کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کی سربراہی میں کانووکیشن برائے2020کے انعقاد کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کانووکیشن میں شرکت کیلئے طلبہ کی رجسٹریشن کرانے کی تاریخ میں 28 فروری2020تک توسیع کردی گئی ہے۔ اس میں سال2012سے2019تک کے گریجویشن، ماسٹرز،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے کامیاب طلبہ اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
رجسٹریشن فارم جامعہ اردو کی ویب سائٹ www.fuuast.edu.pk پر دستیاب ہے جسے آن لائن پُر کیا جاسکتا ہے۔ رجسٹریشن فارم کے ساتھ5ہزار روپے کا پے آرڈرکسی بھی بینک سے بنواکر منسلک کرنا ہوگا۔کانووکیشن کی معلومات کی فراہمی کیلئے گلشن اقبال و عبدالحق کیمپسزمیں کاؤنٹر بنادیئے گئے ہیں۔اجلاس میں رئیس کلیہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام شعبہ جات کے چیئرمینزکو اس بات کا پابند کریں کہ ان کے شعبے کے تمام اساتذہ 2019 کے امتحانات کے نتائج جلد از جلد شعبہ امتحانات میں جمع کرادیں۔
اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر،رکن سینیٹ ڈاکٹر سید طاہر علی،سابق ارکان سینیٹ ڈاکٹر افتخار احمد طاہری، نجم العارفین،خزانچی عاصم بخاری، ناظم امتحانات غیاث الدین،ڈپٹی رجسٹراراسٹیبلشمنٹ ثمرہ ضمیر،ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک راشدہ خاتون سمیت رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹرمحمد زاہد، رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر مہہ جبین اورانچارج کلیہ اسلامی تعلیمات ڈاکٹررابعہ مدنی نے بھی شرکت کی۔
کراچی : جامعہ کراچی میں 5 فروری بروزبدھ کو یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا،شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انتظامی عمارت تا آزادی چوک واک کی گئی اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نےاس تقریب سے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات،ڈائریکٹرایچ ای جے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدی،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد،،صدورشعبہ جات ،طلباوطالبات اور ملازمین کی کثیر تعدادموجود تھی۔
اسلام آباد: پاک فوج کے ہوا بازوں کو فرانسیسی کوہ پیما کو بچانے پر فرنچ نیشنل ڈیفنس برانزمیڈل سےنوازا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوری 2018 میں ایک فرانسیسی کوہ پیما مس الزبتھ ریوول نانگا پربت میں پھنس گئی تھیں، جس کو بچانے کے لئے فرانسیسی سفارت خانے نے پاک آرمی سے درخواست کی۔
پاکستان آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے فرانسیسی سفارت خانے کی درخواست پر کوہ پیما کو بچایا، جس پر انہیں فرانس کے اعلیٰ عسکری ایوارڈ سے نوازاگیا۔پاکستان آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس کو میڈلز دینے کے لئے آرمی میوزیم میں خصوصی ایوارڈ زتقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، سینئر آرمی آفیسرز اور پاک آرمی ایوی ایشن کے آفسران نے شرکت کی۔
کراچی: وزیر تعلیم سعید غنی نے محکمہ تعلیم کا عہدہ سنبھالتے ہی انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ۔
انہوں نے کالجز ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی ہیں کہ سندھ بھر کے کالجز کی مانٹیرنگ شروع کرنے اور کالجوں کی اسمبلی08:30 پرشروع کرنے کیساتھ طلبہ کےلیے یونیفارم کو لازمی قراردینےکے ساتھ ہی اچانک کالجوں کادورہ کرنے کا عندیہ بھی دیاہے۔
اس حوالے سے کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی نغمہ جاری کیا ہے۔
اس نغمے کو 4 فروری بروز منگل کو جاری کیا گیا،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے نغمے کے بول ہیں ’’کشمیر ہوں میں‘ شہ رگ پاکستان کی‘‘ کتنے وانی تو مارے گا‘ میرے ہر بیٹے نے کھائی قسم ایمان کی۔
<iframe width="560" height="315" src="https://www.youtube.com/embed/_0BZx4ZkXiA" frameborder="0" allow="accelerometer; autoplay; encrypted-media; gyroscope; picture-in-picture" allowfullscreen></iframe>
اس نغمےکی ویڈیو میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی اصل فوٹیجز بھی دکھائی گئی ہیں۔ جوش وجذبےسے بھرپور آئی ایس پی آر کے یکجتی کیلئے جاری کئے گئے اس نغمے کو گلوکارساحر علی بگا نے گایا ہے۔
کراچی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ایف بی آر حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، لیکن ایف بی آر اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکس وصولیوں کا ہدف کم کرنے اور اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کے لئے ریگولیٹری ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹیوں کی شرح میں کمی پر ااتفاق نہیں ہوسکا۔آئی ایم ایف نے حکومت کو مزید نئے ٹیکس لگانے اور آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 300 ارب روپے سے زائد کی ڈیوٹی و ٹیکس پر رعایت ختم کرنے پر زور دیاہے۔
جی ایس ٹی کے حوالے ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مزید ٹیکس لگانے یا درآمدات بڑھانے سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا، تاہم آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پہلے ہی شارٹ فال بہت زیادہ ہے اور اگر ڈیوٹی ٹیکسوں میں کمی کی گئی تو اس سے ادائیگیوں کے توازن میں بگاڑ کے ساتھ ساتھ ذرمبادلہ کے ذخائر بھی متاثر ہونے کا خطرہ ہے اور ایکسٹرنل فرنٹ پر آنے والی بہتری بھی متاثر ہوگی۔
آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ ہفتے پالیسی سطح پر مذکرات ہوں گے جس میں معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی ،آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات کی کامیابی پرپاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملنے کا امکان ہے، جب کہ پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکی ہیں۔
کراچی : وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان بھرکے تعلیمی بورڈز پر مشتمل ادارے ’’انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز‘‘ (آئی بی سی سی) کی سربراہی نجی تعلیمی بورڈ ’’آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈکراچی‘‘ کےسپرد کر دی ہے اور وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت (منسٹری آف ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ) کی جانب سے اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیاگیا۔
انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمینز پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز کاایک مشترکہ آفیشل فورم ہے جس میںایک نجی ادارے آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کےتمام ادارے سرکاری ہیں، اس میں سندھ کے 7 تعلیمی بورڈز کا ایک گروپ، پنجاب کے تعلیمی بورڈکاایک گروپ ،خیبرپختنخواہ کے تعلیمی بورڈزکے ایک گروپ،صوبہ بلوچستان کا ایک تعلیمی بورڈ، ایک وفاقی تعلیمی بورڈ، آزادکشمیرتعلیمی بورڈ اور گلگت بلتستان تعلیمی بورڈکے ساتھ ساتھ آغاخان یونیورسٹی تعلیمی بورڈ‘‘ پر مشتمل ایک علیحدہ گروپ ہے اورہرسال آئی بی سی سی کی سربراہی کسی ایک صوبے کے سرکاری تعلیمی بورڈزکےسپرد کی جاتی ہے۔
تاہم اس بارجب کسی ایک بورڈکوآئی بی سی سی کی چیئرمین شپ سونپی جانی تھی نجی ادارے آغا یونیورسٹی تعلیمی بورڈکوآئی بی سی سی کی سربراہی دیے جانے کی تجویز سامنے آئی اور اس تجویز کی روشنی میں وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے آئی بی سی سی کی سربراہی آغاخان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے سپرد کرنے کانوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیا۔
یادرہے کہ ملک بھرکے تعلیمی بورڈز پر مشتمل آئی بی سی سی حکومت پاکستان کاوہ مجاز ادارہ ہے جسے’’اے اوراولیول‘‘سمیت دیگر غیرملکی تعلیمی بورڈز کی اسناد کو مساوی قراردینے یااسے مستردکرنے کا اختیار حاصل ہے۔
کراچی: سندھ کے صوبے کو بالآخر 6 ماہ بعد سعید غنی کی صورت میں وزیر تعلیم مل گیا۔ سندھ کا سب سے بڑا اور اہم محکمہ تعلیم گزشتہ سال 5 ؍ اگست کو وزیر تعلیم سے محروم ہوگیا تھا جب اچھی کارکردگی کے باوجود سردار علی شاہ سے محکمہ تعلیم کا قلمدان لے لیا گیا تھا حالانکہ سردار شاہ نے اپنے دور میں ایک عمدہ مثال پیش کی.
جب انہوں نے اپنی بیٹی اور بھتیجی کا داخلہ سرکاری اسکول میں کرایا تھا مگر اس کے باوجود ان سے محکمہ تعلیم لے لیا گیا اور اس عہدے کا چارج وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے پاس رکھا جس کے بعد محکمہ تعلیم پر بیوروکریسی کا راج ہوگیا ۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احسن منگی اپنی مرضی کے فیصلے کرنے لگے، تاہم جب مسائل بڑھنے لگے اور سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے درسی کتب میں سنگین غلطیاں کی گئیں تو حکومت کو وزیر تعلیم ہونے کی اہمیت کا خیال آہی گیا اور سعید غنی کو 6 ماہ بعد محکمہ تعلیم کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
لاہور: اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت کردی۔
گزشتہ دنوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اداکارہ مہوش حیات پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی جس کی اداکارہ نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے وضاحت کی ہے۔
ٹوئٹ میں مہوش حیات نے لکھا کہ ’میں میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے حوالے سے وضاحت کرتی ہوں اور اس بات کی تصدیق کرتی ہوں کہ بدقسمتی سے میں اس سال پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں کوئی گانا یا پرفارمنس نہیں کروں گی‘۔مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’آپ سب کی جانب سے ملنے والے پیار کے لیے بہت شکریہ، آئیے ہم سب پی ایس ایل سے لطف اندوز ہوں‘۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے 22 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا ۔
کراچی: سرسید یونیورسٹی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام کشمیر ڈے کی مناسبت سےحبیب یونیورسٹی اور سرسید یونیورسٹی کے درمیان نمائشی والی بال میچ منعقد کیا جارہا ہے
نمائشی میچ 6 فروری کو صبح کے 10 بجے سرسید یونیورسٹی والی بال گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا. اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جناب جاوید انوار صاحب بطور مہمان خصوص شرکت کریں گے۔سیکریٹری پاکستان والی بال فیڈریشن جناب شاہ نعیم ظفر اور سیکریٹری سندھ والی بال ایسوسی ایشن جناب شاہد مسعود خاص طور پر شریک ہوں گے. ڈائریکٹر اسپورٹس سرسید یونیورسٹی مبشر مختار کے مطابق سرسید یونیورسٹی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اس سے پہلے بھی ڈیفنس ڈےپاکستان ڈے اور جشن آزادی کے موقع پر میچز منعقد کراتی رہی ہے۔
ڈائریکٹر اسپورٹس سرسید یونیورسٹی مبشر مختار نے نمائشی میچ کے انعقاد کے حوالے سے آ گنائزنگ کمیٹی کا اعلان کردیا۔ میچ کے آرگنائزنگ سیکرٹری جاوید اقبال بیگ ہونگے گے جبکہ ممبران میں نعمان الدین طارق خان اور آصف ظہیر شامل ہیں۔