Monday, 18 November 2024
نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اس وقت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ سب کے سامنے دریائے گنگا کی صفائی کا معائنہ کرنے کے بعد سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دھڑام سے گر پڑے۔
 
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی اوٹ پٹانگ حرکتوں یا خفگت اُٹھانے کے باعث باقی تمام وزرائے اعظم کے مقابلے میں غالباً سب سے زیادہ خبروں میں رہتے ہیں، ایسا ہی ایک منظر بھارتی ریاست اترپردیش میں دیکھنے میں آیا۔
 
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دریائے گنگا کی صفائی کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعظم مودی اتل گھٹ کی سیڑھیوں پر تیزی سے اوپر چڑھ رہے ہیں تاہم ایک موقع پر ٹھوکر لگنے کی وجہ سے فرش پر اوندھے منہ گر پڑتے ہیں۔
 
اس سے قبل بھی وزیراعظم نریندر مودی کی اسی طرح کی مضحکہ خیز ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جس میں کبھی وہ نہایت بھونڈے انداز میں عالمی رہنماؤں کو جھپی مارتے ہیں اور کبھی مہمانوں کیساتھ اوٹ پٹانگ حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں جس پر ان کا خوب مذاق اُڑایا جاتا ہے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیہ کے مطابق السنہ شرقیہ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 19دسمبر 2019 سے ہو رہا ہے ۔

امتحانات میں شریک طلباء وطالبات کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ ان کی جانب سے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں نہ ملنے کی صورت میں 17 دسمبر کو بورڈ آفس کے کمرہ نمبر 15 بلاک اے دوسری منزل سے جمع شدہ فارم کی اصل رسید اور ایک حالیہ تصویر کے ہمراہ ڈپلیکیٹ ایڈمٹ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ امتحانات دوپہر کی شفٹ میں 2بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے

ارجنٹینا کے نو منتخب صدر ابرٹو فائنل امتحان کا پر چہ لینے بیونس آئرس یونیورسٹی پہنچ گئے۔
 
ارجنٹینا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق نو منتخب صد ر اس سے قبل بیونس آئرس یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
 
یونیورسٹی کے طلبہ صدر کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران ہو گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ نے صدر ابرٹو سے آٹو گراف لیے اور اُن کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
 
کراچی: سندھ پولیس نے گزشتہ دنوں قتل ہونے والے میجر ثاقب اقبال کے کیس میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔
 
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس کی جانب سے میجر ثاقب اقبال کے قتل کیس کاعبوری چالان پیش کیا گیا۔
 
پولیس نے عبوری چالان میں بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نعمان عرف ماڑو اور فاروق عرف بابو کے خلاف میجر ثاقب کےقتل میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملےاور ملزمان سے ملنے والے اسلحے اور میجر ثاقب کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحے کے خول میچ نہیں ہو سکے۔
 
چالان کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے ڈر اور خوف کی وجہ سے قتل کا اعتراف کیا تھا جب کہ تفتیش میں ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد نہیں ہوا ہے اور ملزمان کی جے آئی ٹی کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکارکی جانب سے 133 روزسےکرفیونافذ ہے، کشمیری وادی میں محصور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی بنارکھا ہے۔
 
وادی میں 133 روز سے اسکول، کالجز، دفاتر اور تجارتی مراکز بھی بند ہی، جس کے باعث کشمیریوں کی زندگی معطل ہے، کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہے، بچوں کے لیے دودھ کا حصول بھی سخت مشکل ہو چکا ہے۔
 
ادھر برف باری نے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے،شدید سردی میں کشمیری بوڑھے اور بچےبیمارپڑرہے ہیں لیکن علاج معالجے کی تمام راہیں مسدود ہیں۔ دوسری طرف قابض فورسز کے گھر گھر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز بھی متعدد کشمیری گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک : ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹی وی دیکھنے کی عادت بچوں میں موٹاپے کی وجہ بن سکتی ہے۔ اسپین میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنے والے بچے تیزی سے اپنا وزن بڑھاتے ہیں اور آخرکار فربہی کے درجے میں شامل ہوجاتے ہیں۔

یہ اہم تحقیق بارسلونا میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل ہیلتھ نے کی ہے جس میں 1480 ہسپانوی بچوں کا کئی برس تک بغور مطالعہ کیا گیا ہے۔ اس میں بچوں کی پانچ عادات یعنی ورزش، نیند، ٹی وی بینی، سبزیاں کھانے اور پروسیس شدہ غذاؤں کی بابت خاص طور پر سوالات کیے گئے تھے۔ اس ضمن میں چار سال کے بچوں کے والدین سے بھی پوچھا گیا۔

پہلے چار برس کی عمر میں بچوں کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)، کمر کی چوڑائی اور بلڈ پریشر کو نوٹ کیا گیا؛ یہاں تک کہ ان کی عمر سات برس جاپہنچی اور اس وقت تک یہ تمام ٹیسٹ جاری رہے۔ اس کی تفصیلات پیڈیاٹرک اوبیسٹی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہیں۔

راولپنڈی: سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کے آخری دن اپنی پہلی اننگز 308 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیر کردی جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
 
راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی سنچری مکمل کی اور سری لنکا نے اپنی اننگز 308 رنز ڈکلیئر کردی۔
 
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر ہی گر گئی، شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
 
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے 4 دنوں میں بارش، گیلی آؤٹ فیلڈ اور خراب روشنی کے باعث صرف 91 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا ہے، جس کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم ہونا یقینی ہے۔
نیویارک: سیاحت کے معروف امریکی جریدے ’کونڈے ناسٹ ٹریولر‘ نے پاکستان کو سال 2020ء میں سیاحت کے لیے دنیا کا اولین بہترین ملک قرار دے دیا۔
 
سیاحتی امور سے متعلق امریکا کے معروف میگزین کونڈے ناسٹ ٹریولر Conde Nast Traveller نےسال 2020ء میں تعطیلات میں دنیا گھومنے کے لیے 20 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔
 
میگزین کے مطابق طالبان کے ختم ہوتے ہوئے اثر و رسوخ، سیکیورٹی اور امن کی بحالی، نرم ویزا پالیسی، دنیا کے سب سے بلند پولو گراؤنڈ، شندور میلے، بلند پہاڑ، وادی کیلاش، ملکی ثقافت، تاریخی مقامات کی وجہ سے پاکستان کو اس فہرست میں اول نمبر پر رکھا گیا ہے۔
 
فہرست کے مطابق برطانیہ (پولیمیتھ) کو دوسرے، کرغستان تیسرے، ارمینیا چوتھے اور برازیل (سلواڈور) کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اسی طرح بالترتیب چلیں تو آسٹریلیا، آئرلینڈ، فلپائن، فرانس، سسلی، سینیگال، یو ایس (پورٹ لینڈ)، لبنان، چین، ڈنمارک، برٹش ورجن آئس لینڈ، مراکش، پاناما، کروشیا اور جاپان شامل ہیں۔
 
واضح رہے کہ دنیا بھر کے بہترین سیاحتی ممالک کی یہ فہرست سیاحوں، ٹریول بلاگرز، یوٹیوب وی لاگرز، میگزینز اور ایڈوینچرز کلب کی آراء اور تبصرے کے بعد مرتب کی جاتی ہے۔
کراچی: شہر قائد میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جب کہ شہر میں ہونے والی بوندا باندی سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔
 
تفصیلات کے مطابق شہرکےمختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کوئٹہ کی جانب سے ہلکی رفتارمیں چلنے والی سردہواؤں کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر شہر کا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع  کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے آمد و رفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ موٹروے پر لاہور سے حافظ آباد تک شدید دھند حدِ نگاہ 00میٹر رہ گئی جس کی وجہ سے موٹروے کے اس حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں دھند میں کمی کے بعد موٹر وے پر ٹریفک جزوی طور پر بحال کردی گئی۔ اس کے علاوہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔

 اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موٹر وے پر غیرضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں ان ہدایات کا خیال رکھیں،گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اپنی رفتار کم رکھے تاکہ اچانک بریک لگانے کی صورت میں کم سے کم نقصان کا احتمال ہو، اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔
 
 ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی وجہ سے پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 386 منسوخ کر دی گئی ہے، لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پرواز پی کے 652 دو گھنٹے، کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی کے 302 پانچ اور 303 پونے چار گھنٹے، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 ایک گھنٹہ 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔