Monday, 18 November 2024
لاہور: پی ایس ایل فائیو کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہاوس فل کے لیے ٹکٹوں کی کمائی سے زیادہ اسٹیڈیمز بھرنے کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ مجوزہ پلان کے مطابق ڈے میچز کے ٹکٹ کے نرخ کم رکھے جارہے ہیں تاہم نائٹ میچز کے لیے نرخوں میں دو سے تین سو روپے کا اضافہ ہوگا۔
 
میزبان شہر میں ہونےو الے اہم میچز کے ٹکٹ کی نرخوں میں بھی کچھ فرق تجویز کیا گیا ہے، جن میچز میں شائقین کی زیادہ دلچسپی نہیں ہوگی، ان کے ٹکٹ سب سے کم ہوں گے۔
 
ٹکٹوں کے نرخوں کو چند روز میں فائنل کرکے پرنٹنگ کے لیے آرڈر دے دیاجائے گا ۔ٹکٹوں کی فروخت بیس جنوری سے ہوگی، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بیس فروری کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جبکہ فائنل بائیس مارچ کو لاہورمیں شیڈول ہے۔
پشاور: پنجاب ، خیبر پختونخوا اور سندھ سے ایک ہی دن میں 6 پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک سال کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے
۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 24 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 9ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دونوں بچوں کے فضلے کے نمونے دسمبر 2019 میں لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔ پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ دونوں متاثرہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے۔ نئے کیسزسے رواں سال صو بے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد91 ہوگئی ہے۔
 
دوسری جانب پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے دو اور سندھ کے ضلع جامشورو اور قمبر سے بھی ایک ایک پولیو کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔
 
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 134 ہوگئی ہے۔2019 کے دوران خیبر پختونخوا میں 91 سندھ میں 24، پنجاب 8 اور بلوچستان سے 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔
 
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈاوَن کو 158 روزہوگئے ہیں اور 80 لاکھ کشمیریوں کادنیا سے رابطہ کٹا ہوا ہے۔ مقبوضہ وادی میں غذائی قلت پیدا ہوچکی ہے۔ وزیر اعظم نے عالمی دنیا کومقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ کرتار پور راہداری کھولنا وزیراعظم کا وژن ظاہر کرتا ہے، پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں.
 
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اس لئے قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ، خطے میں تناؤ میں کمی اور امن کے لئے کوششوں کی گنجائش موجود ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کو متعلقہ وزرائےخارجہ سےرابطےکی ہدایت کی ہے۔ وزیر خارجہ کے دوروں کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں.
کراچی: موٹر سائیکل پر تنہا پاکستان کا سفر کرنے والی کینیڈین خاتون سیاح روزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی ثقافت سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔
 
محض ایک سال قبل روزی گیبریل ایک موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستانی کلچر اورخوبصورتی کے بارے میں جاننے کے لیے آئیں اور تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کو دریافت کرنے نکل پڑیں۔ انہوں نے لاہور، سوات، ملتان اور گوادر سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا اور پاکستان کی خوبصورتی کو پہچانا اور اسے دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا۔
 
روزی جہاں بھی جاتیں یوٹیوب پراپنے وی لاگز سے پاکستان کی خوبصورتی کے بارے میں لوگوں کو بتاتیں یوٹیوب پر پاکستان سے متعلق ان کی ویڈیوز کو بہت شہرت ملی۔
 
روزی پاکستانی ثقافت اور اسلامی تعلیمات سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔ روزی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو تھامے ہوئے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ سجائے ہوئے ہیں ایک اور تصویر میں انہوں نے سر پر حجاب بھی باندھا ہوا ہے۔ تصویر کے ساتھ روزی نے خوشخبری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے۔
 
دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خوشخبری کے ساتھ ہی روزی نے کہا گزشتہ سال میرے لیے کافی مشکل تھا۔ خالق کائنات نے مجھے پاکستان بھیجا صرف اس لیے نہیں کہ میں خود کو چیلنج کروں اور اپنے درد کو بھول جاؤں بلکہ مجھے راستہ دکھانے کے لیے۔
 
بدقسمتی سے اسلام وہ مذہب ہے جس کی دنیا بھر میں غلط تشریح کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دیگر مذاہب کی طرح یہاں بھی بہت ساری تشریحات ہیں لیکن اسلام کے اصل معنی امن، محبت اور اتحاد کے ہیں۔ یہ صرف مذہب نہیں ہے بلکہ زندگی جینے کا راستہ ہے
کراچی: پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلطان راہی کی آج 24 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
 
پاکستان فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار سلطان راہی کا نام ایک زمانے میں پنجابی فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔ ’سالا صاحب‘، ’چن جٹ‘، ’شیر خاں‘، ’شعلے‘، ’جرنیل سنگھ‘، ’شیراں دے پتر‘، ’میڈم رانی‘، ’چن وریام‘ سمیت 700 سے زائد فلموں میں لازوال کردار ادا کرنے اور 150 سے زائد اعلیٰ فلمی ایوارڈز حاصل کرنے والے سلطان محمد المعروف سلطان راہی 1938 میں بھارت کے شہر سہارن پور میں پیدا ہوئے، تاہم قیام پاکستان کے بعد انہوں نے اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے پاکستان میں سکونت اختیار کرلی۔
 
سلطان راہی نے اپنے فنی سفر کا آغاز فلم ’باغی‘ سے کیا۔ 70 کی دہائی میں ’بشیرا‘ اور ’مولا جٹ‘ جیسی فلموں کی کامیابی نے سلطان راہی کو بام عروج پر پہنچا دیا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب سلطان راہی پاکستان فلم انڈسٹری کے واحد ہیرو تھے اور یہ دور کئی سال تک جاری رہا۔ ہدایت کار یونس ملک کی فلم ’مولا جٹ‘ میں ان کے کردار ’مولے‘ کو برصغیر میں زبردست شہرت ملی۔
 
فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے سپر اسٹار سلطان راہی 9 جنوری 1996 کی رات راولپنڈی سے لاہور آرہے تھے کہ گوجرانوالہ کے قریب نامعلوم افراد کی گولی کا نشانہ بن کر جہان فانی سے کوچ کر گئے۔
 
سلطان راہی کے قتل کے وقت بھی ان کی 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں۔ سلطان راہی کا قتل پنجابی فلم انڈسٹری کے لیے زوال کا پیش خیمہ ثابت ہوا اور ان کی کمی آج تک پوری نہیں ہو سکی۔
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ عربی میں سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورسز میں داخلوں کا آغاز ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دو سیمسٹر پر محیط عربی سرٹیفیکٹ کورس کے لئے انٹرمیڈیٹ کا ہونا ضروری ہے۔جبکہ دوسیمسٹر پر مشتمل ڈپلومہ اِ ن قرآنی عربی اور ڈپلومہ اِن کنٹمپریری عربی میں داخلے کے لئے انٹرمیڈیٹ اور عربی کا سرٹیفیکٹ کورس ہونا ضروری ہے۔
 
خواہشمند طلبہ دفتری اوقات کار میں داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔داخلہ فارم شعبہ عربی سے حاصل / جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی نےنیشنل سینٹر فارپروٹیومکس کا نام پروفیسر ڈاکٹرظفر ایچ زیدی کے نام سے موسوم کرنے کی منظوری دے دی۔
 
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے زیر صدارت منعقدہ سنڈیکیٹ کے حالیہ اجلاس میں سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر ظفر ایچ زیدی کی پروٹیومکس کے شعبہ میں خدمات کے اعتراف میں نیشنل سینٹر فارپروٹیومکس کا نام پروفیسر ڈاکٹرظفر ایچ زیدی کے نام سے موسوم کرتے ہوئے ”ڈاکٹر ظفر ایچ زیدی سینٹر فارپروٹیومکس “ کرنے کی منظوری دی گئی۔
کراچی : جامعہ کراچی کے شعبہ شماریات میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ میں داخلے کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی
 
شعبہ شماریات کے چیئر مین ڈاکٹراحتشام حسین کے مطابق شعبہ شماریات میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ(پی۔جی ۔ڈی) میں داخلے کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں14 جنوری 2020 ءتک توسیع کردی گئی ہے ۔داخلہ فارم بمعہ کتابچہ شعبہ شماریات کے دفتر سے حاصل/ جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
 
مذکورہ ڈپلومہ کورس ان افراد کے لئے بھی کارآمد ہوگا جو کسی بھی شعبہ میں تحقیقاتی کام کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں بی اے ،بی کام ،بی ایس سی (بائیولوجیکل سائنسز) کے طلبہ اس ڈپلومہ کے ذریعے ماسٹر اِن کمپیوٹر سائنس (ایم سی ایس) اور ایم اے / ایم ایس سی شماریات میں داخلے کے اہل ہوجاتے ہیں۔
مانیٹرنگ ڈیسک : انٹرنیٹ پر ویڈیو عام کرنے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک میں موجود سیکیورٹی نقائص کو 'بائٹ ڈائس' کی نشاندہی کے بعد دور کر لیا گیا ہے۔
ان سکیورٹی نقائص کی وجہ ہیکرز اس پیلٹ فارم پر لگی کسی ویڈیو کو ڈیلیٹ یا اپ لوڈ کر سکتے،ذاتی تفصیلات اور سیٹنگز میں رد و بدل کر سکتے تھے۔ چیک پوائنٹ نامی سیکیورٹی فرام میں کام کرنے والے تحقیق کاروں نے کئی ایسے سقم تلاش کیے ہیں جو ہیکر کے لیے ایک آسان ذریعہ ثابت ہو سکتے تھے۔
 
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ان سب نقائص کو دور کر لیا گیا اور انھیں خبردار کرنے پر انھوں نے سیکیورٹی فرم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹک ٹاک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بہت سے دوسرے اداروں کی طرح وہ سکیورٹی امور سے متعلق ذمہ دار تحقیق کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ خاموشی سے انھیں ’زیرو ڈے‘ کمزوریوں کی نشاندہی کریں۔
 
سیکیورٹی کنسلٹنٹ اودد وانونو نے بتایا کہ اس بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ٹک ٹاک کتنا محفوط ہے یا کتنا محفوظ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ٹک ٹاک میں کئی سنگین نوعیت کے نقائص ہیں۔
انھوں نے کہا کیونکہ انھیں ٹک ٹاک پٹیا فارم تک پوری طرح رسائی حاصل نہیں ہے اس لیے وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ کسی نقص کا فائدہ اٹھایا گیا ہے کہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اندازہ کریں کہ اگر کوئی اس پٹی فارم کو جھوٹی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کرنا چاہے تو اس کے لیے یہ کتنا آسان کام ہے۔
 
ابتدائی طور پر چین اور دوسرے ایشیائی ملکوں میں مقبول ہونے والا یہ ایپ جس میں مختصر دوارنیے کی ویڈیو بنا کر عام کی جا سکتی ہے ،حالیہ برسوں میں اس میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور اب اس کے ایک اعشاریہ پانچ ارب صارفین ہیں۔
چیک پوائنٹ نے کہا کہ ٹک ٹاک میں یہ سکیورٹی نقائص گذشتہ ایک برس سے تھے اور اس نے یہ سنگین سوالات اٹھائیں ہیں کہ کسی ہیکر کو ان کا علم ہوا کہ نہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ بائٹ ڈانس نے بڑی ذمہ داری سے ان کے حل بتائے جانے کے ایک ماہ کے اندر اندر ان کو ٹک ٹاک سے دور کر لیا ہے۔
 
ان سکیورٹی نقائص کی بڑی وجہ وہ طریقہ کار ہے جو ٹک ٹاک صارفین کے فون نمبروں کے ساتھ منسلک ہے اورصارفین کو ایپ کے اندراج کراتے وقت دینے پڑتے ہیں۔ چیک پوائنٹ کو علم ہوا کہ ہیکر ان فون نمبروں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور پھر ان پر ٹک ٹاک کی طرف سے انھیں تحریری بیانات بھیج سکتے ہیں۔
 
 
 

کراچی: سندھ میں میٹرک کی تدریس اور امتحانات کیلیے نئی اسکیم آف اسٹڈیز متعارف کرا دی گئی۔

صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پورے صوبے میں میٹرک کی سطح پر نئی اسکیم آف اسٹڈیزکومنظورکرتے ہوئے سائنس کے تمام مضامین کونویں اوردسویں دونوں جماعتوں میں برابرتقسیم کردیا اوراسے نیشنل اسکیم آف اسٹڈیزکی طرز پر کرتے ہوئے سائنسی مضامین کے اسباق کودونوں سالوں میں تقسیم کیاگیاہے۔

اب یکم جولائی سے نئے تعلیمی سیشن 2020میں سندھ بھرکے سرکاری ونجی اسکولوں میں نویں اوردسویں دونوں سالوں میں ریاضی، طبعیات،کیمیا ،حیاتیات اورکمپیوٹرسائنس کے مضامین پڑھائے جائیں گے جبکہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز2021میں نویں جماعت اور 2022سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے تحت لیں گے جس میں طلبا کوسائنس کے تمام مضامین کے امتحانات بالترتیب نویں اوردسویں دونوں جماعتوں میں دینے ہونگے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اس فیصلے کانوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے موجودہ نصاب پر ہی سائنس کے تمام مضامین کی دو شاخی تقسیم کردی ہے، 2021 سے سندھ میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح میٹرک کے امتحانات کے کل مارکس 1100 ہوں گے  جس میں سے 550 مارکس کا نویں جماعت جب کہ 550 مارکس کا دسویں جماعت کا پرچہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اب تک میٹرک کی سطح پر نویں اوردسویں کے مجموعی کل مارکس 850ہوتے ہیں جس میں 425/425مارکس کے دونوں سالوں کے پرچے ہوتے تھے۔

ذرائع  کے مطابق نئی اسکیم آف اسٹڈیز میں سندھ میں نویں اوردسویں دونوں جماعتوں میں انگریزی کاپرچہ100/100مارکس کاکردیاگیاہے’’اردو، اسلامیات اورمطالعہ پاکستان‘‘کے 75/75مارکس کے پرچے لیے جائیں گے اس وقت بھی ان مضامین کے پرچے انھی مارکس کے ساتھ لیے جاتے ہیں۔

مزید برآں نویں جماعت میں ریاضی کاپرچہ 75مارکس اوردسویں میں بھی 75مارکس کاہوگافزکس ،کیمسٹری ،بیالوجی اورکمپیوٹرسائنس کے پرچے بھی اب نویں اوردسویں دونوں سالوں میں 75/75مارکس کے ہونگے جس میں ہرسال 60مارکس کی تھیوری اور15مارکس کے پریکٹیکل امتحانات لیے جائیں گے۔

کیمسٹری کے مضمون میں موجودہ کتاب سے نویں جماعت میں پہلے سے دسویں  سبق تک جبکہ دسویں جماعت میں گیارہویں سے اٹھارویں سبق تک کی تدریس ہوگی،بیالوجی کے پرچے کے لیے نویں میں چیپٹر1سے 10اوردسویں میں 11سے 19ویں چیپٹرتک کی تدریس ہوگی فزکس کے پرچے کے لیے نویں جماعت میں چیپٹرنمبر11اوردسویں جماعت میں چیپٹرنمبر 9پڑھایاجائے گاجبکہ چیپٹر1سے 8 اور 10 واں چیپٹرنویں اسی طرح چیپٹر12سے 19پڑھائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں  نئی اسکیم آف اسٹڈیزکے مطابق نصاب کی تبدیلی اورنئے نصاب سے کتابیں فراہم کرنے کے حوالے سے جب ڈائریکٹوریٹ آف کریکلوم ،اسسمنٹ اینڈ ریسرچکے سربراہ اصغرمیمن سے رابطہ کیاتوانھوں نے واضح طورپربتایاکہ’’ ان کاادارہ نویں اوردسویں دونوں جماعتوں کانصاب تبدیل کرکے گزشتہ برس جون 2018میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے حوالے کرچکاہے۔ ان کاکہناتھااب انٹرسال اول کاکریکولم بھی تبدیل کرکے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ بھجوایاجاچکاہے تاہم یہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ ہی واضح کرسکتاہے کہ اس سال نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے مطابق نیانصاب پبلش ہوپائے گایانہیں‘‘۔

دوسری جانب جب سندھ ٹٰیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین آغاسہیل پٹھان سے رابطہ کرکے اسکیم آف اسٹڈیز کے تحت نئے نصاب کے حوالے سے دریافت کیاگیاتوان کاکہناتھاکہ ہرصورت جولائی سے شروع ہونے والے نئے سیشن میں نویں اوردسویں کی سطح پر کتابیں نئے نصاب کے مطابق مارکیٹ میں ہوں گی۔