کراچی: آئی ایم ایف کی پاکستان کی معیشت پر اطمینان کی خبروں، مثبت معاشی اشاریوں اور آنے والی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح میں کمی کی توقعات پرمقامی وغیرملکی سرمایہ کاروں کی خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کوتیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔
جس سے10 ماہ کے وقفے کے بعد انڈیکس کی41 ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تیزی کے سبب 62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 75 ارب 3 کروڑ 77 لاکھ 63 ہزار 524 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں کی خریداری دلچسپی کے باعث کاروبارکے تمام دورانیئے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔
سپریم کورٹ میں فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹرز اور وکیل دونوں معاشرے کا باوقار حصہ ہیں، دونوں پیشوں کےساتھ گراں قدرروایات منسلک ہیں ، لاہور میں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، پی آئی سی واقعہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے.
اس لئے اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔ جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا، معزز پیشے سے تعلق رکھنے والوں کو خود احتسابی کےعمل سے گزرنا ہوگا، امید ہے اس طرح کے واقعات مستقبل میں پیش نہیں آئیں گے، متاثرہ خاندان کےساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کردی ہے جس کے تحت خسرو بختیار کی جگہ اب اسد عمر کونسل کے رکن ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کردی ہے جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین وزیر اعظم عمران خان ہوں گے، خسرو بختیار کی رکنیت ختم کردی گئی ہے اور اب ان کی جگہ وفاقی وزیر اسد عمر رکن ہوں گے۔
کونسل کے دیگر ارکان میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داوٴد، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری عشرت حسین، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا، سندھ سے نثار کھوڑو اور بلوچستان سے جان محمد جمالی شامل ہیں۔
راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہوگیا ہے اور کھیل ایک گیند کرائے بغیر ہی ختم کردیا گیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ سے ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ تو بحال ہوگئی ہے لیکن بارش اور خراب موسم کی وجہ سے اب تک مہمان ٹیم کی پہلی اننگز ہی مکمل نہیں ہوسکی۔
اسلام آباد: ملک کے پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر غریب محنت کش افرادی قوت اور بیروزگار افراد کو عالمی منڈی کے مسابقتی ماحول کے مطابق ہنر کی تربیت دینے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
گزشتہ روزقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے ایوان کو بتایا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان میں پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کا اعلیٰ ادارہ ہے، اس ادارے کے تحت بلوچستان ‘ سندھ ‘ گلگت بلتستان‘ آزاد جموں و کشمیر اور سابق فاٹا کے اضلاع میں نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں، جن علاقوں میں تعلیمی ادارے نہیں ہیں وہاں فاصلاتی تعلیم کے ذریعے انہیں سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کے لئےاسمارٹ کلاس رومز‘ ای لرننگ سمیت 14 اجزاء پر مشتمل جامع پروگرام تشکیل دیئے گئے ہیں۔ ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ تکنیکی تربیت کے لئے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے وسائل تقسیم کئے جاتے ہیں۔