ویب ڈیسک: فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز ایک بار پھر متاثر ہوگئیں
فیس بک نے سروسز متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا فیس بک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ کچھ صارفین کو ہماری ایپس تک رسائی میں دشواری ہو رہی ہےجس کی وجہ سےصارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ہم چیزوں کو جلد سے جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ہم کسی بھی قسم کی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیںـ"
تاہم پاکستان میں فیس بک اور انسٹا گرام کی سروسز متاثر ہونے کی کوئی اطلاعات اب تک سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے دوسری مرتبہ فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
اس سے قبل پیر کے روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک،واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز 7 گھنٹوں تک متاثر رہیں جس کی وجہ سے صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں شعیب ملک کی واپسی پرپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا ہےکہ شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی کا سن کر اچھا لگا۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہےکہ شعیب ملک ایک سینیئر اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں، وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کےلیے بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ قومی کرکٹر صہیب مقصود ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر ہوگئے اور ان کی جگہ آل راؤنڈ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دوران صہیب مقصود کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد ان کی ورلڈکپ میں شرکت پر سوالیہ نشان تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ صہیب مقصود کے متبادل کے طور پر شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے قومی اسکواڈکوٹریننگ کی اجازت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے آرائیول کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے جس کے بعد اسکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت مل گئی ہے۔
شیڈول کے تحت قومی اسکواڈ اتوار کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کرے گا، پیر اور منگل کو قومی اسکواڈ کےٹریننگ سیشنز ایل سی سی گراؤنڈ لاہور میں منعقد ہوں گے، قومی اسکواڈ 14 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سینیریو میچ کھیلے گا، اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو یو اے ای روانہ ہوگا۔
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے 12 سال کی عمر کے طلبا کی کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دے دیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے طلبا کی ویکسینیشن کی عمر میں مزید کمی کردی۔
اس سے پہلے 15 سال کی عمر کے طلبا کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی تھی۔ اب 12 سال اور اس سے زائدد عمر کے طلبا کے لئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
این سی او سی کی ہدایت پر محکمہ تعلیم سندھ نے فیصلہ کیا۔ ویکسینیشن مہم کے دوران ڈائیریکٹوریٹ آف اسکولز کی ٹیم دورہ کرے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی نگرانی میں ویکسینیشن کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
اسلام آبادـ: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاوّل تک عشرہ شان رحمت اللعالمین منانے کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم کے مطابق عشرہ رحمت اللعالمین کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے عین مطابق ہے۔
اس سلسلے میں رحمت اللعالمین کانفرنس، نعتیہ مقابلہ جات، قرآت مقابلہ اور کوئزپروگرام کا انعقاد کیا جائے
گا۔
مقابلوں میں تمام آرمی پبلک اسکولز، فیڈرل گورنمنٹ اسکولز، او پی ایف سکولز،گورنمنٹ سکولز اور تمام دیگر پرائیوٹ اسکولوں کے طلباء مقابلہ جات میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پرفیڈرل بورڈ کی عمارت کو چراغاں بھی کیا جائے گا۔
لاہور: محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نےاسکولوں کے اوقات کارتبدیل کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق کووڈ 19 کیسزمیں کمی کے بعد تعلیمی اداروں کو100فیصد کھولنے کےفیصلہ کیاگیاہے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز کے نئے اوقات کارٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے ہفتہ بوائز اسکولز صبح45:8 سے دوپہر45:2 بجے جبکہ گرلزاسکولوں کی ٹائمنگ صبح30:8سے دوپہر30:2 بجےہوگی۔
جمعۃ المبارک کو سنگل شفٹ صبح30:8سے 00:12بجے اور ڈبل شفٹ دوپہر30:2 سے30:5 بجےتک ہوگی
اعلامیہ کے مطابق انصاف آفٹر اسکولزکی ٹائمنگسنگل شفٹ 30:8سے30:12اورڈبل شفٹ 00:1بجے سے00:5
بجے تک ہوگی۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق اسکولوں میں اسمبلی، اسپورٹس پروگرام،بزم ِادب سمیت تمام سرگرمیں بحال کردی گئی ہیں۔تمام نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت منعقد کی جائیں گی۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے زیراہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی میں ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ”اسپیس سائنس اینڈٹیکنالوجی“ کاانعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ کمیونیکشن کے شعبہ میں انقلاب انگیز ایجادات اور دریافت خلائی سائنس کا ہی نتیجہ ہے۔خلائی سائنس سے دنیا کو جدت اور فکر اور مراعات کے حصول میں مددمل رہی ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں وقت اور فاصلے محدود ہورہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ایران طویل عرصے سے پابندیوں کا شکار ہونے کے باوجودنہ صرف ضروریات زندگی کی تمام اشیاء خود تیار کرتاہے بلکہ ڈرون ٹیکنالوجی اور موبائل ٹیکنالوجی سمیت عصرحاضرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اشیاء کی فراہمی کو ملک میں موجودسائنسدانوں کی بدولت عوام تک پہنچارہاہے۔
انہوں نے ڈاکٹر جاوید اقبال کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی ملک میں مذکورہ شعبے سے متعلق افرادی قوت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جو لائقِ تحسین ہے
ڈائریکٹر انسٹی آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کا کلیدی کردار ہوتاہے۔انہوں نے پاکستان میں خلائی سائنس کی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمی خلائی ہفتہ ہر سال04 تا10 اکتوبر تک منایا جاتا ہے جس کا مقصد اسپیس سائنس سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو یہ آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہے کہ اسپیس سائنس کا ہم سب کی زندگی میں ایک کلیدی کردار ہے
سابق چیئرمین شعبہ جغرافیہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسن کاظمی نے ریموٹ سینسنگ کی عصرحاضر میں افادیت اور ترقی میں کردار پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اس حوالے سے بہت زیادہ کام ہورہاہے اور اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
کانفرنس کی سیکریٹری حرافاطمہ نے خلاء میں خواتین کے کردارکے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پہلی خاتون 1963ء میں خلا میں گئی۔ اب تک 65خواتین خلا میں جاچکی ہیں جس میں خلائی مسافر، خلا باز، پے لوڈ ماہر اور خلائی اسٹیشن کے شرکاشامل ہیں۔ خواتین 2001ء سے بین ا لاقوامی خلائی اسٹیشن پر کر رہی ہیں جوخلائی اسٹیشن ریسرچ پروگرام کا ایک اہم حصہ بن گئی ہیں۔ خلائی تحقیق میں خواتین کی شراکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ناسا نے 2024میں پہلی خاتون کو چاند پر اتارنے کا فیصلہ کیاہے۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملیر کیمپس میں اربن فاریسٹ قائم کیا جائے گا۔
اس حوالےسے گذشتہ روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور سندھ کے محکمہ جنگلات کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
دستخط کی تقریب سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے کامیٹی رو م میں منعقد کی گئی۔جس میں ایس ایم آئی یو کے رجسٹرار غلام مصطفے شیخ اور ڈویزنل فاریسٹ آفیسر مقصود احمد میمن نے دستخط کیے۔
معاہدے کے مطا بق ایس ایم آئی یو کے ملیر کیمپس میں کراچی کے مقامی پھلوں اور پھولوں کے بیس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ یہ پودے دس بلین ٹری سونامی مہم کے تحت لگائے جائیں گے۔ یہ مہم ڈیڑھ ماہ تک چلے گی جس میں تمام تیکنیکی معاونت صوبائی محکمہ جنگلات فراہم کرے گا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر ایس ایم آئی یو پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ ایس ایم آئی یو ماحولیات پر خاص توجہ دے رہا ہے۔ اسی لیے ہمارے ادارے میں انوئرمینٹل سائنس کا شعبہ بھی قائم ہے جہاں پر بی ایس سے لیکر پی ایچ ڈی تک تعلیم دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اس وقت ماحولیات کا چلینج بھی درپیش ہے جس پر ہم شجرکاری سمیت اس طرح کی ماحول دوست سرگرمیوں کے ذریعے قابو پاسکتے ہیں۔
اس موقع پر ڈین ڈاکٹر سید آصف علی ،ڈین ڈاکٹر جمشید عادل،ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ،پروجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر پلاننگ اور چیئرپرسن انوائرمینٹل سائنس بھی موجود تھے۔
کراچی: سندھ حکومت نےآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کےچھ اداروں کو صوبائی طبّی تحقیقی ادارے قرار دیدیا۔
سندھ حکومت نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے چھ(6)تحقیقی اداروں کو محکمہ ء صحت سندھ کے تحت صحت سے متعلق تحقیق کے مراکز قرار دے دیا ۔یہ چھ ادارے سندھ سے متعلق صحت کی نگہداشت پر ریسرچ کریں گے جس کا آفیشل نوٹیفیکیشن بھی جاری ہوچکا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے ہوا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ان چھ تحقیقی اداروں میں ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی، فارماسیوٹیکل ٹیسٹنگ لیبارٹریز (ایچ ای جے)، جمیل الرحمن سینٹرفار جینومکس (پی سی ایم ڈی)، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی (پی سی ایم ڈی)، سائنو پاکستان ٹریڈیشنل میڈیسن ریسرچ سینٹر (ایچ ای جے) اور سینٹر فار بائیو ایکویلینس اینڈ کلینکل ریسرچ (پی سی ایم ڈی) کے نام شامل ہیں۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نےگزشتہ روزایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہی۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت کے اس اہم فیصلے کے بعد یہ تحقیقی ادارے صحت کی نگہداشت سے متعلق اہم تحقیقی پروجیکٹس پر کام کریں گے تاکہ عام اور اہم امراض کی وجوہات اور روک تھام پر توجہ دی جاسکے۔
اسلام آباد: جامعہ اردو اسلام آباد کے ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہ ملنے اور اس سے پیدا شدہ صورتحال کے حل کے لئے نگران دفتر شیخ الجامعہ اور ڈپٹی چیئراے کیو خلیل کے طلب کرنے پر کراچی میں ملاقات کی اور طویل بات چیت کے بعد مالیاتی امور کا تفصیلی جائزہ کے بعدفیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے ملازمین کی تنخواہیں اگلے ہفتے ادا کردی جائینگی۔
ڈپٹی چیئر نے اساتذہ و عمّال کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کے معاملات کو اعلیٰ حکام اور اخبارات کی زینت بنانے کے بجائے تبادلہ خیال سے معاملات کے حل کو ترجیح دیں اور افسران میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ بحران پیدا ہی نہ ہونے دیں اور اگر باوجود پیچیدہ صورتحال پیدا بھی ہو جائے تو اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرکے باہمی افہام و تفہیم سے حل کریں۔
جامعہ اردوکےملازمین کاسراپااحتجاج
انھوں نے کہا کہ یہ دیرینہ مسائل 2016 سے چل رہے ہیں ہم نے ایچ ای سی کو گرانٹ بڑھانے اور ہنگامی گرانٹ کی درخواستیں بھی دیں جو نا منظور کردی گئیں۔
انھوں نے کہا کووڈ19 اور کئی اور وجوہات کی بنیاد پر بجٹ کی آمدنیاں متاثر ہوئیں کراچی اور اسلام آباد کے ملازمین ایک جیسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں کراچی کو تنخواہ اسلام آباد کی تنخواہیں روک کر جاری نہیں کی گئیں یہ غلط فہمی مذموم مقاصد کے لئے پیدا کی جارہی ہیں ہمارے لئے تمام ملازمین برابر ہیں انکے جائز حقوق کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی۔
وفد میں اسلام آباد کے کیمپس انچارج ڈاکٹر عامر ندیم اور اکاونٹس آفیسر حماد کیانی شامل تھے جنہوں نے معاملات کے حل پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ مل جل کر ادارے کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔