اتوار, 19 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی(لاہور )لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سرکاری اور نجی اداروں میں مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار اظہر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سرکاری اور نجی اداروں میں مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے قانون سازی کے احکامات صادر کرے۔ جس پر عدالت نے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور حکومت پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی ادارہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے سندھ حکومت کو مردم شماری کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی حالیہ مردم شماری نتائج پر وفاق اور سندھ حکومت میں اختلافات برقرار ہیں اور ایک بار پھر وفاق نے سندھ کو مردم شماری کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
چیف شمارت آصف باجوہ نے تفصیلات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے فارم 2 اور مردم شماری بلاکس کا ریکارڈ مانگا تھا تاہم ہم مردم شماری ڈیٹا کو خفیہ رکھنے کے پابند ہیں اور قانون میں ترمیم کے بغیر کسی کو بھی کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا جاسکتا۔

 

 

ایمزٹی وی (سکھر)سندھ حکومت نے پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے وفاق سے درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بینظیر کے قتل کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے پرویز مشرف کی انٹرپول سے گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کرے گی، معاملے پر پیش رفت وزیراعلیٰ سندھ کی حج سے وطن واپسی پر ہوگی۔
روہڑی میں صحافیوں سے گفتگو میں ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ثبوت مٹانے کی کوشش کی گئی اور جس طرح عدالت نے پولیس والوں کو سزائیں دی ہیں، اس سے تو پرویز مشرف مجرم بنتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے دہشت گردوں کو عدالت نے بری کیا جس کی مذمت کرتے ہیں، پرویز مشرف کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے وفاق سے درخواست کریں گے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، ایوبیہ، واہ کینٹ، ہری پور اور اس کے گرد و نواح میں محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ شام 5 بجکر 25 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی زیرزمین 17کلومیٹر اورمرکز مینگورہ کے 67 کلومیٹر شمال میں تھا۔ فی الحال زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی )پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ان کی کانفرنس میں شرکت کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی اور کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے مشروط کیا تھا اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے پر ہی ہم نے ایم کیو ایم کی کانفرنس میں شرکت نہیں کی،شاید ایم کیوایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے 25ارب روپے کے پیکج کے لیے لابی بنانا تھی اگر ڈاکٹر فاروق ستار کانفرنس کی آڑ میں کراچی پیکج کے لیے لابی بنا رہے تھے تو پیپلز پارٹی اس کانفرنس کا حصہ کیسے بن سکتی تھی،ہوسکتا ہے ۔ ایم کیو ایم پاکستان نے لندن کے کہنے پر کانفرنس ملتوی کی ہو ،ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی بات کی،کانفرنس کا دعوت نامہ دیا اورنہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ ،وقار مہدی ، راشد ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

نثاراحمد کھوڑونے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت سے متعلق غلط بیانی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی بات کی، کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیاتھا۔ ایک سوال کے جواب میں

انھو ں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دیرینہ مخالف دھڑے اگر آپس میں مل رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں،انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار وضاحت کریں کہ ان پر انضمام کیلئے کون دبائو ڈال رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان جمہوریت کے خلاف سازش کی بات کررہی ہے تو وہ بھی وضاحت کریں کہ سازش کون کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا اورجمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے۔

 

 

ایمز ٹی وی (پشاور)جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ اگر اس نے عید الاضحیٰ سے قبل وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور فرنٹیئر کرائم ریگولیشن (ایف سی آر) کو ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا تو عید کے بعد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کے دوران خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کارکنان اور قبائلیوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کی تیاری کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت مطالبات پورے نہیں کرتی تو وہ خود اس لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ جماعت اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام فرسودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے انگریزوں کے دور کے اس نظام کو مسترد کردیا ہے جس میں صرف کرپٹ لوگوں کے مفادات ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ا

نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اب تک یقین نہیں آرہا کہ وہ ملک کے چیف ایگزیکٹو بن چکے ہیں جبکہ انہیں ہی فاٹا کے مستقبل کے لیے نمایاں اقدامات کرنے ہوں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان نے پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جہاں انہوں نے فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے اور ایف سی آر کو ختم کرنے کے حوالے سے نعرے بازی بھی کی۔ خیال رہے کہ رواں ماہ 11 اگست کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی فاٹا اصلاحات کو نافذ کرنے کے حوالے سے حکوت پر دباؤ دینے کے لیے اسی جگہ پر دھرنا دیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قومی اسمبلی کو الیکشن بل 2017 پاس کرنے کے بجائے فاٹا اصلاحاتی بل پاس کرنا چاہیے تھا اور 2018 کے عام انتخابات میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں فاٹا کو نمائندگی دینے کا اعلان بھی کرنا چاہیے تھا۔ ا

ن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت فاٹا اصلاحات رپورٹ کو نافذ نہ کرکے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کو امداد بند کرنے کی دھمکی اور پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگانے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے اور دوسری جانب اپنی پالیسی پر سزا دینے کی دھمکی بھی دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اپنی فرسودہ پالیسی کی وجہ سے ہونے والی ناکامی کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرا رہا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ اعلان کردہ وفاقی حکومت کے 25 ارب کے پیکیج سے شہر میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے یہ پیکیج تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہے ۔ پاکستان کے70 ویں جشن آزادی میں بچوں بڑوں سب کی یکساں شرکت اچھی علامت ہے، اتحاد ویکجہتی برقرار رکھنے کیلئے پاکستانی قوم کو اپنا یوم آزادی اسی جوش وخروش سے منانا چاہیئے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو بھی جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک رکھنا چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی صبح سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا سوبھراج اسپتال آمد پراسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمدعلی نے ڈپٹی میئرکراچی کو خوش آمدید کہا جبکہ ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سلیم بھولا والا اور دیگرافسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈپٹی میئر نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اسٹاف سے بات چیت کی جبکہ سٹی کونسلر تحسین عابدی اور دیگر خواتین بلدیاتی نمائندوں نے اسپتال کے گائنی اور دیگر وارڈز میں جاکر وہاں داخل مریضوں کو ڈپٹی میئر کراچی کی طرف سے یوم آزادی کے تحائف اور پھول دیئے ۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے لئے اعلان کردہ وفاقی حکومت کے 25 ارب کے پیکیج سے شہر میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیکیج تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں پہلے سے جاری گرین لائن بی آرٹی بس پروجیکٹ کے فور منصوبہ اور دیگر ترقیاتی منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچے جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے باقی ماندہ کام کے بھی جلد مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ ہم شہر میں بے ہنگم اور خلاف ضابطہ اشتہاری ہورڈنگز لگانے کے خلاف ہیں انہوں نے خاص طورپر کارسازروڈ اور شارع فیصل کا حوالہ دیا جہاں اشتہاری ہورڈنگز کی بھرمار ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات موجود ہیں اور یہ تمام چیزیں قواعد وضوابط اور ڈسپلین کے تحت لائی جانی چاہئیں۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کے لیے وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں ہورہی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد کی فضاؤں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں کی جارہی ہیں۔
پاک فضائیہ کا ایئر شو چودہ اگست کو ایف نائن پارک میں دوپہر ایک بجے ہوگا جس میں ایف سولہ، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے میں شامل دیگر طیارے حصہ لیں گے جب کہ پہلی مرتبہ اگسٹا ہیلی کاپٹر کی رونمائی بھی کی جائے گی۔ ایئر شو میں مسلح افواج کے کمانڈوز فری فال جمپنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ ترکی، سعودی عرب کے طیارے بھی یوم آزادی ایئر شو کا حصہ ہیں اور دونوں دوست ممالک کی ایروبیٹک ٹیمیں زبردست فضائی مظاہرہ پیش کریں گی
یوم آزادی پر پاک فضائیہ کا ایئر شو کراچی سی ویو پر بھی دوپہر ڈھائی بجے ہوگا۔ سی ویو پر ہونے والے ائرشو میں پاک فضائیہ کا شیردل اسکوارڈن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا جب کہ ایف سولہ اورجے ایف سیونٹین بھی شو کا حصہ ہوں گے نیز پاک آرمی اور نیوی کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لینگے۔

 

 

ایمزٹی وی (سندھ)سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبے کی قسمت کے اہم فیصلے کر لئے گئے ، کابینہ نے قومی احتساب بل پرگورنر سندھ کے اعتراض پر واپسی کے بعد سندھ اسمبلی میں دوبارہ بحث کے لئے منظورکرنے ، ملازمت سے برطرفی آرڈیننس2000ختم کرنے ،سندھ فرانزک سائنس ایجنسی ایکٹ 2017پر بحث اور لیب قائم کرنے کی منظور ی دے دی ہے
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن میں قومی احتساب بل پر گورنر سندھ زبیر عمر نے اعتراضات لگا کر دوبارہ اسمبلی میں بحث کی ہدایت کی تھی جس پر کابینہ میں اس بل پر گفتگو کی گئی اور اسے اسمبلی کے پلیٹ فارم پر دوبارہ بحث کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ کو سندھ کے سیکرٹری داخلہ نے سندھ فرانزک سائنس لیب کی اہمیت پر بریفنگ دی جس پر کابینہ نے سندھ فرانزک سائنس ایجنسی ایکٹ 2017پر بحث اور قیام کی منظور ی دیدی ، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ نے ملازمت سے برطرفی آرڈیننس2000کو ختم کرنے کی منطوری بھی دے دی ہے ۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے قومی احتساب بیورو کے اختیارات کو ختم کرتے ہوئے ترمیمی بل منظور کرکے نیب کے سندھ میں اختیارات ختم کر تے ہوئے بل کو گورنر سندھ کے پاس منظوری کے لئے بھجوایا تھا جس پر بل پر اعتراضات کی توقع بھی کی جارہی تھی جبکہ اس بل کی منظوری کے بعد سندھ حکومت اور وفاق کے مابین شدید تناؤ پایا جا رہا ہے اور نیب قوانین بارے قومی اسمبلی کی اسٹیرنگ کمیٹی اس بل کو غیر قانونی بھی قرار دے چکی ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )ظفر حجازی کو ایف آئی اے کی ٹیم آج ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کریگی ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے پر گرفتار چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو آج ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں انکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ۔چیئرمین ظفر حجازی کو گزشتہ روز اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے درخواست ضمانت منسوخ ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا ۔
 
ان پر چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ انکے خلاف مقدمہ درج کرایا جا ئے ، سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے ظفر حجازی پر سرکاری ریکارڈ میں جعل سازی کی دفعات پر مشتمل مقدمہ درج کیا تھا جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے راہ داری ضمانت حاصل کر رکھی تھی تاہم کل وہ مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنی ضمانت کو مستقل کرانے کیلئے پیش ہوئے تھے جہاں ضمانت منسوخ ہونے پر انہیں گرفتار کر کے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز منتقل کیا گیا تھا ۔
ان کی گرفتاری کے بعد وفاقی حکومت نے طاہر محمود کو قائم مقام چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طاہر محمود نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ظفر حجازی کے خلاف گواہی بھی دی تھی۔

 

Page 8 of 20