اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔ صدرمملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
صدرپ اکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اور177 کے تحت اختیاراستعمال کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد کے تقرر کی منظوری دی۔
قانون کے مطابق نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال ایک ماہ 12 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوں گے۔
۔
لاہور: فکسنگ کیس میں ملوث ناصر جمشید کے گرد قانون کا شکنجہ سخت ہونے لگا۔
مانچسٹر کراؤن کورٹ میں ساتھی ملزمان یوسف انور اور محمد اعجاز کی جانب سے پی ایس ایل اور بی پی ایل میں کرکٹرز کو رشوت کی پیشکش کے اعتراف سے اوپنر کیلیے بھی اپنا دامن صاف ثابت کرنا مشکل ہو گیا ہے، پی ایس ایل ٹو کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں شرجیل خان،خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور محمد عرفان ملوث پائے گئے۔
ناصر جمشید پر سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا، ان سب کھلاڑیوں کو جرم کی نوعیت کے مطابق مختلف مدت کیلیے معطلی کی سزائیں بھی سنائی گئیں۔
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا خصوصی بنچ سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی سماعت آج کرے گا جب کہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت آج ہوگی۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2019ء بروز پیر 16 دسمبر 2019ء سے شروع ہورہے ہیں۔
بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے ضمنی امتحانات بروز پیر 16دسمبر سے شروع ہورہے ہیں۔
شام کی شفٹ میں ہونے والے یہ امتحانات دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک منعقد ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز سہ پہر تین بجے سے پانچ بجے تک منعقد ہوں گے۔
کراچی: آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد نے کہا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے 200 فلسفی، محقق، ادیب ، شاعر شرکت کریں گے۔
محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ 4 روزہ بارہویں عالمی اردوکانفرنس کا افتتاح وزیراعلیٰ 5 دسمبر کو کریں گے۔ کانفرنس میں انفرادیت یہ ہے کہ پاکستان کی علاقائی زبانوں، سندھی، بلوچی،سرائیکی ، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اردو کے زیادہ سیشن رکھے گئے ہیں، غالب کی 150سالہ برسی کی مناسبت سے پروگرام اور جشن فہمیدہ ریاض، اس سال ممتاز شخصیات کے ساتھ سیشن بھی ہوں گے جس میں شبنم ،ضیاء محی الدین سمیت اردو ادب کی ممتاز شخصیات اور معروف صحافی شامل ہیں، یہ بات انھوں نے حسینہ معین، نورالہدیٰ شاہ، قدسیہ اکبر، عنبرین حسیب عنبر اور گورننگ باڈی کے ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے 200 فلسفی، محقق، ادیب ، شاعر شرکت کریں گے، رضا علی عابدی، اور شمیم حنفی پاکستان پہنچ چکے ہیں کانفرنس میں شامل ہونے والوں کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہو گا۔
اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایات کے باوجود دواؤں کی قیمتوں میں کمی نہیں آسکی۔
سی ای او ڈریپ عاصم رؤف کے مطابق 15 سے زائد کمپنیاں دواؤں کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے عدالت چلی گئیں۔ قومی اسمبلی کی ذ یلی کمیٹی برائے صحت کا اجلاس کنوینر نثار چیمہ کی صدارت میں ہوا، جس میں ادویہ ساز اداروں نے ادویات کی قیمتوں پر بریفنگ دینے سے انکار کر دیا جبکہ ان کی ایسوسی ایشن پی پی ایم اے نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ۔
ڈریپ حکام کا کہنا تھا15 کمپنیوں نے سندھ ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔ رکن کمیٹی رمیش لال کا کہنا تھا ان کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا جائے جن کی وجہ سے سیاستدان بدنام ہورہے ہیں ، اسلام آباد میں مختلف پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز عوام کو لوٹ رہے ہیں ،اسلام آباد انتظامیہ دھیان نہیں دے رہی، ایسے میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی کی جائے۔