اتوار, 19 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(کراچی)تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کی جانب سے سندھ اسمبلی کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق قرارداد پیش کی۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب یہ بیان کہ بل نہیں دیں گے تو بجلی نہیں ملے گی سمجھ میں نہیں آتا، رواں برس ہم نے وفاق کو 27 ارب روپے ادا کئے اور اب بجلی کے حوالے سے سندھ حکومت پر وفاقی اداروں کے کوئی بھی واجبات نہیں ہمارے پاس بجلی کے تمام واجبات ادا کرنے کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں لیکن اس کے باوجود وفاق کی جانب سے سندھ پر 20،20 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی صورت ظلم کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز بھی پانی وبجلی حکام سے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بات کی اور وفاقی سے ٹیرف کا مسئلہ حل کرنے کا کہا، ہم نے بتایا کہ 100 میگاواٹ بجلی بالکل تیار ہے جسے صرف جاری کرنا ہے اس کے بعد سندھ کے شہروں شکار پور، دادو اور دیگر پاور پلانٹس سے لوڈشیڈنگ کم ہوگی۔ لیکن 100 میگاواٹ بجلی کی دستیابی کے باوجود نیپرا کم ٹیرف پر لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس سے بجلی سستی بنتی ہے اگر لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاق نے توجہ نہ دی تو اس سنگین مسئلے پر خود ہی کام کریں گے۔ اسمبلی کا اجلاس 18 مئی تک ملتوی کردیا گیا۔
بعد ازاں ایوان نے خرم شیر زمان کی جانب سے سندھ میں بدترین لوڈشیڈنگ اور بجلی کے غیر منصفانہ ٹیرف کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہماری پریس ریلیز کوبنیاد بنا کرفوج اورحکومت کو آمنےسامنے کھڑا کردیا گیا تاہم پاک فوج جمہوریت کی اتنی ہی تائید کرتی ہے جتنا دیگر پاکستانی کرتے ہیں۔
ڈان لیکس کے معاملے پر حتمی نوٹی فکیشن وزارت داخلہ سے جاری ہونا تھا تاہم جو نوٹی فکیشن جاری کیا گیا وہ مکمل نہیں تھا جس پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے پریس ریلیز جاری کی گئی مگر وہ ٹوئٹ کسی حکومتی شخصیت یا ادارے کے خلاف نہیں تھی بلکہ نوٹی فکیشن کے نامکمل ہونے پر کی گئی تھی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہماری پریس ریلیز کوبنیاد بنا کرفوج اورحکومت کو آمنےسامنے کھڑا کردیا گیا اور ایسے حالات نہیں ہونے چاہئے تھے، تاہم جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آج وزارت داخلہ نے پیرا 18 کے مطابق مکمل آرڈر کردیا جس پر ہم حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے نا صرف مکمل حقائق سامنے لائے بلکہ غلط فہمیاں بھی دور کیں ، پاکستان فوج ریاست کا مضبوط ادارہ ہے اور ادارے کے حیثیت سے دیگر اداروں کے ساتھ جمہوریت کے لیے ملکر کام کریں گے جب کہ پاک فوج جمہوریت کی اتنی ہی تائید کرتی ہے جتنا دیگر پاکستانی کرتے ہیں اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے جو بھی جمہوریت کے لیے بہتر ہوگا وہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے انکوائری میں جو ذمے دار تھے ان کے نام دے دیے اور انکوائری بورڈ میں رکن نے سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائیں، وزیراعظم فائنل اتھارٹی ہیں وہ جو حکم دیں ان پرعمل ہونا چاہیے۔
چمن میں افغان بارڈر پولیس کی جانب سے فائرنگ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چمن بارڈر پر 2 منقسم گاؤں ہیں جن میں آدھا حصہ افغانستان اور آدھا پاکستان میں ہے، جس پر چمن میں افغان سائیڈ کو اطلاع دی کہ اپنی طرف کے گا ؤں میں مردم شماری کریں گے لیکن اس کے باوجود جو ہوا اس پر پاک فوج کو اپنے دفاع میں افغان فورسز کو جواب دینا پڑا جب کہ افغانستان سے کہہ رہے ہیں کہ سرحدی تعاون پر آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو میڈیا میں پیش کرنے کا مقصد اُسے ہیرو بنانا نہیں تھا بلکہ یہ اس لیے کیا گیا کہ پتہ چلے کہ یہ کیسے استعمال ہوئے جب کہ احسان اللہ احسان پر ملکی قانون استعمال ہوگا۔
ترجمان پاک فوج نے بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو ملٹری کورٹ کے تحت سزا سنائی گئی اور ان کے خلاف فوجی قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے جب کہ بھارت کا کلبھوشن معاملے پر عالمی عدالت انصاف جانے پر وزارت خارجہ بیان دے گا اور اگر کوئی درخواست عالمی عدالت انصاف سے آتی ہے تو دفترخارجہ ہی اسے دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل دورسے گزرتے ہوئے اچھے دورکی طرف جارہا ہے لیکن دشمن چاہتے ہیں امن کے لیے حاصل کامیابیوں کو نقصان پہنچائیں جب کہ بھارت نے ہماری فوج پر ایل او سی کے پار جا کر لاشوں کی بے حرمتی کا الزام لگایا۔ ایرانی فوج کی جانب پاکستان میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر کارروائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایرانی آرمی چیف کا بیان اپنے ملک کے ماحول کے مطابق آیا جس پر وزارت خارجہ نے بیان دے دیا ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم نواز شریف سے طویل ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان طویل تبادلہ خیال کے بعد ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوگئے۔ ملاقات کے دوران اعلیٰ ترین سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ڈان لیکس کے متعلق تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ ترین سول اور عسکری قیادت کے درمیان طے پائے گئے معاملات کے تحت ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور پریس کانفرنس کریں گے جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کل میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈان لیکس نیوز لیکس کا معاملہ حل ہوگیا ہے، 29 اپریل کا ٹویٹ کسی ادارے یا شخصیت کے خلاف نہیں تھا لہذا ٹوئٹ کو واپس لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو انگریزی اخبار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سےمتعلق ایک خبر شائع کی تھی، جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ پر وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہوا تھا جسے ترجمان پاک فوج نے مسترد کردیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20سے زائد اشیا خور دونوش پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد سبسڈی دینے کی تجو یز زیر غور ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن آف پاکستان کی جانب سے اسٹوروں پر اشیاخورد ونوش کی فراہمی کے لیے افطار کے بعد بھی چند اسٹورکھلے رکھے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹوروں میں 20سے زائد اشیا خورد و نوش پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد سبسڈی دینے کی تجا ویز زیر غور ہیں جن اشیا خورد ونوش پر وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں سبسڈی دی جائے گی۔ ان میں آٹا، چاول، گھی، بیسن اور مختلف قسم کی دالوں کے علا وہ دیگر اشیا بھی شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ چند اشیا پر حکومت برانڈڈ کمپنیوں سے رعایت لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ اس وقت بھی یوٹیلیٹی اسٹور حکام کے مطابق 700 سے زائد برانڈڈ اشیا خور دونوش کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جس کا اطلاق رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹوروں پر لوگوں کے رش کو مد نظر رکھتے ہوئے کارپوریشن کی جانب سے عارضی بنیادوں پر ملازمین بھی رکھے جائیں گے تاکہ لوگوں کو اشیا خو رد ونوش کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ شہری علاقوں میں ایسے اسٹوروں کا تعین بھی کیا جائے گا جو کہ افطار کے اوقات کے بعد بھی کھلے رہیں گے۔
گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹور کے ذریعے حکومت نے اشیا خورد ونوش پر عوام کو پونے 2ارب روپے تک کا ریلیف دیا تھا جبکہ رواں سال بھی ڈیڑھ ارب روپے تک کا ریلیف دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
ایڈوکیٹ حشمت حبیب نے فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ درخواست گزار نے وفاقی حکومت، وزارت دفاع، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیرمین سینیٹ رضاربانی کو فریق بنایا ہے۔
حشمت حبیب نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ آرٹیکل 255 کے تحت اراکین پارلیمنٹ اپنے حلف کا دفاع کرتے ہیں لیکن ارکان نے فوجی عدالتوں کی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے لہذٰا جن ارکان نے ووٹ دیا ہے ان کی رکنیت معطل کی جائے۔
درخواست کے متن کے مطابق درخواست گزار نے استدعا کی ہے آئینی درخواست کو سماعت کو منظور کرتے ہوئے 23 ویں ترمیم کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی کے ساتھی وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیصل صدیقی بیمار ہیں لہذا وہ پیش نہیں ہوں گے جس پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ یہ اہم مسئلہ ہے لہذا کیس چلایا جائےجب کہ آئی جی سندھ اور وزیراعلیٰ کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات ٹھیک نہیں جس سے دیگر معاملات متاثر ہورہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے بغیر کارروائی آگے نہیں بڑھا سکتے، عدالت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو دیا گیا حکمِ امتناع برقرار رکھتے ہوئے آئندہ سماعت تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اور درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ نے آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے حوالے کردی تھیں تاہم معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں جانے کے بعد عدالت نے صوبائی حکومت کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وفاقی حکومت نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ریاض ریاض الدین کی بطور قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ریاض ریاض الدین کو قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کر دیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ریاض ریاض الدین کی تقرری 3ماہ کے لیے یا نئے مستقل گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی تک کی گئی ہے۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا کی مدت ملازمت29 اپریل کو ختم ہو گئی تھی۔
 

 

 

ایمزٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے آئندہ ایک ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار کھنے کا اعلان کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مئی کے مہینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کی جا رہی اور موجودہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی ۔ڈان لیکس معاملے پر مشاورت کیلئے بلائی گئی میٹنگ میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی موجود تھے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کی جا رہی بلکہ آئندہ ایک ماہ کیلئے قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے حکومت کی جانب سے سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی کے مہینے میں بھی پٹرول کی موجودہ قیمت 74روپے ہی برقرار رہے گی جبکہ ڈیزل 83روپے اور مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی موجودہ قیمتوں میں بھی کوئی ردوبدل نہیں کیا جا رہا۔ انہو ں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز دی گئی تھی مگر حکومت نے مئی کیلئے موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) مارگلہ کی پہاڑیوں اور درختوں کی کٹائی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی، پنجاب اور کے پی حکومتیں مافیا کے سامنے یرغمال بنی ہوئی ہیں۔
جسٹس عظمت سعیدشیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت نےکسی ذمہ دارکیخلاف کارروائی نہیں کی، کیا تینوں حکومتوں نے مافیا سےالیکشن لڑنےکیلئے پیسے پکڑے ہوئےہیں، تینوں حکومتیں مارگلہ کی پہاڑیوں اوردرختوں کی کٹائی کےذمہ داروں کی فہرستیں دیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے تحفظ کیلئےکیا اقدامات کیے گئے؟ مافیا اور غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کیا کارروائی ہوئی؟
جسٹس عظمت سعید نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا سے سوال کیا کہ کیا بنی گالہ خیبرپختونخوا میں ہے؟ آپ کوبنی گالہ میں قوانین کی خلاف ورزیوں کی پرواہےمارگلہ پہاڑیوں کی نہیں۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ مارگلہ پہاڑیوں میں درختوں کی کٹائی اورپہاڑوں کی بلاسٹنگ ثابت ہوچکی، تینوں حکومتیں کہہ دیں کہ بےبس ہیں، قانون پرعمل درآمد نہیں کراسکتیں، کسی حکومت نےمارگلہ کےتحفظ کےذمہ دار افسران کی ناکامی پرکوئی ایکشن نہیں لیا۔
کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کےلیے ملتوی کردی گئی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سی پیک کی تعمیر کے بعد معیشت کی بہتری کے دعوے کرنے والی حکومت نے بجٹ خسارہ اور زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے بعد غیر ملکی اداروں سے مزید قرضے لینے کا فیصلہ کر لیا ۔ زرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجٹ خسارہ کم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو سنبھالنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک ارو فرانس ڈیویلپمنٹ ایجنسی سے قرضے لینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے ۔ زرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اے ڈی بی سے 60کروڑ ڈالر کا قرض لے گی، یہ قرضہ حکومتی اداروں کے تنظیم نو اور توانائی منصوبوں کے نام پر لئے جائیں گے جبکہ فرانسیسی ایجنسی کے درمیان بھی 10 کروڑ ڈالر کے قرضے کیلئے مزاکرات جاری ہیں۔اے ڈی بی کی جانب سے سرکاری اداروں کی تنظیم نو کیلئے اگلے مالی سال میں فنڈز دئیے جانا تھا مگر حکومت کی درخواست پر یہ رقم رواں مالی سال جاری کی جائے گی۔ حکومت کومشرف دور میں فروخت کئے گئے یورو بانڈز کی ادائیگی کیلئے 75 کروڑ ڈالر درکار ہیں، ان دس سالہ بانڈز کی مدت مئی میں ختم ہورہی ہے، بانڈز پرشرح سود 6.8 فیصد ہے، یورو بانڈز کی ادئیگی کے لئے حکومت ایک بار پھر چینی کمرشل بینکوں کا دروازہ کھٹکھٹانے کا ارادہ رکھتی ہے۔چینی کمرشل بینک پہلے ہی 1 ارب30 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کر چکے ہیں۔ نوازحکومت نے تین برس میں پچیس ارب ڈالر کے نئے قرضے لئے ہیں، حکومت نے غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 3 ارب 30کروڑ ڈالر کا قرض لیا جبکہ ساڑھے چار ارب ڈالر کے بانڈز بھی فروخت کئے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ نواز لیگ کے موجودہ دورے حکومت میں ملک پر قرضوں کے بوجھ میں35 فیصد کا ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے بعد ملک کا مجموعی قرضہ 18 کھرب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔

 

Page 10 of 20