Sunday, 17 November 2024
مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔
 
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔
 
وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
 
 
 
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔
 
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔
 
سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔
 
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
 
خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔
 
سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔
 
 
 
 
 
 
 
کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے مہنگائی کی ایک نئی سطح سامنے آ گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہو گئی ہے تاہم اس کے آفٹر شاکس تا حال جاری ہیں۔
 
مارکیٹ ذرایع نے کہا ہے کہ گندم کی 100 کلو گرام کی بوری اوپن مارکیٹ میں 400 روپے اضافے کے بعد 5200 روپے کی ہو گئی ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے آٹے کی قیمتوں کو آگ لگ گئی ہے۔
 
مارکیٹ ذرایع نے کہا ہے کہ چکی والوں کے لیے گندم کی 100 کلو گرام کی بوری 500 روپے اضافے کے بعد 5500 روپے تک پہنچ گئی، جب کہ سندھ حکومت نے آٹے کے ایکس مل پرائس 43 روپے فی کلو مقرر کیے ہوئے ہیں۔ شہر میں فائن آٹا 58 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، فائن آٹے کی قیمت میں 4 سے 6 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، چکی آٹے میں بھی 4 سے 6 روپے فی کلو اضافہ کیا جا چکا ہے، جس کے بعد چکی آٹا 64 سے 66 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
 
مارکیٹ ذرایع نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم کی ترسیل ایک ہفتے سے بند ہے، چکی والوں کے پاس گندم کا اسٹاک ختم ہونے کے قریب ہے، فلور ملز کے پاس بھی گندم کے ذخائر کم رہ گئے ہیں۔
 
محکمہ خوراک، سندھ حکومت اور انتظامیہ 4 دسمبر کو سرکاری قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر کے اپنی ذمہ داری سے سبک دوش ہو چکی ہے، جب کہ منافع خور مافیا سرگرم ہے، سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کی فراہمی کے لیے کوئی لائحۂ عمل تیار نہیں کیا گیا، ادھر مارکیٹ ذرایع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی فراہمی جلد ممکن نہ بنائی گئی تو فائن آٹے اور چکی کے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
 
خیال رہے کہ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی ہڑتال گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ساتھ کام یاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا تھا۔ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سامان کی ترسیل مکمل بند رہی، کارخانوں اور بندرگاہوں پر تقریباً 45000 درآمدی اور برآمدی کنٹینرز رکے رہے، پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ معطل رہی، جس سے 15 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا، کینو، آلو اور پیاز کے 1400 کنٹینرز بندرگاہوں تک نہ پہنچ سکے، ایکسپورث آرڈرز منسوخ اور بھارت کی جانب منتقل ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوا۔ ہڑتال نے ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کی جانے والی سال بھر کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔
 
 
 
 
گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے ایئر پورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران رہ گئے۔
 
گوادر ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان ہاتھ گاڑی کے ذریعے منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، غیر ملکی اس دیسی طریقے سے سامان کی منتقلی دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے۔
 
ہاتھ گاڑی کے ذریعے سامان منتقلی کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی، جس میں سخت سردی میں ایک شخص کو ہاتھ گاڑی کھینچتے دیکھا جا سکتا ہے، ائیر پورٹ عملے کے دو ملازم ہاتھ گاڑی کو پیچھے سے دھکا دیتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
 
 
ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تربت اور پنجگور ایئر پورٹ پر بھی ہا تھ گاڑی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
 
سامان کراچی سے گوادر پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 504 میں منتقل کیا جا رہا تھا، خیال رہے کہ لگیج اَن لوڈنگ اور لوڈنگ کی ذمہ داری ائیر لائن اور سول ایوی ایشن کی ہوتی ہے، دونوں ادارے پابند ہوتے ہیں کہ جدید کارگو گاڑیاں استعمال کی جائیں۔
 
ائیر پورٹ پر ہاتھ گاڑی چلتے دیکھ کر چینی مسافر نے بھی تمسخرانہ انداز اپنایا، واضح رہے کہ ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہے۔
 
اسلام آباد : عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فیچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہترکر کےبی منفی کر دی ، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ فیچ نےحکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو درست سمت میں قراردیا ہے۔
 
عالمی ریٹنگز ایجنسی فیچ نے پاکستان کی ریٹنگ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی ریٹنگ بی اور آؤٹ لک مستحکم قرار دے دیا، وزارت خزانہ نے فیچ کی جانب سےپاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا فیچ نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم تسلیم کرتے ہوئے ریٹنگ میں بہتری کی اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو درست سمت میں قراردیا۔
 
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا فیچ کے مطابق گزشتہ سال کا4.9 فیصد کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ امسال2.1 فیصد رہے گا اور آئندہ مالی سال تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محدود ہوکر 1.9 فیصد تک ہو جائے گا۔
 
وزارت خزانہ کے مطابق ریٹنگ ایجنسی نے لچکدار ایکس چینج ریٹ اختیار کرنے اور حکومت کی ٹیکس بیس بڑھانے، ٹیکس وصولیوں میں اقدامات کی تعریف کی جبکہ حکومت کے معاشی استحکام اور ڈسپلن کیلئے اقدامات کو بھی سراہا۔
 
یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں موڈیز نے پاکستان کاآؤٹ لک منفی سے مستحکم کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان کے بڑے چیلنج کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں مزید بہتری ہوگی، مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی آؤٹ لک میں بہتری حکومتی کوششوں پراعتماد کا اظہار ہے۔
 
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں عالمی معاشی ریٹنگ کے ادارے فچ ریٹنگز پاکستان پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی ، جس کے مطابق عالمی بینک کے ایزآف ڈوئنگ بزنس میں پاکستان کی بہتری قابل ستائش ہے۔
 
ریٹنگ ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حکومت کو درکار فنانسنگ میں بھی کمی آئی ہے، پاکستان نے ایز آف ڈوئنگ انڈیکس میں 28 درجے بہتری دکھائی، پاکستان کا شمار سب سے زیادہ بہتری دکھانے والے 10ممالک میں ہوا۔
 
 
 
 
 
 
 
اسلام آباد : چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہےکہ ، پی آئی اے ملازمین نے جعلی ڈگریاں لے رکھی ہیں اور طیارے چلارہے ہیں، جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کو ایک ایک کرکے نکالیں گے۔
 
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پی آئی اے نجکاری خسارہ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں ملازمین کی جعلی ڈگری سے متعلق مقدمات کی تفصیل طلب کرلی گئی۔
 
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا جعلی ڈگری کے مقدمات یہاں سنیں گے، جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین ایک ایک کرکےنکالیں گے، پی آئی اے ملازمین نے الخیر یونیورسٹی سے ڈگریاں لے رکھی ہیں، الخیر یونیورسٹی اسناد فروخت کرتی ہے، جعلی ڈگری والے طیارےچلارہے ہیں۔
 
وکیل پی آئی اے نے بتایا سندھ ہائی کورٹ نے موجودہ ایم ڈی ارشد محمود کو کام سے روک دیا ہے، جس پر جسٹس اعجاز الااحسن کا کہنا تھا کہ ارشد محمود کے خلاف درخواست کو عدالت عظمیٰ نے پذیرائی نہیں دی۔
 
وکیل پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ نئی انتظامیہ پی آئی اےکی بحالی اورخسارہ کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پی آئی اے پر 426 ارب کا قرض ہے ، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا پی آئی اے کی بساط نہیں تھی تو قرض کیوں لیا؟ پی آئی اےکی نجکاری کی خبریں قومی ادارے کے ساتھ مذاق ہے، نظریں پی آئی اے کی نجکاری پرنہیں بلکہ نیویارک پرہیں۔
 
چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کیاپی آئی اے کو ادارہ چلانا آتا ہے یا نہیں ، ایک طیارے کے لیے 700ملازم کام کرتے ہیں، جس پر وکیل کا کہنا تھا پی آئی اے کی بحالی کا یہ آخری موقع ہے تو جسٹس گلزار احمد نے کہا آخری موقع کیوں؟پی آئی اےکیوں نہیں چل سکتی؟ ریاستی ادارے کو بند ہونے نہیں دیں گے۔
 
جسٹس اعجازالااحسن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ملنے والا بیل آوٹ پیکج مہینوں میں ختم ہوجاتا ہے، جس پر وکیل شجاعت عظیم نے کہا مؤکل نےبیان حلفی میں آڈٹ رپورٹ کے الزامات کو مسترد کیا۔
 
چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ سماعت پرمعاونت کریں اور استفسار کیا پی آئی اے نئے طیارے خرید رہی ہے یا نہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ پی آئی اےکے پاس پیسے ہوں گے تو طیارےخریدے گی، جب ضرورت ہو گی شجاعت عظیم حاضر ہو جائیں گے،نوٹس روک دیا جائے۔
 
بعد ازاں سپریم کورٹ میں سماعت 4ہفتے کے لئے ملتوی کردی گئی۔
 
 
 
 
 
 
واشنگٹن: سعودی ایئرفورس افسر کے ہاتھوں 3 امریکی فوجیوں کے قتل کے بعد حکام نے سعودی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
 
سعودی عرب کے درجنوں فوجی اہلکار امریکا میں تربیتی مشن پر تھے۔ تربیت کے دوران اہلکار محمد الشرمانی نے تین امریکی فوجیوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ 8 زخمی بھی ہوئے تھے۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ ماہ ’’نیول ایئراسٹیشن فلوریڈا‘‘ میں پیش آیا جہاں درجنوں سعودی فوجی تربیتی مشن پر تھے۔ اس واقعے کے بعد امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے سعودی عرب کی فضائیہ کے افسران کے تربیتی پروگرام پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں ملک سے نکال دینے کا فیصلہ کیا۔
 
الشرمانی نے فائرنگ سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’امریکا شیطانوں کی قوم‘‘ ہے۔ فلوریڈا کے ایک سینیٹر رک اسکاٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئے اور ایسے اہلکاروں کو امریکا میں تربیت نہیں دینے چاہیئے جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہوں۔
 
مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی اہلکاروں کی طرف سے مسلسل مذاق کا نشانہ بنانے پر یہ قدم اٹھایا تھا، سعودی عرب کا 21برس کا افسر سیکنڈ لیفٹیننٹ ہے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سعودی اہلکار انتہاپسندانہ خیالات کا مالک ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ تربیتی سیشن میں 5 ہزار کے قریب غیرملکی فوجی اہلکار شامل تھے جن میں سے 850 کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔
 
 
 
اسلام آباد : :وزیراعظم عمران خان نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں فراڈ کرنے والے سرکاری افسران کے نام سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غریبوں کاحق لوٹنےکی چھوٹ نہیں دےسکتے۔
 
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سرکاری افسران کے فراڈ کے معاملے پر پروگرام سےنکالے گئے سرکاری افسران کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی۔
 
وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افسران کے نام سامنے لانے کی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غریبوں کا حق لوٹنے کی چھوٹ نہیں دےسکتے، لوٹ مار کرنے والوں کے نام سامنے لائیں، با اثرسرکاری افسران کے نام پردے میں نہیں رہیں گے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد فوری شروع کیا جارہا ہے، ہدایت کی روشنی میں کارروائی بھی ہوگی۔
 
یاد رہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سےفائدہ اٹھانے والے غیرمستحق افراد سے متعلق تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئیں تھیں، جس میں بتایا گیا تھا فہرست سے نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں جبکہ صوبوں، وفاق کے افسران بھی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔
 
تفصیلات میں بتایا گیا تھا گریڈ17 سے 21 کے 2543 سرکاری افسران کو فہرست سے نکالا گیا، متعدد اعلیٰ سرکاری افسران بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران بی آئی ایس پی سے مستفید ہوئے۔
 
 
تہلکہ خیز تفصیلات کے مطابق سندھ میں گریڈ 18کے342افسران نےبی آئی ایس پی سے بھی فائدہ اٹھایا ، بی آئی ایس پی سے مستفید ہونیوالوں میں گریڈ21 کے 3 افسران بھی شامل ہیں۔
 
ملک بھرسے گریڈ20کے59 افسران سہ ماہی وظیفہ وصول کرتے رہے جبکہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے اور گریڈ17 کے 1240 افسران نے بھی بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھایا۔
مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان نیورو سائنسز نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ایک ارب افرادسر کے درد میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں ساڑھے 4کروڑ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔
 
جدید تحقیق کے مطابق سر درد (میگرین)کی شکایت کی بنیادی وجوہات میں نااہل اور نالائق افراد کا پروفیشنلز پر حاوی ہونا ہے، سر کا درد واحد مرض ہے جس کا کوئی پیمانہ نہیں جس سے اس کو جانچا یا کنٹرول کیا جاسکے
 
معالجین کی ہدایت ہے کہ فیملی فزیشن سے مشورے کے بعد ماہر نیورو سائنسز سے رجوع کیا جائے، اسی تمام محافل اورافراد کو نظر انداز کیا جائے جو جھوٹے اورمن گھڑت اندازوں پر معاشرے میں بے راہ روی کا باعث بن رہے ہیں۔

  اسلام آباد:عالمی ریٹنگ کے ادارے فیچ نے پاکستان کی ریٹنگ جاری کردی ہے۔ 

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فیچ  کی جاری کردی ریٹنگ میں پاکستانی معیشت کو بی مائنس ریٹنگ میں ہی برقرار رکھا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے ادائیگیوں میں بہتری آئی اور پالیسی ایکشن نے ملکی معاشی خرابیوں کو دور کیا ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستانی معیشت کو درپیش بیرونی خطرات میں کمی واقع ہوئی، ملکی جاری خسارے میں کمی ریکارڈ کی گئی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کی بڑی وجہ درآمدات میں کمی ہے۔
 
فیچ نے کہا ہے کہ 30 جون 2019 کو پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 4.9 فیصد تھا، جب کہ رواں مالی سال جاری خسارہ جی ڈی پی کے 2 اعشاریہ 1 فیصد رہنے اور اگلے مالی سال میں جاری خسارہ جی ڈی پی کے 1 اعشاریہ 9 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
مانیٹرنگ ڈیسک : اسمارٹ فون کے دلچسپ اورعجیب غریب ڈیزائن سامنے آتے رہتے ہیں، اب لاس ویگاس کی ’’سی ای ایس 2020ء‘‘ نمائش میں مکمل طور پر گول اسمارٹ فون پیش کیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق 2015ء سے اس فون کے ڈیزائن پر کام جاری تھا۔
 
یہ جسامت میں فیس پاؤڈر کی گول ڈبیہ جیسا ہے اور اس سے سرکل نہیں بلکہ ’’سائرکل فون‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اپنی جسامت کی بنا پر یہ آسانی سے چھوٹی جیب میں سماجاتا ہے۔ چار سال قبل اس کی تیاری ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے کی تھی اور اس کے لیے کک اسٹارٹر پر کراؤڈ فنڈنگ کا آغاز کیا گیا تھا۔
 
اگرچہ اس میں ٹچ اسکرین اور کیمرے کی سہولت موجود ہے لیکن یہ صرف ٹوجی وائرلیس سپورٹ فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے لوگ اسے خریدتے ہوئے جھجھک محسوس کرسکتے ہیں تاہم جو لوگ نت نئے ڈیزائن کے فون پسند کرتے ہیں شاید وہ اسے خریدیں کیونکہ اسے کپڑے کی بیرونی تہہ پر آسانی سے چسپاں بھی کیا جاسکتا ہے۔
 
ڈیزائن میں تاخیر کی وجہ گول فون میں سرکٹ کی تیاری تھا جو سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوا۔ سرکل فون بنانے والی کمپنی کی سربراہ کرسٹینا سائر کہتی ہیں کہ اسکرین کی تیاری ایک مشکل مرحلہ تھا جو خوش اسلوبی سے طے پایا۔
 
سائرکل فون پر تمام جدید ایپس کام کرتی ہیں اور اس سے سیلفی بھی لی جاسکتی ہے۔ اب پورے امریکا میں اس فون کی نمائش اور تعارفی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔