Wednesday, 09 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(مانیٹرڈیسک)لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کر دی گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شہید جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرو لائن پر شہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈرز شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت بھی کی جہاں انہیں ایل او سی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائےگا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے 7 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ناقابل بیان مظالم کر رہی ہے، بھارتی حکومت دیوار پر لکھا پڑھنے میں ناکام ہو چکی ہے، بھارتی مظالم کےخلاف کشمیری عوام اٹھ کھڑے ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی افسوس ناک ہے، ایل اوسی پر کشیدگی کا مقصد دنیا بھر کی نظر کشمیر میں جاری مظالم سے ہٹانا ہے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کےخلاف دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتاہے، دفاع وطن کے لیے جان دینے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے جب کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( فیصل آباد )ٹریفک حادثات کے دوران 2 سالہ بچی سمیت چھ شہری جاں بحق ہو گئے ۔پولیس رپورٹ کے مطابق شاداب کالونی جھنگ روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ کے مابین تصادم کے نتیجہ میں25 سالہ عدنان مسیح زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال میں لائی جا نے والی347 ج ب کی 2 سالہ مسکان ،475 گ ب کے50سالہ حق نواز، 338 ج ب کی 19 سالہ اقراء ، بھلوال سر گودھا کے 28 سالہ عمران اور جڑا نوالہ کے40 سالہ اقبال نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا۔ہسپتال انتظا میہ نے قانونی کارروائی کے بعد نعشوں کو ورثا ء کے حوالے کردیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری 4دسمبر کو پاکستان آئیں گے ۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری قصاص ریلی کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے 4دسمبر کو لندن سے پاکستا ن کیلئے روانہ ہو نگے اور کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گے ۔وہ کراچی میں 2روز قیام کریں گے اور پھر پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات کیلئے لاہور آئیں گے ۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر القادری کی پاکستان آمد پر قصاص ریلی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔

طاہر القادری 15ستمبر کو لند ن کیلئے روانہ ہوئے تھے جس کے بعد یہ بتایا گیا تھا کہ وہ سانحہ ماڈ ل ٹاﺅن پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو ثبوت دینے گئے ہیں

 
 

 

 

ایمز ٹی وی ( لاہور ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز اگر ساتھ دیں تو قتل کے مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ میں ممکن ہو سکتا ہے ۔ اگر ایسا ہو جائے تو پھر دیکھیں ملک کہا ں سے کہاں پہنچ جائے گا۔

لاہور ہائی کورٹ کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلے میں جوڈیشری کا کرکٹ میچ ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کا کام بہت حساس ہوتا ہے اس کے لیے ایک صحت مند دماغ کاہونا ضروری ہے ۔

خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے مردوں کو گھروں سے ایکسرسائز کے لیے نکالیں ۔ وہ بھی اپنی والدہ کے کہنے پر روزانہ ایکسر سائز کرتے ہیں ۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ جوڈیشری کے کام کو اولیت دیں اور قتل کے مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ کے اندر کریں۔

چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے جوڈیشری کرکٹ ٹیموں کا میچ دلچسپی سے دیکھا اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقعے پر پولیس بینڈ[نے دلکش دھنیں بجائیں۔

 

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی)سندھ ہائی کورٹ نے 18افراد کی بازیابی کیس میں ڈی جی رینجرز اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ۔

سندھ ہائی کورٹ میں 18لاپتہ افراد کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلاءاور پراسیکیوٹر کی دلائل سننے کے بعد ڈی جی رینجرز سندھ ، سیکرٹری داخلہ ، آئی جی سندھ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے تمام فریقوں کو 15دسمبر تک تحریری جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کرد ی ۔ درخواست گزاروں نے استدعا کر رکھی ہے کہ 18افراد کئی ماہ سے لاپتہ ہیں جنہیں بازیاب کرایا جائے ۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی ( لاہور )لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کےبیٹےعلی موسیٰ گیلانی کی درخواست کی سماعت لاہورہائی کورٹ میں ہوئی جس میں درخواست گزار علی موسیٰ گیلانی نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا۔

سماعت کے دوران علی موسیٰ گیلانی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ چار برس سے بغیر کسی جواز کے علی موسیٰ گیلانی کا نام سے ایگزٹ کنٹرول میں شامل کیا گیا ہے۔

درخواست گزار علی موسیٰ گیلانی کے وکیل نےدلائل دیتے ہوئےکہا کہ چار برس تک کسی شہری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ایفی ڈرین کیس میں علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا ابھی کیس کا فیصلہ نہیں ہوا۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دےدیا۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم کے دلاور قریشی، پی ٹی آئی کے خرم شیرزمان اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اسمبلی کارروائی کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی کی جانب سے دوران قید یاد رکھنے پران کا شعر پڑھ کر شکریہ ادا کیا ۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے اسپیکر سے بولنے کی اجازت طلب کی اور کہا کہ محتاط ہوکر بات کرتاہوں تاکہ آپ ناراض نہ ہوجائیں۔
اس پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ آپ اسمبلی قوانین کی کتاب پڑھ لیاکریں، زیادہ بات نہ کریں۔
ایک موقع پر خرم شیرزمان نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی ،جس پر اسپیکر نے سیکریٹری کو گنتی کرنے کا حکم دیا ، بعدازاں کورم پورا ہونے پراسمبلی کی کارروائی دوبارہ شروع کردی گئی۔

 

 

ایمز ٹی وی ( لاہور )لاہورہائی کورٹ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لئے متفرق درخواست دائرکر دی گئی۔

درخواست مقامی وکیل غازی علم الدین ایڈووکیٹ نےدائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں فوج نےدہشت گردی کنٹرول کرنےمیں اہم کردار ادا کیا۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ پوری قوم انہیں آرمی چیف دیکھنا چاہ رہی ہےجبکہ حکومت بھی انہیں مدت ملازمت میں توسیع دینا چاہتی ہے۔

استدعاہےکہ حکومت کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کہا جائے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے 7 جوان شہید ہوئے جب کہ بھارت ایل او سی سمیت ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس سے جانی نقصان بھی ہورہا ہے اور ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی حکومت ہے، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی پر قابو پانے میں ناکام ہے اور کشمیریوں کی پوری نسل بھارت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، حالیہ بھارتی مظالم سے 100 سے زائد کشمیری شہید ہوئے لہذا عالمی برادری مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے جب کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی بھی مارے گئے جب کہ متعدد چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔