہری کے باہر خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہوتی ہوئی سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے اب ایک انوکھی سہولت متعارف کرادی ہے جس میں صارفین بیرون ملک رقم بھی بھیج سکتے ہیں۔
فیس بک کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کی سہولت ایک نئی کمپنی ٹرانسفر وائز کے ذریعے ہوسکے گی جس نے ایک چیٹ بوٹ لانچ کیا ہے جو فیس بک صارفین کو اس کی میسنجر سروس کے ذریعے رقم منگوانے اور بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
تجرباتی طور پر یہ چیٹ بوٹ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپی یونین کے درمیان رقم کی آمد و ترسیل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ صارفین کو ان کی کرنسی کی مناسب شرح تبادلہ ( ایکسچینج ریٹس) سے بھی آگاہ کرتا ہے۔
اس سے قبل فیس بک کے ذریعے رقم کی منتقلی کی سہولت صرف امریکا میں موجود تھی لیکن مختلف ممالک کے اکاؤنٹس کے درمیان رقم کا تبادلہ ممکن نہ تھا۔ ٹرانسفر وائز کمپنی لندن میں واقع ہے جس کے ذریعے ہر ماہ 10 لاکھ افراد ایک ارب ڈالر تک کی رقم کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس نئی کمپنی کے لیے ورجن فاؤنڈر رچرڈ برینسن اور ایک مالیاتی فرم اینڈرسین ہوروز نے رقم فراہم کی ہے۔
ٹرانسفر وائز پیسوں کی منتقلی کے درمیان بھاری رقم کا مطالبہ نہیں کرتی اور اسی بنا پر لوگوں نے اسے پسند کیا ہے۔ کمپنی صارفین کو اجازت دیتی ہے کہ وہ اپنی رقم اپنے ملک کے کسی مقامی ٹرانسفر وائز بیک اکاؤنٹ میں جمع کروادیں اور اتنی ہی رقم دوسرے ملک کے کسی مقامی ٹرانسفر وائز بینک سے حاصل کرسکتے ہیں۔
کمپنی کو برطانیہ کے مالیاتی اداروں نے ریگولیشن سند دیدی ہے جب کہ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ صارفین کے تحفظ کے تمام معیارات پر پورا اترتا ہے۔ فیس بک میسنجر کے لیے یہ چیٹ بوٹ پہلی مرتبہ گزشتہ سال اپریل میں جاری کیا گیا تھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے اہم کھلاڑیوں خالد لطیف اورشرجیل خان نے کیس سے متعلق کچھ لب کشائی سے گریزکرناشروع کردیاہے۔
شرجیل خان اور خالد لطیف کے وکلاء سے صلاح و مشورے جاری ہیں۔ پی سی بی کی جانب سےفکسنگ چارج شیٹ کے جواب کی تیاری کی جارہی ہے۔
امکان ہےکہ دونوں کھلاڑی اگلے ہفتے جواب جمع کروائیں گے۔ پی سی بی کے بعد وکلاء نے بھی دونوں کھلاڑیوں کو میڈیا کا سامنا نہ کرنے کا مشورہ دیاہے۔ دونوں کھلاڑی کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریزاں ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کےمطابق دونوں کھلاڑیوں نے اپنے اوپرعائد الزامات ماننے سے انکار کردیا تھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے اپنی پیداواری استعداد میں اضافے کے لیے شمسی توانائی سے بجلی بنانے والی کمپنی آرسن پاکستان لمیٹڈ سے بجلی خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک نے آرسن پاکستان لمیٹڈ سے بجلی کی خریداری کا 25 سالہ معاہدہ کیا۔
ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ آرسن پاکستان کی جانب سے سندھ کے ضلع ٹھٹہ میں لگایا جانے والا 50 میگا واٹ کا سولر پاور پروجیکٹ 2018 تک پیداوار شروع کردے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک 2009 کے بعد سے اپنی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے 1.2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرچکی ہے جبکہ اس نے اپنی پیداواری صلاحیت میں 1037 میگا واٹ بجلی کا اضافہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب آرسن پاکستان لمیٹڈ کے ترجمان نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سولر فوٹو وولٹائیک پاور جنریشن ماحول دوست ہے اور ان کی کمپنی ماحول دوست بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ ہمارا اشتراک صارفین کو قابل تجدید توانائی پہنچانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
خیال رہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ماحول دوست بجلی کا رجحان بڑھ رہا ہے اور بڑی کمپنیاں توانائی کے قابل تجدید ذرائع سے بجلی کے حصول کے لیے کوشاں ہے جن میں شمسی توانائی، پن بجلی اور ہوا کے زور سے بجلی بنانے کے پروجیکٹس شامل ہیں۔
گزشتہ دنوں دبئی کے ابراج گروپ نے بھی سندھ میں ہوا کے زور پر چلنے والے توانائی کے 50 میگاواٹ کے پروجیکٹ کے حصص خریدنے کا اعلان کیا تھا۔
ابراج گروپ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جھمپر ونڈ کوریڈور ہوا کے زور پر چلنے والے منصوبے کے لیے بنایا گیا ہے جس میں 550 میگاواٹ باقاعدہ فعال ہے اور مزید ایک گیگا واٹ تکمیل کے مراحل میں ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے تین ایئرپورٹس کا منافع چھ سال میں بڑھ کر 4گنا ہوگیا، اس کے باوجود حکومت آؤٹ سورس کے ذریعے انھیں پرائیویٹ کرنے پر تلی بیٹھی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے رواں ماہ اشتہار شائع کرایاگیاکہ ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ اسلام آباد کے آپریشن مینجمنٹ اور ڈیولپمنٹ کے تمام امور کیلیے بیرونی ذرائع کے استعمال کیلیے تجربہ کار کمپنیوں سے درخواستیں مانگی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر فنانس کی طرف سے ڈائریکٹر کمرشل اسٹیٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ اور اسٹاف افسر اڈیشنل ڈی جی سول ایوی ایشن کو لکھے گئے خط میں اگلے 15سال کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ضروری تیاری کرنے کا لکھا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے ایکسپریس کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 2015-16 کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے 22 ارب 48کروڑ 10 لاکھ، لاہور ایئرپورٹ سے 15ارب 14کروڑ 80لاکھ اور اسلام آباد ایئرپوٹ سے 9ارب ایک کروڑ 60لاکھ روپے کا سالانہ منافع ہوا۔ چھ سال قبل مالی سال 2010-11 ان تینوں ایئرپورٹس سے سول ایوی ایشن کو مجموعی طور پر 11ارب 83 کروڑ 70لاکھ روپے منافع ہوا تھا جس میں ہر سال بتدریج اضافہ ہوا اور چھ سال کے دوران منافع میں 4گنا اضافہ کے بعد یہ منافع موجودہ شرح تک پہنچا۔
ادھر سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس قدر سالانہ منافع دینے والے قومی ادارے کی نجکاری سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ ایئرپورٹس ملک کی حساس ترین مقامات ہوتے ہیں جن کو پرائیویٹ کرنے سے سیکیورٹی کے مسائل بھی جنم لیں گے۔ سول ایوی ایشن کے افسران کی تنظیم کوپ، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی گلڈ اور ایمپلائیز سی بی اے یونین نے پرائیویٹائزیشن کے خلاف تحریک چلانے اسلم راؤ کی سربراہی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی دیدی ہے جو آج سے باقاعدہ میٹنگز کا آغاز کررہی ہے۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹ سروسز عامر محبوب سے رابطے پر کہاکہ ڈی جی صاحب سے بات کیے بغیر کوئی مؤقف نہیں دے سکتا تاہم آؤٹ سورسنگ سے منافع سمیت دیگر معاملات میں بہتری آئے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سکیورٹی سخت کردی گئی ۔میڈیا ذرائع کے مطابق مطا بق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے اور پارٹی رہنماﺅں نے عمران خان کو سڑک کنارے میڈیا سے بات نہ کرنے اور پبلک مقامات پر نہ رکنے کا مشورہ دیا ہے۔
عمران خان آج سکیورٹی کے حصار میں بنی گالہ میں 3بجے پریس کانفرنس کریں گے۔واضح رہے کہ راولپنڈی اڈیالہ جیل پر دہشتگردوں کے حملے کے پیش نظر پاک فوج کو تعینات کر دیا گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا بہت بڑا اقدام ہے جب کہ سیکیورٹی خدشات ضرور ہیں لیکن گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور ٹیموں و شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل فائنل کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا بہت بڑا اقدام ہے، کامیاب انعقاد سے اس کے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جب کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو اچھا پیغام ملے گا اور آہستہ آہستہ غیرملکی ٹیمیں بھی آنا شروع ہو جائیں گی۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کیلئے تیاریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں، سیکیورٹی خدشات ضرور ہیں لیکن گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور ٹیموں و شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل کی ٹکٹوں کیلیے ابھی سے بہت رش ہے، چند روز میں ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا، غیرملکی کھلاڑیوں سے گفت و شنید کیلیے نجم سیٹھی دبئی میں موجود ہیں۔