Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(تجارت) نیپالی حکومت نے پاکستانی تاجروں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزا دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کا خیرمقدم کریں گے۔
یہ بات نیپالی سفیر سیوالمسال ادھیکاری نے ایف پی سی سی آئی(پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)کے دورے میں تاجروں سے خطاب میں کہی ۔اطلاعات کے مطابق نیپال کے سفیر نے کہا کہ نیپال پاکستان کے ساتھ خوشگوار تجارتی تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ ہرممکن اقدام اٹھائے گا، تاجروں کو ویزا دینے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں، وہ نیپال آئیں انہیں ایئرپورٹ پر ہی ویزا دے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپال اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کم ہونے کی بڑی وجہ ذرائع نقل و حمل نہ ہونا اور معلومات کا فقدان ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ نیپال کے سفیر نے ایف پی سی سی آئی کے ممبران کو نیپال انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی جو کہ رواں سال مارچ میں منعقد ہوگی۔ سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر نیپال اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، خطے کی معاشی ترقی کے لیے ہرممکن کوششیں کریں گی تاہم ضرورت اس با ت کی ہے کہ دونوں ممالک آپس میں مارکیٹنگ اور ریسرچ کے شعبوں میں تعاون کریں۔
وفاقی چیمبر کے نائب صدر اور ریجنل چیئرمین منظور الحق نے کہا کہ نیپال اور پاکستان کو تجارتی مواقع کے ساتھ ساتھ سیاحت اور زراعت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان نے ترکی کی گاڑیوں کو ای سی او ممالک تک رسائی دینے کے لیے 5سو روٹ پرمٹ ترک حکومت کے حوالے کر دیے۔ روٹ پرمٹ ملنے کے بعد ترکی کی گاڑیاں پاکستان کے راستے ای سی او ممالک جائیں گی، پاکستان بھرپور سیکیورٹی فراہم کرے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف اعلیٰ حکام کے ہمراہ تین روزہ دورے پر ترکی پہنچے ہیں،وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی،خرم دستگیر اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کےہمراہ ہیں۔

وزیراعظم اپنے دورے میں ترک قیادت سے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت کریں گےجبکہ ترک ہم منصب کے ہمراہ پانچویں اعلیٰ سطح کے اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دورے کےموقع پرمختلف شعبوں میں معاہدوں پربھی دستخط کئے جانے کا امکان ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) جامعہ کراچی میں تمام تعلیمی، غیر تعلیمی پروگرامز اور اجتماعات ملتوی کردئے گئے ہیں ۔

جامعہ کراچی کےرجسٹرار نبیل زبیری کے جاری کردہ نوٹی فیکشن کے مطابق شہر میں سیکورٹی الرٹ اور دفعہ144 کے نفاز کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

دریں اثنا رجسٹرار کے عہدے سے ہٹائے گئے ڈاکٹر معظم نے بدھ کو کیمپس سکریٹری ایڈوائزر کا عہدہ کا چارج نہیں سنبھالا اس اہم اور حساس عہدےپر تعینات ڈاکٹر خالدعراقی منگل کو مستفی ہوگئے تھے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز آج دبئی میں مد مقابل ہوں گی ۔
پی ایس ایل ٹو میں دو دن کے بریک کے بعد آج ہو گا پھر ہنگامہ ، شائقین کا شور و غل اور کھلاڑیوں کے چھکے چوکے، بیٹسمین گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکیں گے تو بولرز بیٹسمینوں کو میدان بدر کریں گے ۔
ٹورنامنٹ میں کوئٹہ کی ٹیم پانچ میچز کھیل کر سات پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے جبکہ کراچی کنگز پانچ میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے ۔
کوئٹہ کی ٹیم کے کپتان سرفراز اپنی برتری کو قائم کرنے کے لیے پر عزم ہیں تو دوسری جانب کراچی ٹیم کے سنگاکارا پی ایس ایل ٹو میں ایک اور جیت کےلیے پر امید ہیں۔
ایونٹ کا یہ میچ آج رات نو بجے جیوسوپر براہ راست دکھایا جائے گا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم / کراچی ) پاکستان بار کونسل نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کراچی کےا یل ایل بی 5 سالہ پروگرام کو تسلیم کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کے حکم نامے کے مطابق تین سالہ ایل ایل بی پروگرام کے پاس ہونے والے طلباء کو سی آر بی سی اور سی پی سی کے مضامین میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS)کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔

بصورت دیگر 2ہزار روپے فی اسٹوڈنٹس کو پاکستان بار کونسل کے اکائونٹ میں جمع کروانا ہوگا تاکہ ان طلباء کے ناموں کو صوبائی بار کونسل کو سفارش کے ساتھ انرولمنٹ کے لئے بھیجا جا سکے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء کالج کی انتظامیہ نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد کالج کے ایڈمن آفس سے رابطہ کریں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے کوالٹی انہانسمینٹ سیل کی جانب سے زیادہ سے زیادہ تعلیم کو کارآمد بنانے والی نشانیوں کوجاننے کے لئے سافٹ ویئر کے استعمال کے متعلق ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔

 

سیمینار سے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے پروفیسر اور او بی ای سافٹ ویئر کے ماہر ڈاکٹر سحر نور نے بطور خاص مقرر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سافٹ ویئر کے استعمال سے تعلیمی معیار کو بڑھایاجا سکتا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم / کراچی ) بے نظیر بھٹو شہید یو نیورسٹی لیا ر ی میں ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے انیسویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے انیسویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلے کے پہلے مرحلے کا انعقاد بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں میں کیا گیا۔ جس کا مقصد مفکر پاکستان اور شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کی شاعری اور ان کے فلسفے کو اجاگر کرنا تھا۔

 

اس مقابلے میں یونیورسٹی کے 18طلباء نے شرکت کی جنھوں نے اردو اور انگریزی میں تقاریر پیش کیں جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ تقریب کی مہمان خصوصی قائم مقام رجسٹرار فریدہ عظیم لودھی تھیں۔ تین رکنی ججز پر مشتمل جیوری کے فیصلے کے مطابق علامہ اقبال شیلڈ کے لیے اردو میں پہلا کیش انعام مبلغ پانچ ہزار روپے شعبہ تعلیم کی پارس میمن،دوسراانعام مبلغ تین ہزار روپے شعبہ انگلش کی کومل عارف،تیسرا انعام مبلغ دو ہزار روپے شعبہ سی ایس کی صدف انجم نے جبکہ انگریری میں پہلا کیش انعام مبلغ پانچ ہزار روپے شعبہ انگلش کے عمیر رزاق،دوسرا انعام مبلغ تین ہزار شعبہ انگلش کی سارہ کلثوم اور تیسرا انعام مبلغ دو ہزار روپے شعبہ تعلیم کی سکینہ نے حاصل کیا۔ تقریب کی نگرانی کے فرائض اسٹوڈنٹ ویلفئر آفیسر عبدالشکور نے انجام دیئے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی )کا 51واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد بدھ کو کالج میں منعقد ہوا ۔جس میں601طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔ تقریب کے مہمان خصوصی رائل کالج آف سرجنز ایڈنبرگ کے صدر پروفیسر مائیکل لیول جانز تھے ۔ اس موقع پر سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفراللہ چوہدری اور فیکلٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مائیکل لیول جانز نے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت کرنامیرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے طلباکو نصیحت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال توجہ اور پیار سے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت ہیں کہ آپ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔اپنے ذہنوں کو نئے آئیڈیاز کےلئے کھلا رکھیں کیونکہ علم ہی ترقی کی جانب لے کر جاتا ہے ۔اپنے آپ کو نئی نالج اور ایجادات سے اپ ڈیٹ رکھیں آپ اپنی تقدیر خود بنائیں اور سیکھنے کا عمل جاری رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین تعلیم وترتیب دینے والے اداروں میں کیاجاتا ہے اس کالج کی فیلوشپ حاصل کرنا فخر کی بات ہے ۔ سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر پیدا کرنے میں 95فیصد حصہ سی پی ایس پی کاہے ۔ جہاں سے اب تک ہزاروں فیلوز اورممبرزفارغ التحصیل ہوچکے ہیں جو ملک بھر میں مریضوں کی خدمت کے ساتھ تحقیق میں بھی مصروف عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن اور میڈیکل پریکٹس میں ہمیشہ خصوصی تعلق رہا ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر ہی مریضوں کے مسائل کو اچھی طرح سمجھ کر ان کا علاج تجویز کر سکتا ہے ۔ اس لئے اعلیٰ تعلیم پر سی پی ایس پی میں خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ جلسہ میں 473فیلوشپس ،125ممبر شپس اور3فیلو شپس دی گئیں جبکہ 2طلبا کو نمایاں پوزیشن پر طلائی تمغہ بھی دیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا کہ شیخ الجامعہ کی جانب سے جامعہ میں میڈیا کے داخلے اور اساتذہ کی میڈیا سے گفتگو پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

جامعہ کراچی میں میڈیاکے داخلے اور اساتذہ کی میڈیا سے گفتگو پرپابندی کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)گورنمنٹ ڈگری کالج لنڈی کوتل کے طلبا ء نے اسکالر شپ اور مطالعاتی دورہ کی بند ش کے خلاف پاک افغان شاہر اہ کوبند کر نے کی دھمکی دی،دوسالوں سے طلباء کو اسکالر شپ نہیں ملا جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہیں ،پولیٹکل ایجنٹ کے مطابق کہ گورنر نے سکالر شپ بند کیا گیا ہے،فوری بحال کی جائے ۔
ان خیالات کااظہار گورنمنٹ ڈگری کالج لنڈی کوتل کے صدر شفاعت شنواری اور ذیشان شنواری نے طلباء سمیت لنڈی کوتل پریس کلب میں پر یس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دوسالوں سے طلباء کو اسکالر شپ نہیں ملا، اعلی حکام نے اسکالر شپ بحال کرنے کی کئی بار یقین دہا نی کرائی لیکن تاحال اسکالر شپ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ابھی تک طلباء کو یہ معلو م نہیں کہ اسکا لر شپ کس نے بند کیا ؟کیونکہ پولیٹکل ایجنٹ کہتے ہیں کہ اسکالر شپ گورنر کی طرف سے بند کیا گیا ہے جبکہ گورنر کے سیکرٹری کہ مطابق پولیٹکل ایجنٹ نے بند کیا ہے طلباء نے کئی بار احتجاج بھی کیا لیکن اسکالر شپ بحا ل نہیں ہوا، صرف ان سے وعدے کئے جاتے ہیں، جبکہ فا ٹا کے تمام طلبا ء کے سا تھ مذاق کیاجا رہا ہے
۔طلباء نے کہا کہ اس کے ساتھ گز شتہ دوسالوں سے گورنمنٹ ڈگری کالج کے مطالعاتی دورے پر بھی پابند ی لگا دی گئی ہے اور اس کے لئے فنڈ ز مہیا نہیں کئے جارہے ، اس سے پہلے ایسا کھبی نہیں ہوا ، جو اب طلباء کے ناانصافی ہے اور طلباء کو سخت احتجاج پر مجبور کر رہے ہیں ۔ طلباء نے کہا کہ ممبر قومی اسمبلی نے صرف وعدے کئے لیکن ابھی تک ایک وعدہ بھی ایفا نہیں ہو سکا ۔انہوں نے دھمکی دی کہ کہ اگر ما رچ تک طلبہ کا سکا لر شپ بحال نہیں کیا گیا تو وہ احتجا ج کا سلسہ شروع کرکے پاک افغان شاہرہ کو بند کر دینگے اور اس کی تمام تر ذمہ داری پولیٹکل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔