ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے تک حکومت کو کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں کو امدادی رقم دینے سے روک دیا۔ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ارکان نے حکومت کی جانب جاری کسان پیکیج کے خلاف درخواست کی سماعت کی، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کسان پیکیج کی 3 میں سے 2 شقوں پر عملدرآمد کی اجازت دے دی تاہم بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تکمیل تک حکومت کو ساڑھے 12 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو امدادی رقم دینے سے روک دیا گیا ہےجبکہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کاشتکاروں کے لئے قرضوں کی فراہمی پر سودمیں کمی اور پیداوار میں اضافے کیلئے امدادی رقم دوگنا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے سال 16-2015 کے مالیاتی بجٹ میں لگائے گئے نئے ٹیکسز کی مد میں حاصل ہونے والی 40 ارب روپے کی رقم اندرون ملک بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی بحالی اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیکسز اُن پُرتعیش اشیاء پر لگائے ہیں یا بڑھائے ہیں جو امراء کے استعمال میں ہیں۔انھوں نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ ٹیکسز میں حالیہ اضافہ عام آدمی کی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوگا۔لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے سال 16-2015 کے مالیاتی بجٹ میں 40 ارب روپے کے ٹیکسز کا اضافہ (شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب سے متعلق) متعدد مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ ’ آپ سب بہتر جانتے ہیں کہ 2015 وہ سال ہے جس میں آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کی بحالی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے پیرس میں نوازشریف اور نریندرمودی کی ملاقات کوخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔اس حوالے سے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پاکستان اوربھارت کے درمیان اختلافات اورمسائل کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کاحامی ہے۔ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان سرد مہری میں کمی آئے گی۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتن کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ یہ ثابت کردیں کہ ترکی داعش سے تیل خریدتا ہے تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق روسی صدر ولادی میرپیوتن کی جانب سے گزشتہ روز ترکی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ داعش سے تیل خریدتا ہے جس کے بعد ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی روس سمیت ایران، آذربائیجان، عراق، الجزائر، قطر اور نائجیریا سے تیل اور گیس خریدتا ہے تاہم روس کی جانب سے عائد کی گئی اقتصادی پابندیوں کا جواب دینے کے لئے تحمل سے کام لیں گے ، جذباتی بیانات اسٹریٹیجک سطح کی شراکت داری رکھنے والے دو اہم ملکوں کے درمیان مثبت اقدام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہمارے تیل حاصل کرنے کے ذرائع سب کے سامنے ہیں۔
ایمزٹی وی(گوجرانوالہ)آرمی ایو ایشن اسکول گوجرانوالہ میں بیسک پائلٹ کورس کی گریجویشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر فوجی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں جدید ایوی ایشن کی اہلیت بہت اہم ہے جب کہ مادرِ وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے آرمی ایوی ایشن میں بہتری آئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی ایو ایشن نے ضرب عضب میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا اور قدرتی آفات میں بھی آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے۔
ایمز(کھیل)انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز میں غیر ضروری رنز لینے کی کوشش میں وکٹیں گنوانے پر اب پاکستانی بلے بازوں کو کڑی تنقید کا سامنا ہے۔پاکستانی بلے بازوں کو رنز بنانے کی کوشش میں بوکھلاہٹ کا شکار ہونے پر نئے فقدان میں مبتلا ہونا کہا جارہا ہے۔واضع رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ااور ون ڈے کے دوران رنز بنانے کی کوشش میں پاکستانی بلے باز دو بار ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے تھے۔پاکستانی کھلاڑی اور کوچز کو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر عوام اور میڈیا کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ رن آﺅٹ ہونے کے معاملے آسٹریلیا پہلے جبکہ پاکستان دوسرے نمبر پر ہے
ایمزٹی وی(راولپنڈی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نےگزشتہ روز کراچی میں شہید ہونے والے ملٹری پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی جی آئی اسی پی آر عاصم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں شہید ہونے والے ملٹری پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہ دہشت گردی کی کارروائیوں کا مقصد ضرب عضب کی پیشرفت روکنا ہےتاہم ایسی کارروائیاں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔اس حوالے سے ان کا مزید کہناتھا کہ انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ہر حد تک جائیں۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)بھارتی سرحد بند ہونے کے باعث نیپال میں خوراک اور ادویات کی کمی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بچوں میں شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے عالمی ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ نیپال میں موسم سرما کے آتے ہی ایندھن ، خوراک، ادویات اور ویکسینز کی قلت سے30 لاکھ سے زائد عمر بچوں کی ہلاکت یا بیماریوں کا خطرہ لاحق ہے۔نیپال میں 60 فیصد ادویات کے علاوہ تیل، خوراک اور دیگر اشیا بھی بھارت ہی سے نیپال آتی ہیں۔بھارتی سرحد بند ہونے کے سبب خوراک اور ادویات کی کمی ہوگئی ہے جب کہ نیپال کی مہیسی اقلیت کا کہنا ہے کہ نئے آئین میں ان کو حقوق نہیں دیے گئے ہیں جس وجہ سے انہوں نے نیپال اور بھارت کی سرحد کو دو ماہ سے بند کیا ہوا ہے جس سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ایمزٹی وی(انٹر نیشنل) سعودیہ عرب نے یورپی ممالک میں شام سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کے خلاف نفرت اور نسل پرستی کے مظاہروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودیہ عرب کے داراحکومت ریاض میں شاہ سلیمان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس ہوا جس میں مغربی ملکوں میں مسلمانوں کے خلاف جاری منافرت پر مبنی پالیسی پر بحث کی گئی۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی ذرائع ابلاغ اس معاملے میںاپنا اہم کردار ادا کریں۔ظالم حکومتوں اور دہشت گرد تنظیموں سے تنگ آکر مسلمان پناہ گزین دوسرے ملکوں کو ہجرت پر مجبور ہیں۔انسانی جذبے کے تحت ان کی مدد کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کےامیدواروں کو کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئےوزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام نےایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ مسلم لیگ(ن)کی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور اسی طرح وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری رہے گا۔انکا کہنا تھا کہ عوام دھرنا سیاست کےذریعے ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے بےزارہو چکے ہیں جب کہ عوام نےاسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں بھی شرافت، خدمت، دیانت اورامانت کی سیاست کو کامیاب کرایا ہے جوکہ خوش آئند ہے۔