Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بارودی سرنگوں سے بھرے ریگستان میں زندگی کی جنگ لڑنے میں مصروف امریکی فوجی،سنسنی سے بھرپور نئی ہالی وڈ تھرلر فلم’ 'مائن‘ 'کا پہلا ٹریلرریلیز کر دیاگیا ہے ۔
فلم ’مائن ‘ کی کہانی ایک ایسے فوجی کے گرد گھومتی ہے جو ریگستان میں بارودی سرنگوں کے جال میں گھرا ہوا ہے ۔ وہ ماہر نشانے باز ہے لیکن اپنے مشن میں ناکام ہو جاتا ہے ۔
بارودی سرنگوں سے بھرے ریگستان میں زندگی اور موت کے درمیان پھنسے اس فوجی کو امداد کے لیے52گھنٹے انتظار کرنا ہوتا ہےمگر پھرایک کے بعد ایک مصیبت اسے گھیر لیتی ہے ۔
فلم 7اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کےلیے پیش کی جائے گی ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) داعش کی جانب سے سیہون شریف میں سخی لال شہباز قلندر کے مزار پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد وفاقی حکومت نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں داعش کے کارندے موجود ہیں ۔ اس موقف کا انکشاف وزیر مملکت  بلیغ الرحمان نے سینیٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں کیا ۔
ہفتے کے پہلے 2ایام میں پانچ خودکش حملوں کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے خصوصی احکامات پر بلائے گئے ان کیمرہ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں داعش ملوث ہے ۔
بریفنگ میں موجود چند ارکان نے نام نہ بتانے کی شرط پر بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ بلیغ الرحمان نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ”قوم کو داعش کا خاتمہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئیے“۔ارکان کا کہنا تھا کہ بریفنگ کے دوران وزیر مملکت پہلے تو دہشتگردی کے خلاف سرکاری موقف کو دہراتے رہے مگر پھر انہوں نے ملک میں دہشتگردی کی تازہ لہر کے پیچھے چھپی وجوہات اور حقیقی کرداروں کو بے نقاب کرنا پڑا ۔
بلیغ الرحمان نے سینیٹ کو بریفنگ کے دوران مزیدکہا کہ اس بات سے کوئی انکار نہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے جبکہ کچھ مطلوب دہشتگردوں کی حوالگی کیلئے افغان حکام کو ایک لسٹ بھی دی گئی ہے ۔
ارکان نے حکومت سے مطالبہ کیا اگر افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلا ف استعمال کرنے کے اقدامات کی روک تھام نہیں کر تی تو افغان مہاجرین کو فوری طور پر وطن واپس بھیجا جائے ۔”ہم گزشتہ تین دہائیوں سے لاکھوں افغانیوں کی مہمان نوازی کر رہے ہیں مگر ادھر سے بدلے میں خودکش حملہ آور بھیجے جا رہے ہیں“۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان مسلم لیگ ق کے ضلعی صدر عظمت خان داﺅدزئی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عظمت خان نے امیر مقام سے ملاقات کے دوران شمولیت کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہاکہ ہر روز بڑی تعداد میں عوام،سیاسی رہنمان لیگ میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور یہ میاں نواز شریف کی کارکردگی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اور پاکستان کی ترقی بھارت سے ہضم نہیں ہورہی ہے ،قیام امن ساری قوم کا مسئلہ ہے۔امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑ کر امن قائم کریں گے،پاکستان تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی تلاش کیلئے شہری انٹیلی جنس اداروں سے تعاون کریں،ہم نے دکھانا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی دیکھ کر ملک دشمن عناصر سازشوں میں لگے ہیں،دہشت گردی کاناسور ختم کرنے کیلئے قوم اورسیکیورٹی فورسز متحد ہیں۔آخر میں ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی ختم کرنے کے مشن میں نوازشریف کاساتھ دے،دہشتگردوں،سہولت کاروں پرنظررکھناپوری قوم کی ذمے داری ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) صحت سے متعلق تحقیقی کام کرنے والی تنظیموں نے حکومت کو آئندہ مردم شماری کے دوران 5 بڑی بیماریوں سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے کی تجویز دی ہے۔ حکومت کو ذیابیطس، بلڈ پریشر، موٹاپے، ہیپاٹائٹس اور عارضہ قلب سے متعلق بیماریوں کے اعداد وشمار اکٹھے کرنا کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تنظیموں کے مطابق ان بیماریوں سے متعلق آئندہ مردم شماری کے دوران ڈیٹا حاصل کرنے سے مستقبل میں ان سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ (پی ایچ آر اے بی) اور پاکستان کارڈیاک سوسائٹی( پی سی ایس) کی جانب سے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والی مردم شماری 5 اہم ترین بیماریوں سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے ہمارے پالیسی سازوں کے لیے اہم ترین موقع ہے۔

پی ایچ آراے بی کے ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ انہوں نے 2 ہفتے قبل وفاقی سیکریٹری برائے صحت سے اسلام آبا د میں ملاقات کے دوران مردم شماری کے دوران 5 اہم بیماریوں سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے مشورہ دیا تھا، تاکہ ان بیماریوں کے بوجھ کا اندازہ لگاکر قومی سطح پر مستقبل کے لیے ان سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔ ان کے مطابق اس وقت ہمارے پاس ذیابیطس، بلڈ پریشر، موٹاپے، ہیپاٹائٹس اور عارضہ قلب سے متعلق بیماریوں سے متعلق کوئی بھی معلومات دستیاب نہیں ہے، اس لیے ہم ان بیماریوں سے بچنے کے لیے کوئی بھی حکمت عملی تیار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت حتمی طور پر کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ ان بیماریوں کے کتنے مریض ملک میں موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں آنے والا ہر تیسرا یا چوتھا شخص ذیابیطس کا مریض ہوتاہے.
اسی تناسب سے ملک کی 25 سے 33 فیصد آبادی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ افراد دل کی بیماریوں سمیت ذیابیطس سے منسلک صحت کے دیگر مسائل میں مبتلا رہے ہیں‘۔ ان کے مطابق ملک میں ایک کروڑ کے لگ بھگ بچے موٹاپے کا شکار ہیں، جن کے آئندہ 10 سال کے دوران ذیابیطس یا دل کی بیماریوں کے مریض ہونے کے خدشات ہیں، یہ ایک خطرناک صورتحال ہے، حکام کو اس طرف توجہ دینی چاہئیے۔ پی سی ایس کے نو منتخب صدر پروفیسر ڈاکٹر نعیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز مریضوں کا ریکارڈ رکھنے کے عادی نہیں ہیں، اگر ڈاکٹرز بیماریوں، تجویز کردہ علاج اور دوسری معلومات اپنے پاس رکھیں تو یہ ڈیٹا بہت ساری بیماریوں کی روک تھام اور ان کا بوجھ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ پروفیسر افروز میمن کا کہنا تھا کہ عارضہ قلب کی بیماریاں ملک میں ہونے والے اموات کی ایک بڑی وجہ ہیں، مگر حکام کے پاس اس متعلق کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے، جس سے احتیاطی تدابیر مرتب کرنے میں مدد لی جاسکے۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)فیملی فائٹ کے بعد باکسر عامر خان نے رئیل فائٹ کی تیاری شروع کردی۔انہوں نے کہا ہے کہ اب اپنے ہی ویٹ میں عالمی ٹائٹل حاصل کروں گا۔انہوں نے فائٹ کے بعد پاکستان میں فلاحی کا م دوبارہ شروع کرنے کااعلان کر دیا۔
پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان نے ویلٹر ویٹ میں مقابلے کا اعلان کردیا۔عالمی ٹائٹل کے لیے فائٹ اپریل یا مئی میں ہوگی۔عامر خان کا کہنا ہے کہ یہ فائٹ امریکا یا انگلینڈ میں ہو گی۔ فائٹ کا چیلنج کرنے کیلئے کئی باکسرزکے نام زیر غور ہیں۔ عالمی ٹائٹل کے لیے زیادہ نام منی پکیو کا لیا جا رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شریک اپنے 4 کرکٹرز کو وطن واپس بلالیا ہے۔
 
اپنے ملک جانے والے کھلاڑیوں میں لاہور قلندرز کے جیسن روئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسٹیون فن، سیم بلنگز اور پشاور زلمی کے ایون مورگن اب ایونٹ کے بقیہ میچز میں اپنی فرنچائزز کو دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ یہ تمام کھلاڑی ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں انگلینڈ ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ انگلش ٹیم 25 فروری کو وارم اپ میچ سے کیریبئن ٹور کا آغاز کرے گی۔

 

 

.ایمز ٹی وی (تعلیم /ملتان) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہو ر کے وائس چانسلر روف اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ میں منشیات کو ختم کرنے کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے،

یونیورسٹی کے کیمپسزکو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے پراجیکٹ ایچ ای سی کو بھجوادیا گیا ہے ,جس کی منظوری آخری مراحل میں ہے .

ملتان کیمپس میں منفی سرگرمیوں میں ملوث اساتذہ کا تبادلہ کردیا ہے ماضی میں ہونے والا احتجاج طلبا کا نہیں آؤٹ سائیڈر کا تھا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) تاجروں، صنعت کاروں اور مینوفیکچررز نے ترکی اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ نئے آزاد تجارتی معاہدوں پر پابندی، مقامی صنعت کو تحفظ، برآمدات کو فروغ دینے کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال اور ایران سے اشیا کی اسمگلنگ کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے انٹیگریٹڈ مینوفیکچرنگ اینڈ ٹریڈ اسٹریٹجی متعارف کرانے کی تجویز دی ہے۔
یہ مطالبات پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کی جانب سے وفاقی حکومت کو بھجوائی جانے والی بجٹ تجاویز میں کیے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پاکستان بزنس کونسل نے حکومت سے کہا ہے کہ نہ صرف نئے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی ایز) پر پابندی عائد کی جائے بلکہ ماضی کے ایف ٹی ایز اور ترجیحی تجارت معاہدے (پی ٹی ایز) پر بھی نظرثانی کی جائے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کیے جائیں، موجودہ ایف ٹی ایز اور پی ٹی ایز پر نظرثانی کے لیے دوبارہ مذاکرات کے دوران تجارتی بہاؤ کے علاوہ 3 اہم مقاصد کو مدنظر رکھا جائے، اول ان معاہدوں کے نتیجے میں مقامی سطح پر زیاہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں، دوم ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہو اور سوئم نان کموڈیٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت پاکستان کے تجارتی خسارے میں کمی کے لیے کسی قسم کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہوئے جبکہ صرف چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے تحت پاکستان کے تجارتی خسارے میں ساڑھے 6ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا، چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر سال2006میں دستخط کیے گئے، اس وقت تجارتی خسارہ2.4 ارب ڈالر تھا جو 2015میں بڑھ کر9 ارب ڈالر ہوگیا جبکہ چینی اعدادوشمار کے مطابق 2006 میںتجارتی خسارہ 3.2 ارب ڈالر تھا جو 2015 میں بڑھ کر 14ارب ڈالر ہوگیا۔
دستاویز کے مطابق اعدادوشمار میں پایا جانے والا فرق انڈر انوائسنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ انڈر انوائسنگ کی وجہ سے پاکستانی اعدادوشمار کم ہیں جبکہ چین میں جو ویلیو ڈکلیئر ہورہی ہے اس کے مطابق یہ خسارہ زیادہ ہے جس سے یہ ثابت ہورہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارت میں 5 ارب ڈالر کے لگ بھگ انڈرانوائسنگ ہورہی ہے۔ دستاویز میں کہا گیا کہ تمام متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے انٹیگریٹڈ مینوفیکچرنگ اینڈ ٹریڈ اسٹریٹجی متعارف کرائی جائے، نئے ٹیکس دہندگان سے ٹیکس وصولی کو افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے مقرر کردہ کی پرفارمنس انڈیکیٹرز میں شامل کیا جائے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال اور ایران سے اسمگلنگ کو بھی روکا جائے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے درآمدی اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسز داخلی پوائنٹ پر وصول کیے جائیں، ڈیوٹی و ٹیکسوں کی یہ رقم ٹرانزٹ اشیا کے خارجی پوائنٹ پر ریفنڈ کردی جائیں تاکہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت منگوائی جانے والی اشیا کی مقامی مارکیٹ میں فروخت روکی جاسکے۔

 

 

 

ایمزٹی و(خیبر پختون خواہ)خیبر ایجنسی میں دوسرے روز بھی پاک فوج افغان علاقے پر گولہ باری جاری ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے اور 6دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں پاک فوج کی دوسرے روز بھی دہشت گردوں کے خلاف گولہ باری جاری ہے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ آج بھی پاک فوج کی پاک افغان بارڈر پر افغانستان کے علاقے رینا میں دہشت گردوں کے ٹھکانے گولہ باری جاری ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ جبکہ 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کے خلاف لنڈی کوتل کے علاقے میں پاک فوج نے کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں 17دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے ۔ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن سے پہلے مقامی افراد سے علاقہ خالی کرالیا تھا اور سو کے قریب خاندان علاقے کو خالی کردیا تھا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سبزیوں اور فیول کے نرخ بڑھنے سے پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زرکی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.599 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 2.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ 

پاکستان بیورو شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 16 فروری2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 21 اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جبکہ 8اشیا کی قیمتیں کم اور 24کی مستحکم رہیں، گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 23.09 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹماٹر کی ملک میں اوسط قیمت 44.73 روپے فی کلوگرام ہوگئی جبکہ زندہ مرغی 10.39 فیصد کے اضافے سے 143.32 روپے فی کلوگرام، آلو4.79 فیصد بڑھ کر24.96 روپے فی کلوگرام، پیاز2.31 فیصد بلند ہو کر 31.04 روپے فی کلو، کیلے 2.09 فیصد کے اضافے سے 74.65 روپے فی درجن، پٹرول کی قیمت1.45 فیصد بڑھ کر 72.13 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.26 فیصد چڑھ کر 81.38 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ 

دوسری جانب نہانے کا صابن0.92 فیصد، چائے کی پتی0.87 فیصد، ہڈی والا گائے کا گوشت0.76 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.72 فیصد، دہی 0.70 فیصد، لہسن0.62 فیصد، ویجیٹبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.50 فیصد، بکرے کا گوشت0.45 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.38 فیصد، تازہ دودھ0.37 فیصد، گندم0.13 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن) 0.10 فیصد، آٹا0.08 فیصد اور گڑ0.07 فیصد مہنگا ہوگیا۔ 

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی انڈے کے نرخ میں 7.01 فیصد ہوئی جس کے نتیجے میں انڈے 108.32 روپے درجن ہوگئے، دال چنا 2.60 فیصد، دال ماش2.30 فیصد، ایل پی جی سلنڈر 2.16 فیصد، چینی1.27 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی1.21 فیصد، دال ماش0.51 فیصداور دال مونگ کی قیمت میں 0.35 فیصد کی کمی ہوئی۔