کراچی:محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 برسوں کے دوران صوبے بھر میں گٹکے، ماوے اور مین پوری کی وجہ سے پونے 2 لاکھ افراد منہ کے کینسر کا شکار ہوئے ہیں۔
جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ نے گٹکا، ماوا اور مین پوری جیسی اشیاء پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
ڈائریکٹر جنرل صحت نے اپنی رپورٹ عدالت می جمع کرائی۔ جس کے مطابق پورے صوبے میں گزشتہ 5 برس کے دوران ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کینسر کا شکار ہوئے۔ اس طرح یومیہ یہ تعداد کم و بیش 3 ہزار بنتی ہے۔
صوبے میں خطرناک حد کینسر کے کیسز سامنے آنے پر عدالت نے تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایسی صورتحال پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر قابو پایا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی گٹکے پر پابندی سے متعلق فوری قانون سازی کی جائے۔ عدالت نے جناح اسپتال کے لئے فوری اسپیشل فنڈ ریلیز بھی کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سندھ حکومت کو فوری طور پر جناح اسپتال اور ایس آئی یو ٹی کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل کینسر اتھارٹی بنانے کا بھی حکم دے دیا۔
اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے ایل او سی پر دہشت گردوں کے لانچ پیڈز تباہ کرنے کے دعوے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے معمول کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی لانچ پیڈز کا دعوی غلط ثابت ہوا، پاکستان سفارتی برادری اور صحافیوں کو جورا سیکٹر لیکر گیا،سفارتکاروں نے جورا کے بازار میں تباہ کاریاں بھی دیکھیں، سفارتکاروں کو بھارتی اشتعال انگیزیوں سے آگاہ کیا گیا، علاقے کے 20 گھر مکمل تباہ ہوگئے،۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فورسزنے 19 اور 20 اکتوبر کو ایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی کارروائی میں بے گناہ شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے، مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ سے زائد شہری متاثر ہورہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ پاکستان ایک چین کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، تمام ممالک ایک دوسرے کے داخلی امور میں مداخلت سے گریز کریں، ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے جہاں امن وخوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغان امن کے فروغ کیلئے کوششوں کو سپورٹ کررہا ہے اور افغان مسئلے کے حل کیلئے ہر سطح پر تعاون کررہا ہے۔
اسلام آباد:حکومت نے اپوزیشن کو آزادی مارچ کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دھرنے اور مارچ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے متعلق وزیراعظم کواعتماد میں لیا، انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ 27 اکتوبر سے پہلے اپوزیشن کو مذاکرات پرآمادہ کرلیں، امید ہے مولانا فضل الرحمان ہماری بات مان جائیں گے۔
دبئی: پاکستان کے سابق اسپن اسٹار ثقلین مشتاق نے سرفراز احمد کی قیادت سے برطرفی کو جلد بازی قرار دے دیا۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ اگر میں مصباح الحق کی جگہ ہوتا تو انھیں ایک موقع اور دیتا، اب بابراعظم کو کپتان بنادیا گیا، میں نہیں جانتا کہ انھوں نے انڈر 19 یا ڈومیسٹک لیول پر قیادت کی ہے یا نہیں اور وہ اس میں کیسے ہیں۔
اسلام آباد:چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے تحت چینی تجارتی ادارے آئندہ پانچ سال میں پاکستان کے خصوصی اقتصادی علاقوں میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق پاکستان کے خصوصی اقتصادی علاقے فیصل آباد اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی(فیڈمک) میں چینی تجارتی اداروں اور صنعتوں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہ ہموار ہوئی ہے۔ چینی کمپنیاں آئندہ پانچ سال میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کر رہی ہیں۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے تجارت کے فروغ کے لئے موزوں اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائزز میں سرمایہ کاری کے عزم کا اظہارکیا ہے۔
کراچی: کراچی میں اسٹیٹ لائف کے ڈپٹی منیجر نے دفتر سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے خلاف کچھ انکوائری چل رہی تھیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں تھے، ظفر اقبال لیاری کے رہائشی تھے جن کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول منتقل کردی گئی ہے