کراچی: جامعہ کراچی نے مارننگ وایوننگ پروگرام کے تین طلبہ کے داخلے جعلی مارکس شیٹ جمع کرانے کی بناءپر منسو خ کردیئے
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تصدیق کرانے پر تین طلبہ کے داخلے برائے سال 2020 منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیولوجی بی ایس سی (آنرز) مارننگ پروگرام کی عِلیاروحانی بنت جاسم روحانی فارم نمبر321958 اور شعبہ نفسیات بی ایس سی (آنرز)کی عریشہ وسیم بنت عبدالوسیم خان فارم نمبر324936 جبکہ ایوننگ پروگرام میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن بی پی اے (آنرز) کے اسد حیدر ولد نقی حیدر فارم نمبر326178 کی مارکس شیٹ جعلی ثابت ہوئی جس کی بناءپر ان کے داخلہ فوری طورپر منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
کراچی: وفاقی اردویونیورسٹی نے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ کااعلان کردیا۔ جامعہ اردوکے ڈائریکٹر ایڈمشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق کلیہ فارمیسی،شعبہ پری میڈیکل اور جنرل سائنس کے انٹری ٹیسٹ بروز اتوار 19جنوری 2020 کوصبح9بجے جبکہ پر ی انجینئرنگ،کمپیوٹر سائنس،ڈی اے ای،کامرس،ڈی بی اے،اے لیول اور آرٹس کے انٹری ٹیسٹ دوپہر 1بجے گلشن کیمپس میں ہوں گے۔
انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے امیدوارایڈمٹ کارڈجامعہ اردو کی ویب سائٹ www.fuuast.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔طلبہ ایڈ مٹ کارڈ،اوریجنل شنا ختی کارڈ یا ب فارم لازمی ساتھ لائیں کسی بھی امیدوار کو موبائل لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔وہ طلبہ جن کے ایڈ مٹ کارڈ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ نہیں ہورہے وہ جمعہ کی صبح9 بجے سے شام 5 بجے تک ایڈ میشن سیل انتظامی بلاک سی حاصل کرسکتے ہیں۔
کراچی: بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔کراچی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔
مصباح الحق نے بتایا کہ ہم نے آسٹریلیا میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، بنگلا دیش کے خلاف بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ ہم کچھ پول پر کام کر رہے تھے، ہمیں محمد حفیظ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی، حفیظ اب بھی پاکستان ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کر سکتا ہے۔
قومی ٹیم کے ہید کوچ نے کہا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے جب کہ عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد حسنین، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، حارث رؤف، خوشدل شاہ، عثمان قادر، احسان علی، محمد حفیظ، عماد بٹ، محمد موسی خان اور عرفان علی شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد قومی ٹیم کی نئی شکل نظر آئے گی، جو پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ جب ٹیم کی سلیکشن ہوتی ہے تو کامران اکمل اور سلمان بٹ سمیت ہر کھلاڑی پر بات ہوتی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ تک ہم ایک وننگ کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، ہر کھلاڑی کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے کہ ٹیم کو جیت راہ پر لے کر جائیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض جیسے سینئرز ٹیم میں ہوں تو نوجوانوں کو موقع دینا دشوار ہو جاتا ہے، مختلف کھلاڑیوں کو موقع دے رہے تھے اس لیے سینئر کھلاڑی ٹیم میں نہیں تھے۔سرفراز احمد سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ سرفراز احمد بہت بہتری لائے ہیں، پی ایس ایل سامنے ہے پرفارم کریں گے تو کسی بھی وقت واپس آسکتے ہیں۔
راولپنڈی: پاک فوج نے میجر جنرل بابر افتخار کو شعبہ تعلقات عامہ کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کی، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی گریجویشن کی ہے اس کے علاوہ میجر جنرل بابر افتخار نے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے بھی گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آرمر بریگیڈ میں بطور بریگیڈ میجر خدمات انجام دیں، وہ شمالی وزیرستان کی ایک انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ اسٹاف خدمات انجام دیتے رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف اسٹاف بھی رہے، آپریشن ضرب عضب میں میجر جنرل بابر نے آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔
میجر جنرل بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل میجر جنرل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے۔