وزیراعظم عمران خان نے ملک کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں۔
پاکستان کو افراتفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے، چین میں بھی لاک ڈاوٴن کے دوران نوجوانوں نے ہی ذمہ داری سے فوڈ سپلائی بحال رکھی تھی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف فنڈ قائم کرنے اور نوجوانوں پر مشتمل ٹائیگر فورس بنانے کا بھی اعلان کیا ہے جو گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی۔
پولیس نے بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر 403 شہریوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔
سی سی پی او ذوالفقار حمید نے خبردار کیا کہ شہری بلاوجہ گھروں سے باہر آئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی، کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے گھروں میں ہی رہیں۔
ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور میں 229 پولیس ناکے لگائے جہاں پر 35376 افراد کی چیکنگ کی گئی۔
لاک ڈاؤن میں مجموعی طور پر 25632 گاڑیوں کو چیک کیا جن میں 15056 موٹرسائیکلز، 4262 رکشے، 4075 کار اور 557 ٹیکسیاں شامل ہیں۔
وارننگ کے باوجود گھروں سے باہر آنے والے 403 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 33571 افراد کو پولیس نے وارننگ دے کر چھوڑ دیا اور 1394 افراد سے آئندہ حکومتی ہدایات کی پاسداری کے حلف نامے لئے۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں سواریاں لے جانے والی ٹرانسپورٹ کو تھانے میں بند کرکے مقدمہ درج کیا جائے اور سواریوں کو بھی گرفتار کیا جائے، گزشتہ روز بھی راوی روڈ پولیس نے ٹرک میں شہر سے باہر فرار کی کوشش میں درجنوں افراد گرفتار کیے تھے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تردید کردی۔
گزشتہ روز لندن کے ایک نیوز چینل نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر نشر کی تھی ۔ یہ خبر نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھی۔ تاہم سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کا کورونا کووڈ 19کا ٹیسٹ مثبت آنے کی غیر ملکی ٹی وی چینل کی خبر تردید کردی ہے۔
فیصل جاوید نے ٹوئٹر پرجاری بیان میں کہا وزیراعظم عمران خان سے متعلق کورونا کے مثبت ٹیسٹ کی خبر الحمداللہ غلط ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے غیر ملکی ٹی وی چینل کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا براہ کرم جعلی خبر پھیلانے سے گریز کریں اللہ تعالیٰ سب کو سلامت رکھے۔
چین حکومت کی طرف سے امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ کورونا ماہرین پر مشتمل چینی ڈاکٹروں کی 8رکنی میڈیکل ٹیم ارمچی سے خصوصی پرواز کے ذریعے امدادی سامان لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلی حکام نے چینی ڈاکٹرز کا استقبال کیا۔
چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کورونا سے بچاؤ اور کورونا پر ریسر چ کیلیے لاہور میں اسپتال قائم کر نے کا اعلان کردیا، چینی یونیورسٹی پاکستان کو کورونا ٹیسٹ کی کٹس ، ماسک اور دستا نے بھی عطیہ کر یگی۔
چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز لاہور نے مشترکہ ریسرچ گروپ بھی بنالیا، چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وفد آئندہ ہفتہ لاہور آئے گا۔
گورنر پنجاب اور چانسلر یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز چودھری سرور ، وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکر م ، لاہور میں چینی قونصل جنرل لونگ ڈینگ بن اور چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر لی سونگ اور چینی قونصل جنرل لونگ ڈینگ بن کے درمیان ویڈیو کانفر نس گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی جس میں گورنر پنجاب نے چینی حکام کو پنجاب میں کورونا سے پیدا ہونیوالے حالات اور مریضوں کی تعداد سمیت دیگر امور کے بارے میں بتایا۔
گورنر پنجاب کی درخواست پر چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کورونا کیخلاف یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کیساتھ ملکر کام کرنے کا اعلان کیا اور اس کے لئے لاہور میں کالا شاہ کاکو کے مقام پر چینی کن مینگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز لاہور کے کیمپس میں ہسپتال بھی بنائے گی اور آئندہ ہفتے چینی یونیورسٹی کا وفد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور بھی آئیگا۔
کراچی میں لیاقت نیشنل اسپتال کے ایک ڈاکٹر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، اسپتال ترجمان کے مطابق ایک ریڈیولوجسٹ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ ڈاکٹر رائے ونڈ تبلیغی اجتماع سے واپس آئے تھے، واپس آنے پر ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔
اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں جب کہ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے دیگر عملے کو بھی چھٹیاں دے دی گئیں ہیں،تمام افراد نے گھروں میں خود کو سیلف کورنٹائین کرلیا ہے، علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔