مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان بھی زیادہ ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔ حال ہی میں ’پریوری ڈیٹا‘ کی جانب سے ایپ کے حوالے سے اعدادو شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں ان ممالک کی فہرست ہے جہاں 2019 میں سب سے زیادہ ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کی گئی۔
فہرست کے مطابق بھارت ’’190.6ملین‘‘ امریکا ’’41.0ملین‘‘ ترکی ’’23.2ملین‘‘ روس ’’19.9ملین‘‘ پاکستان ’19.2 ملین‘‘ لوگ ایپ استعمال کرتے ہیں اس فہرست کے مطابق 2019 میں ٹک ٹاک ایپ سب سے زیادہ بھارت میں ڈاؤن لوڈ کی گئی، بھارت میں 2019 میں 19 کروڑ سے زائد صارفین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔اگر امریکا کی بات کی جائے تو گزشتہ برس امریکا میں ٹک ٹاک ایپ کو 4 کروڑ 10 لاکھ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا جب کہ ترکی میں یہ تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ رہی۔فہرست میں چوتھا اور پانچواں نمبر بالترتیب روس اور پاکستان کا ہے جہاں ایک کروڑ 90 لاکھ افراد نے ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کی
۔چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ جس کی بنیاد 2012 میں رکھی گئی تھی، یہ کمپنی اب مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک کی مالک ہے، 2016 میں ’بائٹ ڈانس‘ نے ایک ایپلیکیشن متعارف کرائی جس کا نام ’ڈوین‘ تھا۔یہ ویڈیو شیئرنگ ایپ صرف چین میں ہی متعارف کرائی گئی تھی اور ایک سال بعد 2017 میں ہی اس کمپنی نے دنیا بھر میں ’میوزکلی‘ نامی ایپ متعارف کرائی جسے بعد ازاں ٹک ٹاک ایپ میں تبدیل کر دیا گیا۔
اسلام آباد: امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے پاکستانی طالبعلم کو ہدایت جاری کرتے ہوئےکہاہے کہ امریکہ میں قیام کے دوران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم پرتوجہ مرکوز رکھیں تاکہ انکی استعداد کار میں اضافہ ہوسکے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں قیام کے دوران پاکستانی طالبعلم اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم پرتوجہ مرکوز رکھیں تاکہ انکے استعداد کار میں اضافہ ہوسکے، مقامی لوگوں کے ساتھ روابط بڑھا کر سرگرمیوں حصہ لینے سے وہ اپنا دورہ امریکہ مزید مفید بنا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں امریکہ کے دورے پر آئے 98پاکستانی طلباء کے اعزازمیں منعقدہ ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسد مجید خان نے کہا کہ طلباء یہاں گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (گلوبل یو جی آر اے ڈی) کے تحت آئے ہوئے ہیں،جو امریکی محکمہ خارجہ کے تعلیمی اور ثقافتی امور کےبیورو کے زیر اہتمام کام کررہا ہے۔
جدہ : جدہ یونیورسٹی نے تدریس، ریسرچ اور علمی تحقیقات کی دوسری زبان چینی مقرر کردی ہے۔سعودی اخبارکے مطابق جدہ یونیورسٹی کونسل کے اجلاس میں تدریس کی دوسری زبان چینی مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر عدنان الحمیدان نے کی جس میں یونیورسٹیز کونسل کے سیکرٹری جنرل بھی شریک تھے۔
کونسل نے یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ کیا اور ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مشی گن یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر عدنان الحمیدان نے کہا کہ چین کے ساتھ سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور تمام سطحوں پر اسٹراٹیجک شراکت کو گہرا کرنے کے لیے چینی زبان سعودی نصاب تعلیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی: پاک بحریہ کے فضائی ونگ میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خود کار ڈرونز شامل کرلیے گئے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ کے فضائی ونگ میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹس اور خود کار ڈرونز کی شمولیت ہوئی ہے، جس کی باقاعدہ تقریب کا انعقاد کراچی میں ہوا اور اس کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف تھے، جب کہ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، تینوں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ایوی ایٹرز اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نیول ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس بحری آپریشنز کی صلاحیت رکھنے والے ائیر کرافٹ کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد میں اضافہ ہوگا، کارگو اور تربیتی مقاصد کے لیے نیو ل فلیٹ میں شامل کیے جانے والے دوسرے جہاز سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز میں بھی مزید وسعت اور بہتری آئے گی، آئندہ منصوبوں میں میری ٹائم آپریشنز کو مزید فعال بنانے کے لیے جنگی صلاحیتوں کے حامل خود کار ڈرونز کا حصول بھی شامل ہے۔