Sunday, 17 November 2024
مہاراشٹر: ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر کم سن طالبہ کو 450 مرتبہ اٹھک بیٹھک کرانے والی ٹیوشن ٹیچر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
 
یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں ٹیوشن پڑھانے والی ٹیچر نے اپنی 8 سالہ طالبہ کو ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر سزا دی جس میں ٹیچر نے لڑکی سے 450 مرتبہ اٹھک بیٹھک کرائی۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق تیسری کلاس کی طالبہ نے ٹیچر کی طرف سے کی جانے والی سزا پوری کی لیکن جب وہ گھر پہنچی تو چلنے کے قابل نہیں تھی جس پر بچی کے اہلخانہ نے اسے اسپتال منتقل کیا۔
 
بچی کی والدہ نے ٹیوشن ٹیچر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جس میں خاتون نے الزام لگایا کہ ان کی بچی پر ٹیچر نے بری طرح تشدد کیا جس سے اس کے پیروں پر سوجن آگئی۔
 
پولیس نے بچی کی والدہ کی شکایت پر ٹیوشن ٹیچر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے۔
 
قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ہار کا کوئی پریشر نہیں ہے۔ آئی لینڈرز کی طرح غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے۔
 
کپتان نے کہا ہوم گراؤنڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے، بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا ہمارے پاس نمبر 1 سے 9 تک بہترین بیٹسمین موجود ہیں، بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ یا بولنگ کرنے کا فیصلہ کل وکٹ دیکھ کر کروں گا۔میرے خیال میں اس وکٹ پر 180سے 190اچھا اسکور ہوگا۔
 
بابر اعظم نے کہا کہ بنگلا دیشی کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ خوب ہو گا۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف ہماری تیاریاں بہترین ہیں، چار پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں، بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ وکٹ سلو لگ رہی ہے، سیریز کے میچوں کے دوران بھی پچ سلو ہوگی۔
 
ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں ان کی موجودگی میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی میری خواہش پر ہوئی، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو تینوں میچوں میں موقع دیں گے، احسان علی اور حارث رؤف کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں۔
سجل اور احد ’کو پیسا ایوارڈز ‘2020 کے لیے نامزدکرلیا گیا
 
پاکستانی کی مقبول خوبرو اداکارہ سجل علی اور ان کے منگیتر و اداکار احد رضا میر اس وقت ٹی وی اسکرین کی پسندیدہ جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
 
سجل اور احد کی جوڑی نے 2017 میں ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ سے مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا جس کے بعد دونوں کی جوڑی ’آنگن‘ میں جلوہ گر ہوئی۔
سجل اور احد نے گزشتہ برس 6 جون کو سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کی خوشخبری بھی دی تھی۔
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز (پیسا) 2020 کی نامزدگیاں سامنے آگئی ہیں جس میں سجل علی کو بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جب کہ احد رضا کو بہترین اداکار کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔
 
دونوں کو گزشتہ برس ڈرامہ سیریل ’آنگن‘ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے پر نامزد کیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان کو چین سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیے۔
 
کورونا وائرس کا مرکز چینی شہر ووہان ہے جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا۔ اب تک اس وائرس سے تقریباً 300 چینی شہری متاثر ہوئے ہیں جب کہ 17 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
 
پاکستان کی انتظامیہ نے اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات شروع کردیے ہیں جس کے تحت ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 
اس ضمن میں لاہور ائیرپورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کاؤنٹر بنایا گیا ہے جہاں چین سے آنے والے مسافروں کا چیک اپ کیا جارہا ہے۔
 
ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق دیگر ممالک کی براستہ چین آنے والی پروازوں کے مسافروں کا بھی معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
 
واضح رہےکوروناوائرس چین کےبعد امریکا تک پہنچنے کی بھی تصدیق ہوگئی جہاں امریکی شہری میں وائرس پایا گیا ہے۔

 بیجنگ: چین میں خطرناک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17  تک پہنچ گئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کے اب تک 611 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین کے شہر ووہان میں سے پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 611 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خطرناک کرونا وائرس چین کے شہر ووہان سے نکل کر دیگر شہروں میں بھی پھیلنا شروع ہوگیا ہے۔

 چینی حکومت نے وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد ووہان میں پبلک ٹرانسپورٹ اور تمام پروازوں پر عارضی طور پر پابندی لگادی تھی، اسکے علاوہ عوام کو بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے  اور مجمعہ کی شکل میں اکٹھے ہونے سے بھی  منع کیا گیا تھا۔
 
ووہان کے بعد چینی حکومت نے دوسرے شہر ہووانگانگ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگادی ہے، انتظامیہ کے مطابق شہر میں تمام ہوٹل اور سینماؤں کو بند کردیا گیا ہے جب کہ گاڑیوں کی بھی مکمل تلاشی لی جائے گی۔
 

دوسری جانب خطرناک کرونا وائرس کے امریکا، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت جنوبی کوریا میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد سے ان تمام ممالک نے وائرس سے بچاؤ کے لیے ایئرپورٹس پر ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

 
 
اسلام آباد: پاکستان نے زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے والے غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
 
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، تجربے کا مقصد دن اور رات کے وقت آپریشنل تیاریوں کو جانچنا تھا، غزنوی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے، میزائل 290 کلومیٹر تک ہر قسم کے وارہیڈ لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
 
غزنوی بیلسٹک میزائل تجربے کے وقت ڈی جی اسٹریٹجک لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، چیئرمین نیسکام اور دیگر سینیئر افسران بھی موجود تھے۔ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل تجربے پر مبارکباد دی ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی میںچینی زبان کے سرٹیفیکٹ کورسز میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق چینی زبان کے سرٹیفیکٹ کورسز میں داخلوں کے لئے فارم حاصل اورجمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

چینی زبان کے سرٹیفیکٹ کورسز کے خواہشمند طلبہ 24جنوری بروز جمعہ تک داخلہ فارم صبح 9:00بجے تاشام4:00 بجے تک جامعہ کراچی میں واقع ایچ بی ایل(HBL) بینک کے مین کیمپس برانچ سے500 روپے کے عوض حاصل کرکے جمعہ کے روز تک جمع کراسکتے ہیں۔

کراچی : فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ( فپواسا)نے بدھ 22 جنوری کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہےکہ سندھ سمیت پاکستان بھر کی جامعات اور ان سے ملحقہ تحقیقی اور تعلیمی اداروں میںریٹائرڈاساتذہ کو فوراً انتظامی عہدوں سے ہٹایا جائے۔

مذید مطالبات میں اعلی تعلیم سے وابستہ اساتذہ کی تنخواہوں پر75فیصد ٹیکس ریبیٹ بحال کی جائے اور پوسٹ پی ایچ ڈی کی شرط کےخاتمہ کامطالبہ شامل ہیں۔اس پریس کانفرنس میں فپواسا کے قائم مقام صدر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری،سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ،نائب صدر KUTSڈاکٹر طحہ ،دائو یونیورسٹی کے صدر پروفیسرڈاکٹر ذیشان علی میمن ، سیکریٹری ڈاکٹر انعام اللہ میتھلواوردیگر نے شرکت کی

علم و ادب سے مالا مال ادب میلہ31 جنوری بروز جمعہ شام4:00 بجے سے آرٹس کونسل میں شروع ہو نے جارہا ہے۔جس میں 200 سے زائد مقررین اور اداکار شریک ہوں گے ادب میلے کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل میں کیا گیا،جس میں کمشنر افتخار شلوانی،صدر آرٹس کونسل احمد شاہ ،امینہ سید اور آصف فرخی نے شرکت کی۔

دب میلے کی سربراہ امینہ سید کا کہنا تھا کہ ادب میلے کا آغاز بروز جمعہ 31 جنوری کو شام4:00 بجے آرٹس کونسل میں کیا جارہا ہے اور اس میں 200 سے زائد مقررین اور اداکاربھی شریک ہوں گے۔ فیسٹیول میں آنے والے ادیب سماجی امور پر بات کریں گے اور مختلف کتابوں کی رہنمائی بھی کی جائے گی کمشنر افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیوںسے شہر کو نئی زندگی ملی ہے ہم نے اسٹیٹ لائبریریز کا آغاز کیا اور میراتھن جیسی صحت مند سرگرمی کا انعقاد کیا،سندھ حکومت کا ہمیں بھرپور تعاون حاصل ہے۔

افتتاحی اجلاس کے اہم مقررین میں امرجلیل، آصف سعید کھوسہ، فرانسس رابنسن اور ملیحہ لودھی شامل ہیں۔ افتتاحی اجلاس کے اہم مقررین میں اڈانیہ شبلی، نورالہدیٰ شاہ اور سید سردار علی شاہ شامل ہیں ادب میلے کے ہدایتکار اورکتھک ڈانس آرٹسٹ شما سید نے کہا کہ ایاز قوال کی قوالی، ڈانس پرفارمنس اور کامیڈی ادب میلے کا لازمی جز ہوں گے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی سیرسز2020 کے لئے لاہور میں متبادل راستوں کا اعلان کر دیا گیا ۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے عوامی سہولت کو مدنظر رکھنے کے لئے اور ٹریفک کی موثر روانی کے لئے "ٹریفک ایڈوائزری پلان" متعارف کروایا گیا ،
 
اس میں میچز کے دوران قذافی اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کے لئے مخصوص مقامات برائے پارکنگ اور ٹریفک کے لئے متبادل روٹ پلان کی فہرست شامل ہے۔ اسکے علاوہ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور شہریوں سےتکلیف کے لئے معذرت کرتے ہوئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن نمبر 15 جاری کیا گیا ۔ اسکے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے برائے ٹریفک اپ ڈیٹ ایف ایم َ88.6پر ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
 
خیال رہے کہ مہمان ٹیم کل22 جنوری 2020 کو خصوصی طیارے کے ذریعہ لاہور پہنچی تھی۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم مختصر دورے میں 24,25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کیخلاف تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔