لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کے دورے کی منسوخی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
رمیز راجہ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ انگلینڈ کے دستبردار ہونے کے فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی ، ہمیں اُمید تھی کہ انگلینڈ ہماری مدد کو آئے گا انگلینڈ اور پاکستان کے کلچرل تعلقات بھی ہیں۔ انگلینڈ کا فیصلہ متوقع تھا کیونکہ ویسٹرن بلاک بد قسمتی سے اکٹھا ہوجاتا ہے ،یہ ایک دوسرے کو بیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور سکیورٹی کی بنیاد پر کوئی بھی فیصلہ کرلیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سب آجاتے ہیں وہاں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا تب انہیں ذہنی تھکاوٹ کا بھی ایشو نہیں ہوتا۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ہماری کرکٹ اکانومی بہت بڑی ہوتی تو یہ کبھی انکار نہ کرتے، ہمارے لیے سبق یہ ہے کہ ہمیں کرکٹ کی اکانومی کو بڑا کرنا ہے تاکہ ان کی دلچسپی برقرار رہے
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بات ہوئی تھی ،انہیں یہی کہا تھا کہ آپ نے ان کا بھی سوچنا ہے جو لوگ وہاں رہتے ہیں انہیں بھی مایوسی ہو گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگر ہمیں اسی طرح بلاک بنا کر روکا گیا تو ہم بھی آگے چل کر کسی کا لحاظ نہیں کریں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ سب ایک سبق بھی ہے ہم ان کی خواہشات کو سر آنکھوں پر رکھتے ہیں،ہمارے کھلاڑی قرنطینہ میں ان کی ڈانٹ ڈپٹ سنتے ہیں پھر بھی سہہ جاتے ہیں لیکن اب ہم بھی وہاں تک جائیں گے جہاں تک ہمارا فائدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دلچسپی یہ ہے کہ پاکستان میں کرکٹ رکنی نہیں ہے ،اگر کرکٹ برادری ہماری اس بات کا خیال نہیں رکھے گی تو اس کا پھر کوئی فائدہ نہیں ،مصیبت میں کرکٹ برادری ایک دوسرے کے کام آتی ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کام نہیں آئیں تو آگے ہمارے لیے مشکل ہو سکتی ہے ویسٹ انڈیز کی سیریز خطرے میں پڑ سکتی ہے جبکہ آسٹریلیا بھی پر تول رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا سارا ایک ہی بلاک ہے ،گلہ کس سے کریں یہ لوگ تو سب اپنے تھےلیکن انہوں نے اپنا بنا کر نہیں رکھا،یہ یہاں سے جانے کے لیے بہانے تلاش کرتے ہیں ،کبھی سکیورٹی کا کہتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں ذہنی طور پر تھک چکے ہیں۔
۔
لاہور: پاکستان اب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی نہیں کرسکتا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اب پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے سیریز کے لیے آنا بھی چاہے تو پاکستان 2023 سے قبل میزبانی نہیں کرسکتا کیوں کہ پاکستانی کرکٹرز اس دوران نہایت مصروف ہوں گے۔
مختلف ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اگر نیوزی لینڈ کرکٹ اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ دورے کا ارادہ کربھی لے تو پاکستان دسمبر 2022 سے قبل ان کی میزبانی نہیں کرسکتا اور 2023 میں ویسے بھی نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان شیڈول ہے۔
پاکستانی کرکٹرز کے لیے آنے والے مہینوں میں کافی مصروف شیڈول ہے اور 2022 سے قبل وہ کیویز سے ہوم سیریز نہیں کھیل سکتے۔
رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کو بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئے گی۔
اس کے بعد پاکستان سپر لیگ شروع ہوگی اور پھر آسٹریلیا کو مکمل سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
رمضان کے بعد پاکستان سری لنکا کا دورہ کرے گا اور پھر اسے ملتوی ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت کرنی ہے۔
اس کے بعد پاکستان انگلینڈ میں انگلینڈ کیخلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلے گا۔وہاں سے قومی ٹیم آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے روانہ ہوجائے گی۔
اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی 23-2022 میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔
پھر 2023 کے اوئل میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ہے اور اگر نیوزی لینڈ ملتوی کی جانےوالی حالیہ سیریز کی تلافی کرناچاہتا ہےتو اسے 2023 کے دورے کو طویل کرکے اس میں ہی اضافی میچز کھیلنے ہوں گے۔اس مقصد کے لیے انہیں پی سی بی سے پیش گی منظوری درکار ہوگی۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہہ چکے ہیں کہ ’یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ پاکستان اب اپنی ہوم سیریز
نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گا کیوں کہ ہم یہ ثابت کرچکے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔‘
کراچی: محکمہ بورڈز و جامعات کے خط کی روشنی میں او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے
انٹر بورڈ کراچی کے چیرمین ڈاکٹر سعیدالدین کی صدارت میں میں تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین شرف علی شاہ، حیدرآباد بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹر محمد میمن، میرپور خاص بورڈ کے چئیرمین پروفیسر برکات علی حیدری اور لاڑکانہ بورڈ کے چئیرمین پروفیسرپروفیسر نسیم میمن جبکہ نوابشاہ بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹر فاروق حسن اور سکھر بورڈ کے چئیرمین مجتبی شاہ نے آن لائن شریک تھے۔
جلاس میں تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی نے دسویں اور بارھویں کے طلبہ کو5فیصد اضافی نمبرز دینے کے فارمولے کو حتمی شکل دے دی گئی جس کے تحت 90 فیصد یا اس سے زائد نمبر لانے والے طلبہ کوبھی 5 فیصد نمبر دیئے جائیں گے اور ان کا اطلاق سب پر ہوگا اجلاس میں کہاگیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد لازمی ہے
اسی طرح انٹر سال اوّل اور نویں جماعت کے طلبہ کو 3 فیصد اضافی مارکس ملیں گے مگر عملی امتحانات( پریکٹیکل) میں اضافی نمبرز کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اسی طرح رپیٹر اور فیل شدہ امیدواروں پر بھی اضافی نمبرز کا اطلاق نہیں ہوگا۔
سندھ کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین بورڈز نے عدالتی احکامات کی روشنی اور محکمہ بورڈز و جامعات کے خط کی روشنی میں او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم کنٹرولنگ اتھارٹی کی جانب سے او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسر ان کا معاملہ وزیر تعلیم اسماعل راہو ( کنٹرولنگ اتھارٹی ) پر چھوڑ دیا گیا ہے
اجلاس میں تعلیمی بورڈز کو حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں کی مد میں 2 ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اس صورتحال کی وجہ سے بورڈز کو مالی بحران کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر اسماعیل راہو کے احکامات پر 18 گریڈ کے ڈپٹی کنٹرولر ظہیرالدین بھٹو کو میٹرک بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات کے عہدے کا چارج جب کہ لاڑکانہ کے 18 گریڈ کے سکندر علی میر جت کو کو سکھر تعلیمی بورڈ میں ناظم امتحانات کا چارج دے دیا گیا تھا اسی طرح میونسپل کمیٹی جوہی کے گریڈ 18 کے افسر احسن الہی بھٹو کو ڈیپوٹیشن پر نوابشاہ تعلیمی بورڈ میں 19 گریڈ کی سیکریٹری کی اسامی پر تعینات کیا جاچکا ہے۔
پشاور: صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئ کی زیرصدارت اسکولز میں کتابوں کی فراہمی کےحوالے سے اجلا س منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیرتعلیم شہرام خان کاکہنا تھاکہ تمام سرکاری اسکولوں میں گریڈ 1 سے 5 (SNC) اور 6 سے 12 تک کی کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔
ان کا اسٹیک ہولڈرز سے کہناتھا کہ وہ اگلے سال کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے (SNC) بک سپلائی کے انتظامات مکمل کریں۔
انہوں نے مزید بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن نے 9374 اساتذہ کو کامیابی سے تربیت دی ہے۔ انڈکشن پروگرام کے تحت تربیت آئی اے کلاس رومز میں ضروری تبدیلی لائے گی اور طویل عرصے میں طلباء پر مثبت اثر ڈالے گی۔ ہمیں تعلیمی میدان میں عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بار بار ایسی تربیت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئ کو چیرمین ڈی سی ٹی ای گوہر علی ٹیچرز نےٹریننگ رپورٹ بھی پیش کی۔
لیسٹر: نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ میں بم حملے کی دھمکی مل گئی۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ خواتین ٹیم سیریز کیلئے اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے اور دھمکی آمیز پیغام میں ہوٹل کو بم سے اڑا دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔
اگرچہ دھمکی آمیز پیغام کے بعد کیوی ویمن ٹیم کی پریکٹس منسوخ کر دی گئی تاہم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیموں کا تیسرا ون ڈے میچ شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے کیونکہ حکام نے دھمکی کو غیر مصدقہ قرار دے دیا تاہم کھلاڑی خوفزدہ ہیں اور وہ تحفظات کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا ہے جس کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا ہے۔
کراچی: داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی نے بیچلر ڈگری پروگرامز بیچلر آف انجینئرنگ ، بیچلر آف آرکیٹکچر اور بیچلر آف سائنس بی ایس پروگرام سال برائے 2021-22ء(بیچ 2021) میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن اور فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 24ستمبر تک توسیع کردی ہے ۔
جامعہ داؤد انجینئرنگ کے رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ کے اعلامیے کے مطابق داخلے کے خواہشمند امیدوار جامعہ کی ویب سائٹ پر اپنے کوائف کی رجسٹریشن کے بعد سندھ بینک کی مخصوص برانچوں میں ادا شدہ چالان پر ایڈمیشن فارم کوڈ حاصل کریں پھر اپنا داخلہ فارم آن لائن بھر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بیچلر آف انجینئرنگ کے 8شعبوں کیمیکل ، کمپیوٹر سسٹم ، الیکٹرونک ، انرجی اینڈ انوائرمنٹ ، میٹلرجی اینڈ میٹریلز ، انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ ، پٹرولیم اینڈ گیس اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ جبکہ بیچلر آف سائنس میں کمپیوٹر سائنس ، سائبر سیکورٹی ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) اور ریاضی کے شعبوں میں داخلے دیئے جارہے ہیں۔
داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد صرف کراچی میں ہوگا جس کے دن ، مقام اور وقت کے بارے میں بذریعہ ایڈمٹ کارڈ مطلع کیا جائے گا۔ دستی طور پر یا بذریعہ ڈاک / کوریئر موصولہ کسی درخواست فارم پر توجہ نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آبادنےسال 2021 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخ کااعلان کردیا ہے۔
وفاقی تعلیمی بورڈکےتحت انٹرمیڈیٹ کے پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان مورخہ 27 ستمبر 2021 بروز پیر بوقت 2 بجے کرے گا۔
جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود ہوں گے۔
مانیٹرنگ ڈیسک: عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی تصاویر کو اسٹیکرزمیں تبدیل کرنےوالا اہم فیچر متعارف کرانےکی تیاری کرلی۔
واٹس ایپ سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفوکے مطابق واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام کررہا ہے جو واٹس ایپ صارفین کو ان کی تصاویر اسٹیکرز میں تبدیل کرنے کی اجازت دے گا۔فی الحال تصاویر کو اسٹیکرز میں تبدیل کرنے کا فیچر تھرڈ پارٹی ایپ کے استعمال سے ہی ممکن ہے۔
اس حوالے سے ویب بیٹا کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک ہی فیچر پر کام نہیں کررہا ہے اور اس حوالے سے جلد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ اپنے صارفین جذبات کے اظہار کے لیے مختلف آپشن فراہم کرتا ہے، اسٹینڈرڈز ، تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ فیچر کے علاو واٹس صارفین کے لیے اسٹیکرز ، GIFs اور ڈوڈل بھی شیئرنگ کے لیے دستیاب ہیں۔
یہی نہیں واٹس ایپ اپنے صارفین کو مختصر ویڈیوز کو GIFs میں تبدیل کرنے کا موقع بھی دیتا ہے۔