جمعہ, 10 مئی 2024

 ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ون ڈے ورلڈکپ میں اس کھیل سے جڑے تمام بڑے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ سابق کرکٹرز اپنے تبصروں سے پرستاروں کو نوازیں گے۔مگر کچھ لیجنڈز جو پہلے کبھی سلیکٹرز کی مہربانی سے ورلڈکپ اسکواڈز کا حصہ بنتے تھے اب خود اپنی ٹیمیں منتخب کررہے ہیں اور اس کے لیے وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے شکر گزار ہیں۔ آئی سی سی نے ماضی کے ورلڈکپس میں بہترین کارکردگی سے خود کو لیجنڈ منوانے والے کرکٹرز کو اپنی پسند کے گیارہ عظیم ترین کھلاڑیوں کی ٹیم منتخب کرنے کا آپشن دیا ہے اور یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ کس ملک کا کھلاڑی اپنی ٹیم کا حصہ بنانا پسند کرتے ہیں۔اور ان کھلاڑیوں میں لیجنڈ پاکستانی کرکٹرز جاوید میاں داد اور انضمام الحق بھی شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے چھ ورلڈ کپس میں شرکت کرنے والے جاوید میاں داد نے اپنی عظیم کھلاڑیوں کی جو ٹیم منتخب کی ہے اس کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انہوں نے خود کو بھی اس میں شامل کرلیا ہے۔جاوید میاں داد کی ٹیم میں سچن ٹنڈولکر اور ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج اوپنر، تیسرے پر ویو رچرڈز، چوتھے پر جاوید میاں داد، پانچویں پر کلائیولائیڈ، چھٹے پر اے بی ڈی ویلئیر (وکٹ کیپر)، ساتویں پر عمران خان، آٹھویں پر عبدالقادر، نویں پر رچرڈ ہیڈلی، دسویں پر جوئیل گارنر اور آخر میں مائیکل ہولڈنگ کو رکھا گیا ہے۔پاکستان کے ایک اور لیجنڈ بلے باز انضمام الحق کی ٹیم ایڈم گلکرسٹ، سچن ٹنڈولکر، ویو رچرڈز، جاوید میاں داد، برائن لارا، اسٹیو واہ، عمران خان، وسیم اکرم، شین وارن، مرلی دھرن اور ایلن ڈونلڈ پر مشتمل ہے۔آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے اپنی ٹیم کے لیے ایڈم گلکرسٹ، وریندر سہواگ، رکی پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، برائن لارا، جیک کیلس، شین وارن، وسیم اکرم، وقار یونس، مرلی دھرن اور گلین میگرا کا انتخاب کیا ہے۔

ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) امریکی وزیر خارجہ جان کیری کہتے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر کے لئے خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا۔اسلام آباد میں پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات کے بعد امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ ہے، مذاکرات کے دوران خطے کی صورت حال اور امن وامان پر بات ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان کا تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی پھیلا رکھی ہے۔ کشمیر کے بغیر پاک بھارت مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔مشیر خارجہ  نے مزید کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں مربوط اورمضبوط آپریشن شروع کررکھا ہے، پاکستان نے اپنی مغربی سرحد پرامن کے لئے ایک لاکھ 70 ہزار فوج تعینات کی۔ آپریشن ضرب عضب کےبعد حقانی نیٹ ورک کو ختم کردیا گیا ہے اور اب وہ سرحد پار کارروائیاں نہیں کرسکتا۔ فاٹا میں تعمیر ترقی کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کی واپسی میں 10سے 12 ماہ  لگیں گے۔میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان آنے پر خوشی ہوئی، اسٹریٹجک مذاکرات پاک امریکا دوستی کو مضبوط کریں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ پاکستان، امریکا سمیت دوسرے ممالک کے لئے بھی خطرہ ہیں، دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا، افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔جان کیری نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان میں سیکیورٹی اقدامات تیز کرنے کے لئے مدد کو تیارہے، امریکا پاکستان کو  فاٹا میں تعمیر و ترقی کے لئے 25کروڑ ڈالر دے گا ، اس کے علاوہ 25کروڑ ڈالر آئی ڈی پیز کی واپسی  کے لئے بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کا کردار کم ضرورہوا ہے لیکن ختم نہیں ہوا، امریکا افغان افواج کو ٹریننگ اور سیکیورٹی امور پر مدد فراہم کرتا رہے گا۔ باہمی تعلقات کو مثبت طریقے سے آگے  بڑھانا پاکستان اوربھارت دونوں کےمفاد میں ہے، امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کرتاہے۔

 ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انتظامیہ نے کراچی کے ملازمین کوبھی دسمبرکی تنخواہوں کے نصف چیک جاری کر دیے جبکہ باقی نصف تنخواہ 18جنوری کو جاری کی جائے گی۔پی آئی اے کے انتظامی افسرکے مطابق پی آئی اے انتظامیہ شدید مالی بحران کا شکارہے۔  پی آئی اے میں 5 سے گروپ 10 تک کے ملازمین کی تعداد 7ہزار ہے۔ جنہیں 9جنوری کوآدھی تنخواہ کے چیک جاری کئے گئے تھے جبکہ باقی نصف تنخواہ  18جنوری کو جاری کی جائے گی۔

پی آئی اے میں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بتایاکہ قومی ادارے کی تباہی کے ذمے داروں اور نصف تنخواہ نا منظور کے حوالے سے پیرکواحتجاج بھی کیاگیا اور ملازمین میں ہینڈبل بھی تقسیم کیے گئے جس میں آدھی تنخواہ نہ لینے کے حوالے سے ملازمین کوآگاہ کردیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں نے بتایا کہ ایک طرف پی آئی اے میں لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہوں پر منظورنظر افراد کو تعینات کیاجارہا ہے جبکہ دوسری جانب ادارے کے ملازمین کووقت پر تنخواہوں کی ادائیگیاں بھی نہیں کی جارہی جوملازمین کے ساتھ ظلم ہے۔

ایمزٹی وی ( نیوز ڈیسک) فرانس کے رسالے چارلي ایبڈو نے اپنے اگلے شمارے کے سرورق پر پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کارٹون کے اوپر جلی حروف میں لکھا ہوگا ’سب کو معاف کیا گيا‘۔

یہ فیصلہ گذشتہ ہفتے رسالے پر ہونے والے حملے کے پیش نظر کیا گيا جس میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تقسیم کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس رسالے کے اگلے شمارے کی 30 لاکھ کاپیاں شائع کریں گے جو کل سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

عام طور پر اس رسالے کے ایک شمارے کی زیادہ سے زیادہ 60 ہزار کاپیاں شائع ہوتی ہیں مگر رسالے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس بار پوری دنیا میں اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ا

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) کرسٹیانو نے 37.66 فیصد ووٹ حاصل کر کے اپنے سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ارجنٹائن کے لائنل میسی چار سال سے بلون ڈی اور جیتتے چلے آئے تھے اور انھیں گذشتہ سال رونالڈو ہی نے شکست سے ہمکنار کیا تھا۔ رونالڈو نے 2014 میں 43 مقابلوں میں 52 گول کیے ہیں۔ وہ اپنا انعام وصول کرتے وقت خاصے جذباتی دکھائی دیے۔

پرتگال کے کپتان رونالڈو نے بارسلونا کے لائنل میسی اور بایرن میونخ کے گول کیپر مانوئل نوئر کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) فیصل آباد،کراچی،راوالپنڈی،سکھرسمیت ملک کی مختلف جیلوں میں قید سزائے موت کے مزید 7 قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔

سکھر کی سینٹرل جیل ون میں صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب کالعدم تنظیم  کے 3 دہشتگردوں کو محمد طلحہ، خلیل احمد اور شاہد حنیف کو 2001 میں وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی پر لٹکایا گیا۔  کراچی کی سینٹرل جیل میں بہرام خان نامی مجرم کو 2003 میں عدالت کے احاطے میں وکیل کو ہلاک کرنے پر تختہ دار پر لٹکایا گیا۔

فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ جیل میں سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے 2 مجرم نوازش علی اور مشتاق احمد اپنے انجام کو پہنچے جبکہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی ذوالفقارعلی کو پھانسی دی گئی۔

واضح رہے کہ ملک میں سزائے موت پر پابندی ختم ہونے کے بعد سے اب تک 17 مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

  ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے اتوار کو کابل کا دورہ کیا اور افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان صدارتی محل سے پشتو اور زری زبان میں جاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر اور آئی ایس آئی چیف نے دونوں ملکوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں دونوں اطراف مشترکہ کوششوں کو مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان، افغانستان اور خطے میں امن کے لیے تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی۔یہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے میں 132 بچوں سمیت 140 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد آئی اسی آئی چیف کا افغانستان کا دوسرا دورہ تھا۔اس سے قبل پشاور میں حملے کے اگلے دن انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ ہنگامی دورہ کیا تھا جس میں افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان میں موجود اتحادی افواج کے کمانڈر جان کیمبل سے افغانستان میں موجود شدت پسند گروپوں کے حملے میں ملوث ہونے سے متعلق اہم انٹیلی جنس انفارمیشن کا تبادلہ کیا۔ آرمی چیف نے پشاور حملے میں ممکنہ طور پر ملوث کنڑ میں مقیم طالبان گروپوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے افغان حکومت اور ایساف افواج سے یقین دہانی حاصل کی تھی۔اس کے بعد پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر کنڑ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا تھا۔ دورے کے دوران ااشرف غنی نے جنرل راحیل شریف کو یقین دہانی کرائی تھی کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

  ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بھارت نے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ کردیے جنھیں  آگرہ میں حافظ عبداللہ شہابؒ کے سالانہ عرس میں شرکت کرنا تھی۔

بھارتی انٹیلی جنس یونٹ (لیو) نے حکومت سے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کی درخواست کی ہے ۔ یہ اقدام امریکی صدر باراک اوباما کے دورے کے دوران سیکیورٹی کویقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ رواں برس بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں امریکی صدر  مہمان خصوصی ہیں ۔ وہ تاج محل دیکھنے کے لیے آگرہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کی ضرورت پڑے گی۔ ایس ایس پی آگرہ مودک راجیس دنیش راؤ کا کہنا ہے کہ اوباما کا دورہ شیڈول ہے اور ہم  کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے اسی وجہ سے  پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کا آغاز کررہے ہیں۔ درگاہ منیجر نے بتایا کہ افسوس  ہے اس مرتبہ پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہوں گے۔ عرس کی تقریبات 24 سے 26 جنوری تک جاری رہیں گی۔

 ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ "رئیس" میں کام کی پیشکش قبول کرنے سے قبل انہیں معلوم نہیں تھا کہ اس کی کاسٹ میں کون ہوگا اور وہ بس کردار کے بارے میں پڑھ کر اسے کرنے کے لیے تیار ہوگئیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے فلم "رئیس" میں آڈیشن کے لیے بلایا گیا تھا اور اس کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا تاہم میں نے اپنے کردار کے سینز پڑھے جو مجھے دلچسپ لگے اور میں نے آڈیشن دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ آڈیشن سے قبل وہ نروس تھیں کہ کہیں اپنے ڈائیلاگ بھول نہ جائیں مگر سب کچھ بہت اچھا ہوگیا جس کے بعد میری ملاقات شاہ رخ خان سے بھی ہوئی جو بہت اچھی طبیعت کے مالک ہیں۔ ماہرہ خان نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان اور نواز الدین صدیقی کے مدمقابل کام کرنے کے خیال سے کچھ دباﺅ کا شکار ہیں کیونکہ وہ ان دونوں کی پرستار ہیں، خوش قسمتی سے مجھے پاکستان میں کچھ بہترین اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جس سے مجھے فلم کے سیٹ میں بہت مدد ملے گی اور مجھے توقع ہے کہ میں شاہ رخ اور نواز الدین صدیقی سے کافی کچھ سیکھ سکوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستانی فلم "بن روئے" میں کام کرچکی ہیں اور اس وقت ایک اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوں تو ٹی وی سے فلمی اسکرین کی تبدیلی کا اندازہ تو مجھے ہوچکا ہے مگر میں ایسے ماحول میں کام کرنے خیال سے نروس ہو جس کے بارے میں مجھے کچھ معلوم نہیں اور وہاں سب کچھ نیا ہوگا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں میں ہندوستان ملوث ہے۔ تاہم، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے نئی افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے اس بات کو ممکن بنانے کی کوشش کی ہے کہ دونوں ملک اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ڈان نیوز کے پروگرام فیصلہ عوام کا میں گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آنے کے بعد یہ شرط رکھی ہے کہ اگر پاکستان ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کشمیر کو بھول جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کی اس شرط کو قبول کرنے سے پوری طرح سے انکار کیا ہے۔پاک-انڈیا سرحدی کشیدگی اور مذاکرات میں تعطل سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مودی کا ایجڈا کافی اوپن ہے کہ مذاکرات صرف ہندوستانی کی شرائط پر ہوسکتے ہیں، جو پاکستان کے لیے قبول کرنا ناممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی چاہتا ہے کہ وہ ہر سطح پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرے، کیونکہ یہ پورے خطے کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک وژن بنایا تھا جس کے تحت قومی سیکیورٹی کی حفاظت ایک اولین ترجیحی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے خطے میں پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماضی میں جو بھی پالیسی مرتب کیں، ان کا ملکی سیکیورٹی پر کوئی اچھا اثر نہیں ہوا ہے۔مشیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ خودمختاری اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، بلکہ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم پڑوسی ملکوں کے ساتھ ایک مثبت طریقے سے ساتھ چل سکیں۔شدت پسندی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ پالیسی بہت ہی واضح ہے کہ ہم کسی بھی اچھے یا برے طالبان میں کسی قسم کی تفریق نہیں کرتے اور سب کے ساتھ اب ایک ہی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد اب دہشت گردی کے مسئلے پر نا صرف سول، بلکہ فوجی قیادت بھی ایک میز پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جو شدت پسند افغانستان کی سزمین پر موجود ہیں ان کے خلاف وہاں کی افواج کارروائی کرے گی۔مشیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا دونوں ملکوں کی پالیسوں میں اہم تبدیلی ہوئی ہے اور اب ہماری کوشش ہے کہ سرحد پر دہشت گردی کی نقلِ حمل کو ناصرف روکا جائے، بلکہ ان پر نظر بھی رکھی جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اشرف غنی کے آنے کے بعد افغانستان کے حالات کی تمام تر ذمہ داری وہاں کی حکومت پر عائد ہوئی ہے اور پاکستان میں امن اُس وقت آسکتا ہے جب افغانستان مستحکم ہوگا.