Wednesday, 09 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے 7 جوان شہید ہوئے جب کہ بھارت ایل او سی سمیت ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس سے جانی نقصان بھی ہورہا ہے اور ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی حکومت ہے، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی پر قابو پانے میں ناکام ہے اور کشمیریوں کی پوری نسل بھارت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، حالیہ بھارتی مظالم سے 100 سے زائد کشمیری شہید ہوئے لہذا عالمی برادری مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے جب کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی بھی مارے گئے جب کہ متعدد چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(ڈیرہ بگٹی) تحریب کاروں نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
نامعلوم سمت سے ایف سی چیک پوسٹ کے قریب 2راکٹ فائر کیے گئے تاہم راکٹ پھٹنے سے کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا ۔ حملے کے بعد ایف سی نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے علی الصبح ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تاہم راکٹ چیک پوسٹ پر نہیں لگے جس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) معروف سیاسی رہنماء نبیل گبول نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف پوری ایم کیو ایم کو ایک بار پھر متحد کرنا چاہتے ہیں تاہم اوائل میں وہ قیادت نہیں کریں گے۔ نئے اتحاد پر لندن قیادت کو بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم کی پتنگ کٹ گئی تھی تاہم فاروق ستار نے اُس کی ڈور سنبھالی اور اُسے آگے لے کر چلے، مہاجر ووٹرز بھی بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر شش و پنچ میں مبتلاء ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تاحال بانی ایم کیو ایم کی سپورٹ کررہی ہے اور سُنا ہے کہ 22 اگست کے واقعے کے بعد بھی پرویز رشید نے لندن جاکر الطاف حسین سے ملاقات کی۔ گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں نبیل گبول نے کہا کہ ’’عشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کی اہم وجہ سیاسی مداخلت اور بانی ایم کیو ایم کی خواہش تھی۔ نوازشریف نے سندھ میں اثرورسوخ دکھانے کے لیے عشرت العباد کو عہدے سے ہٹایا‘‘۔

منی لانڈرنگ اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہاکہ ’’حکومت الطاف حسین کو بچانا چاہتی ہے اس لیے منی لانڈرنگ کیس کے ثبوت لندن کو نہیں دیے گئے اور اسی طرح ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کو کمزور کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ ملزمان کو لندن کے حوالے کیا جائے گا یا نہیں؟‘‘

نبیل گبول نے عشرت العباد کے بطور گورنر مستعفیٰ ہونے پر کہا کہ ’’سابق گورنر کو اپنی سبکدوشی کی اطلاع ٹی وی پر نشر ہونے والی خبروں سے ملی تاہم تھوڑی دیر میں انہیں نوٹیفکیشن بھی موصول ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں بہت پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ عشرت العباد گورنر کی نشست سے استعفیٰ دے دیں گے‘‘۔

دبئی میں ہونے والی سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ ’’سابق صدر ٹکڑوں میں بٹی ہوئی ایم کیو ایم کو متحد کرنا چاہتے ہیں تاہم ابتدائی دنوں میں وہ ایک عام رہنماء کی حیثیت سے کام کریں گے مگر رکن اسمبلی بنتے ہی پتنگ کی ڈور سنبھالیں گے اور اس کی قیادت کریں گے‘‘۔

مصطفیٰ کمال کی آمد پر انکشاف کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہاکہ ’’انہیں یہ یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ بانی ایم کیو ایم کی حالت بہت خراب ہے اور وہ کسی بھی وقت دنیا سے رخصت ہوجائیں گے مگر الطاف حسین کی جڑی بوٹیاں اُن کے کام آئیں اور یہی بات مصطفیٰ کمال کی ناکامی کا سبب بنی‘‘۔

سابق رکن اسمبلی نے کہاکہ لندن اور بانی ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستار کو سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس لیے وہ پورے کراچی میں بہت آسانی کے ساتھ پارٹی کے پروگرام منعقد کررہے ہیں۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہےکہ دو ہزار اٹھارہ میں اپنا وزیراعلیٰ منتخب کروا کر سندھ کو ترقی دیں گے اور سکھر،لاڑکانہ، خیرپوراورٹھٹھہ کوکراچی کے برابر لائیں گے۔

کورنگی میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور تشدد ایک دوسرے کی ضد ہیں، دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے ایم کیو ایم اپنا بھر پور کردار ادا کرسکتی ہے۔

کنونیر متحدہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پہلے بھی متحدہ تھی اور آج بھی متحد ہے، یہ بکاؤ مال نہیں جس کے لوگ پیسوں کی وجہ سے ادھر اُدھر چلے جائیں جبکہ ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے کے خواہش مند افراد اور جماعتیں کے کارکنان خود منقسم ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں تاریخی اور فیصلہ کُن جلسہ کریں گے، ملکی میں برسوں سے قائم جاگیرداری، وڈیرہ شاہی اور کوٹا سسٹم کی باقیات کو مل کر ختم کریں گے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر اور متحدہ رہنما خواجہ اظہار الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہمارے استعفوں کا مطالبہ کررہے ہیں مگر ہم مستعفی ہوکر کراچی کسی کو نہ پلیٹ میں رکھ کر دیں گے اور نہ ہی ایسے عناصر کو اپنے علاقوں میں قابض ہونے دیں گے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ دبئی میں پرویز مشرف سے میری ملاقات کو اپنی خواہش اور خبر بنایا جا رہا ہے، ایم کیو ایم میں کوئی نوکری خالی نہیں اور اگر نوکری نکلی بھی تو اس کی جگہ ایم کیو ایم کے اندر سے پوری کی جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ اسمبلی کے احاطےمیں کھڑی پرانی سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس غائب ہوگئیں۔وزیر اعلی سندھ کےاحکامات کے باوجود گاڑیوں کی نمبر پلیٹس ایکسائز میں جمع نہیں ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں موجود پرانی سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس غائب ہیں اور خدشہ ظاہر کیاجارہاہےکہ سرکاری گاڑیوں کی غائب نمبرپلیٹس تخریب کاری کی کارروائیوں میں استعمال ہوسکتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابنیہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر عدم اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں امن وامان خراب کرنےوالوں کے لیے زیرو ٹالرنس ہے۔

اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کابینہ کے وزرا کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیاں نہ چلائیں ورنہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس کے علاوہ179 پرانی گاڑیوں کی نیلامی کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ 8نومبر کو سندھ کابینہ نے وزیراعلٰی سندھ کوسندھ حکومت کے 300 بنگلوں،فلیٹس اور کوارٹرز پر سابق افسران اور سیاسی شخصیات کے قبضے سے آگاہ کیاتھا جس پر انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان بنگلوں کوخالی کروانے کے اقدامات کریں۔

 

 

ایمزٹی وی (آزاد کشمیر) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 7فوجی شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 7فوجی شہید ہو گئے ۔
پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے بھمبر سیکٹر پر فائرنگ گزشتہ رات کی گئی تاہم پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے دوسری جانب بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک اڑی حملے کے بعد بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 178 خلاف ورزیوں میں 19 سویلین شہید اور 180 زخمی ہو چکے ہیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی دفتر خارجہ نے کئی بار انڈیا کے سفارکاروں کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے بھی اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر فائر بندی معاہدے کیی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ان کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم نواز شریف کے اہل خانہ نے پاناما لیکس کیس میں وکیل تبدیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی ۔وزیر اعظم کے بچوں نے سلمان بٹ کی جگہ اکرم شیخ کی خدمات حاصل کر لیں۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق پانا ما لیکس کیس میں وزیر اعظم کے بیٹے حسن نواز ،حسین نواز اور بیٹی مریم نواز نے اپنا وکیل تبدیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے استدعا کردی ۔

سپریم کورٹ میں وکیل تبدیل کرنے کے لیے درخواست ایڈ ووکیٹ آن ریکارڈ بیرسٹر رفاقت حسین نے جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ سلمان بٹ کی جگہ اکرم شیخ کو وکیل مقررکرتے ہیں ۔

واضح رہے کہ شریف خاندان کی جانب سے یہ فیصلہ پاناما لیکس کی سماعت سے ایک دن قبل لیا گیا ،کل سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملتان میں بوسن روڈ پر ایک نجی اسکول کے باہر اس وقت افراتفری اور کہرام کی فضاءپیدا ہو ئی جب لوگوں نے سکول کے احاطے میں انسداد دہشتگردی پولیس کی بھاری نفری ، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیوں کو مشقیں کرتے ہوئے دیکھا تو سمجھا گیا کہ اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی پولیس اور حساس اداروں نے اسکول انتظامیہ کی اجازت سے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک روزہ مشقوں کا آغاز کیا تاہم اسکول انتظامیہ نے ان مشقوں کے بارے میں نہ تو بچوں کو ہی آگاہ کیا اور نہ ہی والدین کو بتایا گیا جس کے باعث اس قسم کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ۔ دیکھنے والے یہی سمجھے کہ اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے جس کے باعث پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا ہے مگر ماجرہ اس کے برعکس تھا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین اسکول کے باہر پہنچ کر پولیس اہلکاروں سے منتیں کرتی رہیں کہ بچوں سے ملوادیں مگر انہیں مشقوں کا کہہ کر اندر جانے سے روکا گیا جس پر وہ مزید پریشان ہو کر روتی چلاتی رہیں ۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشقوں کے حوالے سے اسکول کے باہر نوٹس آویزاں کر رکھاتھا جسے چھٹی کے بعد کسی نے اتار دیا تاہم اس بارے میں انکا کوئی قصور نہیں ہے ۔

جب پولیس حکام سے اس بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھا اور اجازت نامے کے بعد ہی مشقوں کا آغاز کیا گیا تاہم خواتین کی پریشانی اسکول انتظامیہ کی غفلت ہو سکتی ہے ۔
پولیس کے مطابق ان مشقوں کا مقصد پولیس کی کارکردگی کو جانچنا ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کی صورت میں پولیس اہلکار اور دیگر ادارے کس طرح رسپانس کرتے ہیں ۔

 

ایمزٹی وی (پشاور)کے پی کے ہیلتھ کیئرکمیشن میں اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں میں گڑبڑ کی عوامی شکایات پر صوبائی وزیر صحت کی جانب سے دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

کمیٹی کو دس روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم مل گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی صوبائی اسپیشل سیکرٹری صحت مطاہر زیب اور ایڈیشنل سیکرٹری سہیل خان پر مشتمل ہو گی۔

ہیلتھ کیئر کمیشن میں چیف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈایئریکٹرز کی تقرری میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اقربا پروری کی نشاندہی شہریوں نے وزیر صحت شہرام ترکئی کو خطوط میں کی تھی۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے گھر والوں کے اثاثوں سے متعلق دستاویزات اور شواہد سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرادیئے ہیں، جمع کرائے دستاویزات اور شواہد 686 صفحات پر مشتمل ہیں جنہیں 5 بند ڈبوں میں جمع کرایا گیا ہے۔ ان دستاویزات میں شریف خاندان کے بینک اکاؤنٹس اور قرضہ جات کی تفصیلات سمیت اہم شواہد شامل ہیں۔

دستاویزات میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف جب پہلی مرتبہ پنجاب کے وزیر خزانہ بنے تو ان کی صرف ایک فیکٹری تھی لیکن وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ان کے پنجاب میں انڈسٹریل یونٹس تیزی سے بڑھے اور صوبائی وزیر خزانہ ہوتے ہوئے نوازشریف کی فیکٹریوں کی تعداد 20 ہوگئی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں منگل کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوگی جس کے لئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے حامد خان کو اپنا وکیل مقرر کردیا ہے۔