دبئی: شاہینوں کا خوف کیویزکےاعصاب پرسوارہونےلگا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی میں پہلے ون ڈے میچ سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی تھریٹ کو جواز بناکر دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا، جس سے پاکستانی کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، اگرچہ نیوزی لینڈ کا بورڈ اپنے فیصلے پر چپ سادھے بیٹھ گیا مگرکیویز کو گرین شرٹس کی جانب سے میدان میں سخت جواب ملنے کا خوف ستانے لگا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی گروپ اے میں ہی موجود ہے جہاں پر اس کے مدمقابل سابق چیمپئنز پاکستان اور بھارت آئیں گے۔
کیویز کا پہلے 26 اکتوبر کو پاکستان سے شارجہ میں سامنا ہوگا، جس کا درجہ حرارت پہلے سے ہی بلند ہونے کی پیشگوئی کردی گئی ہے، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کھلاڑیوں کو ہدایت کرچکے کہ وہ ورلڈ کپ میں کیویز کو عمدہ کھیل سے ان کی حرکت کا جواب دیں۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ بھی اس حوالے سے محتاط تاہم معاملے کی شدت کو کم کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں، یواے ای آمد کے بعد ورچوئل میڈیا کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ ہمارے ٹور ختم کرنے کے حوالے سے ابھی تک تناؤ موجود ہے، جو کچھ پاکستان میں ہوا اس پر مجھے بھی بہت افسوس ہے۔
ان کے پلیئرز کے ساتھ ہمارے کھلاڑی بھی میگا ایونٹ کی تیاریوں کے موقع سے محروم ہوئے، ہم ماضی کو تبدیل نہیں کرسکتے، اب صرف ٹورنامنٹ کی تیاری ہی ممکن ہے، ہمارا پہلے سامنا پاکستان سے ہوگا، مجھے یقین ہے کہ ایک دلچسپ مقابلہ ہونا ہے، ویسے بھی ہمارے گرین شرٹس کے ساتھ میچز ہمیشہ ہی زبردست ہوتے ہیں، یہ بھی ان سے مختلف نہیں ہوگا۔ اسٹیڈ نے میگا ایونٹ کے میزبان وینیوز کی کنڈیشنز کے حوالے سے کہا کہ ہم اس حوالے سے کافی محتاط ہیں،آئی پی ایل میچز کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔
کراچی: عالمی یوم اساتذہ کے موقع پرڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن گورنمنٹ آف سندھ اورآل سندھ پرائیویٹ اسکولزوکالجز ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر تقریب منعقد کی گئی۔
منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نےخطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ اساتذہ زندگی کے سفر کے رہنما ہیں قابل استاد ہی ہمیں زندگی کی منازل طئے کرانے میں معاونت کرتے ہیں. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم دن ہے دنیا کو روشنیاں دینے والے اساتذہ ہی ہیں. دنیا کی تمام رونقیں و رعنائیاں اساتذہ کے دم سے ہی ہیں وزیر تعلیم نے اپنی تقریر کی شروعات اس شعر سے کی کہ: جن کے
کردار سے آتی ہے صداقت
انکی تقریر سے پتھر بھی پگھل جاتی ہے
انہوں نے کہا کہ آج استاد کی تعظیم کا دن ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی طئے کرنے کا دن ہے کہ ہمیں اپنے معاشرے کو کیا دینا ہے ہمیں خوداحتسابی بھی کرنی چاہیے.
اس موقع پر سندھ صوبے میں مختلف پرائیویٹ اسکول و کالجز کے منتظمین کے علاوہ شعبہ تعلیم میں بے مثال خدمات پیش کرنے والی مایہ ناز شخصیات شریک تھیں جن کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں محکمہ تعلیم کی طرف سے ایوارڈز سرٹیفکیٹس اور شیلڈز پیش کی گئیں.
کراچی: جامعہ کراچی نےیکم اکتوبر2021 ء کو ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق یکم اکتوبر2021 ء کو ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل ایل بی سال دوئم،بی اےایل ایل بی (آنرز) فورتھ ایئر اور ایم ایڈ(مارننگ وایوننگ)کایکم اکتوبر2021 ء کو ملتوی ہونےوالاپرچہ اب 08 اکتوبر2021 ء کو
منعقد ہوگا جبکہ بی ایڈ (مارننگ وایوننگ) کا یکم اکتوبر 2021 ء کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب 09 اکتوبر 2021 ء کومنعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ امتحانی وقت اور مرکز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی یوم اساتذہ پر کہناہے کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ استاد اپنے بہترین ٹیچنگ اسکل سے سندھ کے بچوں کا مستقبل سنواریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عالم کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج اساتذہ کا عالمی دن دنیا میں منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد استاد کی تعلیم کے حوالے سے خدمت اور استاد کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے اپنےپیغام میں مزید کہاکہ اس دن کے منانے سے استاد کے حقوق اور استاد کی زمہ داریوں کو فوکس کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے اساتذہ کی تنخواہیں اور دیگر مراعات کو بھرپور خیال میں رکھا ہے استاد کا پیشہ پیغمبری پیشہ ہے اور اس پیشے سے معاشرے اور استاد کی طرف سے ہر لحاظ سے انصاف ہونا چاہئے۔
کراچی: سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نےکامیاب جوان پروگرام کےبارے میں طلباء کی رائےاورتاثرات کاجائزہ لینےکےلیےایک آن لائن سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔
طلباء اور پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے سازگار ماحول میں اعلیٰ معیار کی تدریسی خدمات انجام دینے پر سرسید یونیورسٹی کے کردار کو بے حد سراہا اور کہا کہ یہاں کے اساتذہ قابل اور تجربہ کار ہیں ۔
وزیرِاعظم کے خصوصی مشیر اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے طلباء کے ساتھ براہ راست بات چیت کی اور پروگرام اور اس کی افادیت سے متعلق سوالوں کے جوابات دئے ۔
انھوں نے بتایاکہ ہم طلباء کو وہ کورسز کرا رہے ہیں جو انہیں ملازمت کے حصول میں بہت مدد دیں گے ۔ اس پروگرام کو مزید بڑھایا جارہا ہے ۔ یہ لائیوسیشن کرنے کامقصد آپ کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کرنا تھا تاکہ اس کا حل نکالا جاسکے ۔ سفیر ہونے کے ناطے اب آپ بھی اپنا کردار ادا کریں ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ معاشرے یا قوم کی ترقی ٹیکنالوجی کی ترقی سے منسلک ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اب ہر ادارے کی ضرورت بن گئی ہے ۔ کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں آئی ٹی کا کوئی کردار نہ ہو ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ جدیدیت کو فروغ دینے کے لیے ایسے ساز و سامان مہیا کئے جائیں جو نئے آئیڈیاز کو سامنے لانے کا باعث بنیں ۔
چانسلر جاوید انوار نے نشاندہی کی کہ اس قومی تعمیراتی عمل میں حکومتِ پاکستان اور NAVTTC کے ساتھ سرسیدیونیورسٹی ایک فعال شراکت دار کی حیثیت سےشریک ہے جو نوجوانوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی سرمایہ میں سرمایہ کاری کو یقینی بناتا ہے ۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلرکی جانب سے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا ۔ ہنرمند پروگرام کے پہلے بیچ کے لیے11000 اور دوسرے بیچ کے لیے13000 درخواستیں موصول ہوئیں جوکہ سندھ میں ہنرمند افراد کی تربیت کرنے والے اداروں میں سب سے بڑی تعداد ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ166 نوکریاں دی گئیں ۔ ۔ بیچ 2 میں پانچ کورسز میں 350 طلباء رجسٹرڈ ہیں ۔ بیچ 2 کے PMP کورس مکمل کرنے کے بعد 100 میں سے 67 طلباء مختلف اداروں میں کام کر رہے ہیں ۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرطاہر فطانی نے پروگرام کی پروگریس کے بارے میں بتایا ۔
پنجاب : وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کاکہنا ہے کہ اساتذہ ہمارے معاشرے کا اہم ترین ستون ہیں ۔
انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن پرٹوئیٹرپرپیغام جاری کیاہے جس میں انکاکہناہے کہ اساتذہ سے بہتر طلباء کی زندگیوں پرکوئی بھی اثر اندازنہیں ہوتے ۔
براہ کرم اپنی تمام مہربانی اور محبت طلباء کو دیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پیارے ملک پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے معزز اساتذہ کا ہمیشہ احترام کریں۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخواہ کے تحت داخلہ مہم ' پکاررہی ہے اسکول کی گھنٹی'زور و شور سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم خیبرپختونخواہ شاہرام خان ترکئی کاکہناہے کہرواں سال تعلیمی سال میں ہم نولاکھ سے زیادہ بچےاسکول داخل کرانے میں کامیاب ہوئےداخلہ مہم میں ہدف آٹھ لاکھ بچوں کاتھا خیبرپختونخواہ ٹارگٹ سےکہیں زیادہ بچوں کو اسکول لانے میں کامیاب ہوئے۔
داخلہ مہم میں ـ' اسکول کی گھنٹی کی پکار' خیبرپختونخواہ کے کونے کونے تک پھیلی جسے سب نے دیکھااور سنا۔
پشاور : وزیرتعلیم خیبر پختونخواہ شاہرام خان ترکئی کااساتذہ کےعالمی دن پرپیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپر انہوں نے کہا کہ اساتذہ کےعالمی دن پرمیں اپنے تمام اساتذہ کے ساتھ اپنے دل کی بات شیئرکرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سب کے مقدس مقصد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں اصل لگام آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ قوم بنانے والے ہیں آپ ہمت ، کامیابی اور طاقت کا مظہر ہیں
برلن: کامیڈی کنگ عمرشریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں عمر شریف کی جنازہ نماز ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پاکستانی سفارتی عملے کے علاوہ جرمنی بھر سے آنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔
عمرشریف کے بیٹے کے مطابق ان کے والد کی میت منگل یا بدھ کوکراچی لائی جائے گی تاہم ابھی اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ میت کوچارٹرڈ فلائٹ یا پھرعام پروازکے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔
نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل عمرشریف کی میت ورثا کے حوالے کی گئی۔ عمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے کے بعد میت کو مقامی مسجد منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ عمرشریف کی میت گلشن اقبال، کے ڈی اے نزد صدیق اکبرمسجد والے گھرسے اٹھائی جائے گی، جب کہ نمازجنازہ عمرشریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بلوچستان سے آنے والے پبلک ہیلتھ کےطلباءکےاعزازمیں استقبالیہ دیا۔
یہ طلباء یو ایس ایڈ کے تعاون سے ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر برائے جامعات اور بورڈز اسماعیل راہو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مدد سے اس خصوصی پروگرام کے شرکاء طلبہ وطالبات کو خوش آمدید کہا اور پبلک ہیلتھ کے حوالے سے ان کی تربیت کو ملک میں صحت کے شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا۔
امریکی قونصل جنرل مارک سٹرو نے کہا کہ کرونا وبا کے دور میں پبلک ہیلتھ اور باہمی تعاون کی ضرورت دوچند ہو گئی ہے، مجھے پاکستانی پبلک ہیلتھ ماہرین کے ساتھ ان کے ادارے کی وابستگی پر فخر ہے۔
جے ایس ایم یو کےوائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بین الصوبائی تعاون کی بہترین مثال ہے۔
ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ پروجیکٹس کے ذریعے پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ملکی ماہرین کی استعداد بڑھانا ان کے ادارے کے مشن کا حصہ ہے۔
تقریب سے بلوچستان کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈپارٹمنٹ سیکرٹری عزیز احمد جمالی، جان سنو انکارپوریٹڈ سے بابر تسنیم شیخ، ویمن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر ثمرین حسین نے بھی خطاب کیا۔تقریب کی نظامت پروگرام ڈائریکٹر زعیمہ احمر نے کی۔