Monday, 18 November 2024
کراچی: ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ایئر پورٹ پرسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے محفوظ الحق نے گولڈ میڈلسٹس کا شان دار استقبال کیا۔
 
اس موقع پر کراٹے ایسوسی ایشن کے عبدالحمید اور دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جب کہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔ گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
 
ورلڈ میڈلسٹ سعدی عباس نے کہا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔ گولڈ میڈلسٹ شہباز خان نے کہا کہ پہلے بھی ساؤتھ ایشن گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکا ہوں، لیاری سے صرف باکسر یا فٹ بالر ہی نہیں بلکہ کراٹے ماہر بھی مل رہے ہیں۔
 
گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ کا کہنا تھا کہ میں زخمی ہونے کے باوجود گولڈ میڈل فائٹ تک پہنچی، فائنل مقابلوں میں 2 مرتبہ نیپالی حریف نے ناک زخمی کر دی تھی، میرا خواب پاکستان کے لیے اولمپکس کھیلنا ہے، بد قسمتی سے اسپانسر نہ ملنے سے خواتین کراٹے کا کھیل آگے نہیں بڑھ سکا۔
سوات : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا٘محمود خان کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں،
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدو شریف میں سوات ائیرپورٹ کے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سی اے اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے وزیر اعلیٰ کو سیدو شریف ائیرپورٹ سے متعلق بریفنگ دی۔
 
انہوں نے بتایا کہ سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کرلیا گیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیرپورٹ کر طیاروں کی آمد و روانگی کیلئے کھول دیا جائے گا۔
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاحت کے وژن کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں، سیدو شریف، سوات و دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیرملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں۔
 
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ سوات ائیرپورٹ کو بیرون ملک پروازوں کیلئے بھی کھولا جائے گا جس سے سیاحت کو فروغ اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا،۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کردیں،
 
وزیر اعظم سے دوخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی اے اے نے اتنی قلیل مدت میں سیدو شریف ایئرپورٹ کی بحالی کا کام اضحسن طریقے سے انجام دیا۔
 
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے کو سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرااسٹرکچر اور رن وے کا بھی دورہ کرایا گیا۔

 کراچی: سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، علی زیدی کی پیش گوئی وفاقی وزیر بحری امورعلی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپٹ پریکٹس سے فلورملز بےلگام ہیں۔

یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ وفاقی وزیر نے صوبے کے عوام کیلئے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بد انتظامی کی وجہ سے کراچی میں آئندہ ہفتے آٹے کا شدید بحران پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے فلورملز پر قابو نہیں پایا گیا۔

واضح رہے کہ دودھ اور چینی کے بعد چند ماہ سے کراچی میں آٹے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن صوبائی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں یکسر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔آٹے کا بحران، فلور ملز اور آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کے کوٹے کی فراہمی

صوبائی حکومت کے وزراء آٹے کی قیمتوں میں کمی کا زبانی کلامی دعویٰ تو کرتے ہیں تاہم عملی طور پر آٹے کی قیمتوں میں کمی نظر نہیں آ رہی،ایسے میں علی زیدی کے ٹویٹ نے اہلیان کراچی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  لاہور:قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کراچی کنگز میں عماد وسیم کے نائب ہوں گے۔

پی ایس ایل ڈرافٹ کے موقع پر فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے ہیڈ کوچ ڈین جونز کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عماد وسیم بہترین قائد ہیں، وہی ٹیم کے کپتان اور بابر اعظم نائب ہوں گے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ متوازن اسکواڈ میدان میں اتاریں، وسیم اکرم نے کہا کہ ضروری نہیں کہ قومی ٹیم کا کپتان کراچی کنگز کا بھی کپتان ہو۔

 یاد رہے کہ بابر اعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی کی کمان سونپے جانے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ ان کو فرنچائز کا بھی کپتان بنا دیا جائے گا لیکن فیصلہ برعکس ہوا۔

فیصل آباد: فیصل آباد کی میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ ڈاکٹر فائزہ نے کانووکیشن میں 25 میڈلز حاصل کیے جن میں گولڈ، سلور اور برونز میڈل شامل ہیں۔

 ذرائع  کے مطابق فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی جس میں میڈیکل کے 416 طلبا اور طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

100 سے زائد طلبا اور طالبات کو مختلف ایئرز میں نمایاں پوزیشنز سمیٹنے پر گولڈ، سلور اور برونز میڈلز سے نوازا گیا، بی ڈی ایس کی طالبہ ڈاکٹر فائزہ نے مختلف پروگرامز میں نمایاں نمبر حاصل کیے اور 16 میڈلز اپنے نام کیے جب کہ 9 میڈلز مختلف مضامین میں سب سے نمایاں پوزیشن پر حاصل کئے

لاہور:  چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز کے لیے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی ہیں بلکہ ہم انہیں لڑکوں کو موقع دینا چاہتے ہیں اور ٹیم میں صرف 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

چیف سلیکٹر کے اعلان کردہ ٹیم میں اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسدشفیق، بابراعظم، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، عثمان شنواری شامل ہیں۔

 دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم میں شامل افتخار احمد کی جگہ فواد عالم جب کہ موسی خان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد موسی خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے البتہ وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور وقار یونس سے رہنمائی لیتے رہیں گے
کراچی: ڈیفنس کے پوش علاقے سے اغوا ہونے والی دعا منگی گھرواپس پہنچ گئی۔
 
دعا منگی کو بازیاب کرانے میں سندھ پولیس ناکام رہی اور ذرائع کے مطابق اس کی رہائی مبینہ طورپرتاوان کے عوض عمل میں آئی۔ دعامنگی کو30 نومبر کی رات خیابان بخاری سے اغوا کیا گیاتھا۔
 
اغوا کاروں نے دعامنگی کے دوست حارث سومرو کوگولی مارکرزخمی بھی کیاتھا جو نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ واقعےکا اغوا اوراقدام قتل کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے تاہم حارث سومروکا بیان تاحال نہیں لیا جاسکاہے۔
 
دعا منگی کی بازیابی کے لیے اہل خانہ اور دیگر شہریوں نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ بھی کیا تھا۔
 
 
 
کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں فارم ڈی کا داخلہ ٹیسٹ لیا گیا۔
 
داخلہ ٹیسٹ میں تقریبا 1700 امیدواروں نےگزشتہ روز جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ فارم ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔
 
ڈائریکٹر ایڈمشن نعمان احسن نے بتایا کہ 38 ٹیسٹ سینٹرز کی نگرانی کے لیے 160 ممتحن اور نگران ٹیمیں مصروف کار تھیں۔گھنٹہ بھر طویل داخلہ ٹیسٹ دوپہر 3.30 شروع ہوا۔
 
طلباء و طالبات کے ساتھ آنے والوں کی ایک بڑی تعداد یونیورسٹی کے باہر موجود تھی جن کے لیے خصوصی انتطامات کیے گئے۔
 
وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے ٹیسٹ کے دوران ہر کمرے کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان : سماجی علوم کے محققین کو درپیش مسائل اور اس کا حل" کاانعقادکیاگیا
 
ممبر سنڈیکیٹ ورکن ایڈوانسڈاسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ تحقیقی کلچر کا فقدان نہ صرف معاشرے کو ترقی کی جانب لے جانے میں رکاوٹ ہے بلکہ محققین کے لئے ڈیٹا کے حصول میں بھی پریشانی کا باعث بنتا ہے ۔
 
محققین کو اس ضمن میں تحقیقی اخلاقیات (Research Ethics) کا خیال رکھنا چاہیئے، تاکہ رائے دہندگان میں اعتماد پیدا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام اور ڈاکٹر معرف بن رﺅف کی زیر نگرانی آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک روزہ سیمینار بعنوان: ”سماجی علوم کے محققین کو درپیش مسائل اور اس کا حل“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
اس موقع پر جامعہ کراچی کے شعبہ تعلیم کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر معروف بن رﺅف نے طلبہ کو ایڈوانسڈاسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے بنیادی قوانین سے آگاہ کیا ۔سیمینار کے اختتام پرطلباوطالبات اور اساتذہ کرام کے سوالات پر مشتمل اوپن سیشن کا آغاز ہواجس کا جواب مہمانان کے پینل نے دیا۔

کراچی: شہیدذوالفقار علی بھٹو انسٹیوٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کی 16 ویں کانووکیشن کا انعقاد 8دسمبر کو ہوگا ۔

تقسیم اسناد کی تقریب کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی، تقریب کے مہمان خصوصی سینٹ آ ف پاکستان کے ڈپٹی چیئر مین سلیم مانڈی والا ہونگے۔

تقریب میں 1163 طلبا کوڈگری دی جائےگی جس میں 7 پی ایچ ڈی کےطلبا شامل ہیں تمغوں میں 11 سونے اور 15 چاندی کے تمغے شامل ہیں۔