Wednesday, 20 November 2024
اسلام آباد: چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو اسے عبور کریں گے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کرپشن فری ہوجائے گا۔
 
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی حکومت سے کسی قسم کا کوئی سروکار، حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں تاہم نیب بھی ریاستی ادارہ ہے اس لیے اپیل کے لیے سپریم کورٹ رولزمیں ترمیم ہونی چاہیے، الزام برائے الزام نہیں لگنا چاہیے، ہم کوئی سیاسی انتقام نہیں لے رہے ہیں، جہاں زیادہ وسائل تھے وہاں بے دردی سے لوٹا گیا، جہاں وسائل کم تھے وہاں بھی لوٹ مار کی گئی۔
 
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ جنگل میں منگل کے دن گزر گئے، ماضی میں جن سے سوال کرنا مشکل تھا وہ آج قانون کی گرفت میں ہیں، چند ماہ میں 4 ارب سے زائد کی ریکوری صرف سندھ سے کی گئی جب کہ نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو اسے عبور کریں گے۔
 
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا مقصد صرف اور صرف پاکستان اور عوام کی خدمت کرنا ہے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، احتساب سب کے لیے پر یقین رکھتے ہیں، یہ سوچ کر کرپشن نہ کریں کہ کسی کو کچھ علم نہیں، کسی افسر کے خلاف شواہد ہیں تو اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
 

کراچی: سندھ کابینہ نے تمام سرکاری اداروں میں خواجہ سراؤں کیلئے نوکریوں کا کوٹا مقرر کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ سندھ کابینہ نے ٹرانسجینڈر (خواجہ سراؤں) کیلئے تمام سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لینا ہے، ہم انہیں معاشرے کے کارآمد لوگ بنانا چاہتے ہیں، میں آج انہیں کابینہ کی طرف سے کوٹا مقرر ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو اپنی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کیلئے تمام کاغذات تیار رکھنے ہوں گے 

سندھ کابینہ نے پاکستان ایگریکلچرل اینڈ اسٹوریج سروسز کارپوریشن (پی اے ایس ایس سی او) سے ایک لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیدی جس کی قیمت 844.50 فی 100 کلوگرام بیگ ہوگی۔ سندھ کابینہ نے گندم کی اشو پرائس 3450 روپے فی 100 کلوگرام بیگ مقرر کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آٹے کی قیمت میں کمی لانا چاہتا ہوں، ہم کم سے کم غریب عوام کو روٹی تو سستی دیں

فیصل آباد : نیشنل ٹی 20 کپ کے 14 ویں میچ میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے خیبرپختونخواہ کو جیت کیلئے 178 رنز کا ہدف دیدیا ہے، کپتان بابراعظم نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
 
تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جا رہے میچ میں خیبرپختونخواہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر سینٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ کپتان بابراعظم نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ احمد شہزاد نے 10، کامران اکمل نے 18، رضوان حسین نے 9 اور عمر اکمل نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے۔
 
خیبرپختونخواہ کی جانب سے عمران خان جونیئر سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوںنے 4 اوورز میں 39 رنز دئیے جبکہ عثمان خان شنواری نے 4 اوورز میں 37 اور محمد محسن نے 4 اوورز میں 33 رنز دئیے اور ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا، عرفان اللہ نے 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
ویب ڈیسک : اکسینٹ روم سے تعلق رکھنے والا ایک معروف پاپ بینڈ ہے جن کے پاکستان میں بھی بے شمار مداح ہیں اور یہ بینڈ پاکستان میں متعدد کانسرٹس بھی کر چکا ہے۔
 
اکسینٹ بینڈ ایک مرتبہ پھر پاکستان میں کانسرٹ کے لیے آ رہا ہے اور اس حوالے سے پاپ بینڈ نے ایک دلچسپ ٹوئٹ کیا۔
 
معروف پاپ بینڈ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں ہونے والے کانسرٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اکسینٹ بینڈ لاہور میں 24 نومبر کو کانسرٹ کے لیے آ رہے ہیں۔
 
پاپ بینڈ نے اس ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بھی ٹیگ کیا اور ان کے ساتھ ایک کپ چائے پینے کی بھی خواہش ظاہر کی۔
 
اکسینٹ بینڈ نے ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے ساتھ گورنر ہاؤس میں چائے کا ایک لاجواب کپ پینے میں بے حد خوشی ہوگی۔‘
 
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کانسرٹ منعقد کرنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اور ویمن ڈویلپمنٹ ٹاسک فورس پنجاب مس تنزیلہ عمران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 
روم کے پاپ بیند ایکسنٹ کی اس خواہش پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے فوراً جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’ مجھے ٹیگ کرنے کا بہت شکریہ، ہم آپ کا استقبال کریں گے اور لاجواب چائے کا کپ میرے آفس میں پئیں گے‘۔
مانیٹرنگ ڈیسک: نیٹ فلیکس پر مختلف فلمیں اور ویب سیریز سے لطف اندوز ہونے والے صارفین اب ہوشیار ہو جائیں کیونکہ نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئرنگ کو بند یا محدود کرنے پر غور کر رہی ہے۔
 
امریکا کی بین الاقوامی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلیکس استعمال کرنے والے صارفین لاتعداد فلمیں اور ویب شوز کے عوض کمپنی کو ماہانہ معاوضہ ادا کرتے ہیں۔
 
ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلیکس اپنے صارفین سے فور اسکرین اکاؤنٹ (یعنی ایسا اکاؤنٹ جسے 4 افراد استعمال کر سکتے ہیں) سروس کے 6 سے 12 ڈالر تک کی رقم لیتا ہے۔
 
مگر اس فور اسکرین اکاؤنٹ سروس کا فائدہ بے شمار لوگ اٹھاتے ہیں کیونکہ صارفین اکاؤنٹ کا پاس ورڈ اپنے دوست احباب کے ساتھ بھی شیئر کرتے ہیں
 
کمپنی کے چیف پراڈکٹ آفیسر گیگر پیٹر نے ایک وی لاگ میں بتایا کہ وہ اب ایک ایسا طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں جس سے ایک صارف کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ ان کے باقی دوست اور خاندان کے افراد استعمال نہیں کر سکیں گے۔
 
کمپنی کے پراڈکٹ آفیسر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فی الحال پاس ورڈ شیئرنگ کے مسئلے کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں بنایا مگر ہم اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹ پر نظرثانی کر رہے ہیں۔
 
ان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دیگر لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا کمپنی کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہا ہے۔
 
واضح رہے کہ نیٹ فلیکس پر 9 فیصد سے زیادہ صارفین اپنا پاسورڈ شیئر کرتے ہیں، بظاہر یہ تعداد اتنی زیادہ نہیں لگ رہی مگر اس سے نیٹ فلیکس کو لاکھوں ڈالرز کا تقصان ہو رہا ہے۔
کراچی:اقراء یونیورسٹی کےزیر اہتمام "ماحول دوست ماحولیات کی تشکیل" کےحوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
 
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کاکہناتھا کہ ماحولیات کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ ہے،ماحول کو سازگار بنانے میں ہم سب کا کردار اہم ہے
انہوں نےمزید کہاکہ جتنے بھی ماحولیاتی مسائل ہیں وہ ہماری عادات تبدیل کرنے سے ٹھیک ہوجائیں گے کراچی ایک کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہےجبکہ گرین سپاٹس ختم ہوچکے ہیں سندھ حکومت کا ماحولیاتی شعبہ بہت مثبت کام کر رہا ہے
 
انہوں نےمزیدکہا کہ سندھ حکومت اب فارسٹ پالیسی پر کام کر رہی ہے جو آخری مراحل میں ہےہم اس مسئلے پر کاروباری طبقے کو بھی شامل کر رہے ہیں
سندھ میں ساڑھے چھ لاکھ ایکٹر زمین گرین زون کیلئے شناخت کرلی گئی ہے جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اسے گرین زون میں تبدیل کیا جائے گا
کراچی: ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ”پیدائشی اندھے پن کے ساتھ گونگے بچوں سے دستی دستخط کا استعمال“ کے موضوع پر ایک لیکچر بدھ کو(23 اکتوبر سوا دو بجے دوپہر) بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔
 
برطانوی تقریر و زبان کی معالج محترمہ شہلینا میتھا متعلقہ موضوع پر خطاب کریں گی، جس میں اساتذہ، صحت کے ماہرین، طلبہ و طالبات، محققین، این جی اوز کے نمائندگان اور عام شہری شرکت کرینگے۔لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی اور ورچؤل ایجوکیشنل پروگرام برائے پاکستان کے باہمی تعاون سے ہورہا ہے۔

تخم بالنگا کا استعمال صحت کے لیے بے شمار فائدے مند ہے کیونکہ اس میں موجود غذائیت ہڈیاں مضبوط کرنے میں بھی نہایت ہی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

مگر ایک تحقیق کے مطابق تخم بالنگا انسان کو ڈپریشن جیسے مرض سے باہر نکالنے کی خاصیت بھی رکھتا ہے۔ 

ماہرین کے مطابق تخم بالنگا اومیگا 3سے مالا مال ہوتا ہے جو کہ انسان کے مزاج کو مثبت اور اسے خوش کرنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

ڈپریشن ایک ایسی دماغی بیماری ہے جو اب بہت ہی عام ہے، ہم اپنے ارد گرد ایسے بے شمار لوگوں کو جانتے ہوں گے جو اس بیماری سے لڑ رہے ہیں۔

سینٹرل فوڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر  پروفیسر رام نے بتایا کہ تقریباً 3 گرام تخم بالنگا کو ایک گلاس پانی میں ڈال کر 10 منٹ تک چھوڑ دیں جب یہ پانی اپنے اندر جذب کرلے گا تو اس کا با آسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاہ تخم بالنگا کو پَھلوں کے رس میں ملا کر بھی پی سکتے ہیں جب کہ اسے دودھ اور ملک شیک کے ساتھ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بالغ انسان کے جسم کو روزانہ 1 سے 2 گرام اومیگا 3 کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ عموماً مچھلی یا چند پودوں کی بیجوں سے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے، تخم بالنگا میں اومیگا 3 سب سے زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے جس کا روزانہ استعمال آپ کو بے شمار بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔

اگر آپ ڈپریشن جیسی بیماری میں مبتلا ہیں تو روزانہ ایک چمچا تخم بالنگا اپنی خواراک میں شامل کریں جس سے آپ کو اپنی طبعیت میں فرق محسوس ہوگا۔

اسلام آباد مہنگائی کے اس طوفان نے عوام کو پہلے ہی شدید پریشانی میں ڈال رکھاہے اور اب بجلی مزید مہنگے ہونے کے امکان نے بھی جنم لے لیاہے ۔
 
تفصیلات کے مطابق نیپرا بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق 30 اکتوبر کو سماعت کرے گا ، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 97 پیسے اضافے کا امکان ہے ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا ۔دوسری جانب یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آج صبح کاروبار کے آغاز میں ڈالر کی قدر انٹر بینک میں 15 پیسے کم ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 155 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔